جمعہ : 19 جون 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اقوام متحدہ کے جوہری ادارے نے ایران پر دباؤ بڑھا دیا[/pullquote]

اقوام متحدہ کے نیوکلیئر واچ ڈاگ ادارے نے ایران پر دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے۔ جمعے کے دن ایک قرارداد منظور کی گئی ہے، جس میں تہران حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی ایجنسی برائے جوہری توانائی کے معائنہ کاروں کو ایران کی دو جوہری تنصیبات تک رسائی دی جائے۔ ایران گزشتہ کئی ماہ سے اس عالمی مطالبے کو مسترد کرتا آ رہا ہے۔ سن دو ہزار بارہ کے بعد پہلی مرتبہ اس طرح کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عالمی معائنہ کار یہ جاننا چاہتے ہیں کہ سن دو ہزار کے اوائل میں ان جوہری تنصیبات میں کیا کوئی غیر اعلانیہ جوہری سرگرمی عمل میں آئی تھی۔

[pullquote]شمالی عراق میں ترک فورسز کی تازہ کارروائی[/pullquote]

ترک فورسز نے شمالی عراق میں تازہ فوجی کارروائی کی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ترکی فورسز کی طرف سے فضائی اور زمینی کارروائی کے نتیجے میں ایک چرواہا ہلاک ہو گیا ہے۔ عراق کے خود مختار کرد علاقے کے حکومتی اہلکار احسان شالابی نے بتایا ہے کہ ترک فورسز نے جمعرات کے دن یہ کارروائی برادوست ضلع میں کی۔ بدھ کے دن بھی ترک فوج نے سرحد پار کارروائی کرتے ہوئے کرد باغیوں کو نشانہ بنایا تھا۔ انقرہ حکومت ان باغیوں پر الزام عائد کرتی ہے کہ وہ ترک سرزمین پر حملوں میں ملوث ہیں۔

[pullquote]’روسی صدر پوٹن اپنے امریکی ہم منصب ٹرمپ کو باجے کی طرح نہیں بجا سکتے‘[/pullquote]

روسی صدر دفتر کریملن نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ ولادیمیر پوٹن یہ سمجھتے ہیں کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نے صدر ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر جان بولٹن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوٹن کا خیال ہے کہ وہ ٹرمپ کو اپنی مرضی کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ ایک ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ ’پوٹن سمجھتے ہیں کہ وہ ٹرمپ کو باجے کی طرح بجا سکتے ہیں‘۔ کئی حلقے ایسے الزامات بھی عائد کرتے ہیں کہ گزشتہ امریکی انتخابات میں روس اثر انداز ہوا تھا۔

[pullquote]چین نے دس بھارتی فوجیوں کو رہا کر دیا[/pullquote]

چین نے دس بھارتی فوجیوں کو رہا کر دیا ہے۔ ان بھارتی فوجیوں کو منگل کے دن لداخ کی وادی گلوان میں ہوئی جھڑپ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ اس خونریز جھڑپ کے نتیجے میں بیس بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ جمعے کے دن بھارتی حکام نے تصدیق کی کہ مذاکرات ادوار کے بعد جمعرات کی رات کو بیجنگ حکومت نے قیدی بنائے گئے دس بھارتی فوجیوں کو آزاد کر دیا۔ لداخ کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر دونوں ممالک کے مابین گزشتہ کئی ہفتوں سے کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریائی وزیر برائے انضمام مستعفی[/pullquote]

جنوبی کوریائی صدر نے خصوصی مشیر برائے شمالی کوریا کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ شمالی کوریا کی طرف سے رابطہ دفتر تباہ اور امریکا سے جاری مذاکرات ختم کرنے کے بعد کم یون چُل کو ان کے عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔ انہیں گزشتہ برس انضمام کا خصوصی وزیر تعینات کیا گیا تھا تاہم صورتحال میں ابتری کے بعد چُل نے کہا کہ وہ مزید یہ ذمہ داریاں نبھانے سے قاصر ہیں۔ اس پیش رفت کو جزیرہ نما کوریا میں قیام امن کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد پچاسی لاکھ سے متجاوز[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد پچاسی لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کی طرف سے جمع کردہ تازہ اعدادوشمار کے مطابق دسمبر سن دو ہزار انیس میں پھیلنے والی اس وبا کے نتیجے میں ساڑھے چار لاکھ افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ چینی شہر ووہان سے پھیلنے والا یہ وائرس اب تک دو سو دس ممالک اور علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں امریکا، برازیل اور روس کے علاوہ بھارت بھی شامل ہے۔ ابھی تک اس وائرس کا مقابلہ کرنے کی خاطر کوئی ویکسین یا دوا تیار نہیں کی جا سکی ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس، مسیحیوں کے مقابلے میں دیگر مذاہب کے افراد کی شرح اموات زیادہ ہے[/pullquote]

برطانیہ میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہوئی ہلاکتوں کے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق مسیحیوں اور لادین افراد کے مقابلے میں مسلمانوں، یہودیوں، ہندوؤں اور سکھوں کی شرح اموات زیادہ ہے۔ برطانوی دفتر شماریات کی طرف سے جمعے کو جاری کردہ ان اعدادوشمار میں یہ بات بھی واضح ہوئی ہے کہ سفید فاموں کے مقابلے میں دیگر نسلی گروہ سے تعلق رکھنے والے افراد میں کووڈ انیس میں مبتلا ہونے کے خدشات زیادہ ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق سیاہ فاموں کے اس بیماری میں مبتلا ہونے کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

[pullquote]چین میں دو کنییڈین پر جاسوسی کی فرد جرم عائد[/pullquote]

چین نے دو کینیڈین شہریوں کے خلاف باضابطہ طور پر جاسوسی کی فرد جرم عائد کر دی ہے۔ جمعے کے دن سپریم پیپلز پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ سابق سفارت کار مائیکل کورگ اور بزنس مین مائیکل سپاور کے خلاف ملکی راز چرانے کے الزام میں قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ چین اور کینیڈا کے مابین کشیدگی پیدا ہونے کے بعد اٹھارہ ماہ قبل ان دونوں کو بیجنگ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ چین نے یہ گرفتاریاں کینیڈا میں چینی کمپنی ہواوے کی اعلیٰ خاتون افسر مینگ وان ژو کی گرفتاری کے بعد جوابی ردعمل کے طور پر کی تھی۔

[pullquote]بھارت میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلتا ہوا[/pullquote]

بھارت میں ایک دن میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکام نے جمعے کے دن بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیرہ ہزار پانچ سو چھیاسی افراد میں اس مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ یوں بھارت میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ اسی ہزار پانچ سو سے زائد ہو گئی ہے۔ بھارت میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے بارہ ہزار سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ اس وبا سے سب زیادہ متاثرہ ممالک میں بھارت کا نمبر چوتھا بنتا ہے۔

[pullquote]برلن میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 504 نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں، یوں اس ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد ایک لاکھ اٹھاسی ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ نئی سولہ ہلاکتوں کے ساتھ مجموعی طور پر مرنے والے افراد کی تعداد آٹھ ہزار آٹھ سو بہتر بتائی جا رہی ہے۔ ادھر ملکی دارالحکومت برلن کے پسماندہ علاقے میں کووڈ انیس کے تیزی سے پھیلنے کی اطلاع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نوئے کولون ڈسٹرکٹ میں 369 گھرانے قرنطینہ میں ہیں جبکہ ستر افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ برلن کے اس علاقے میں زیادہ تر کم آمدنی والے اور تارکین وطن پس منظر کے حامل افراد رہتے ہیں۔

[pullquote]نیوزی لینڈ میں پولیس پر فائرنگ، ایک آفیسر ہلاک[/pullquote]

نیوزی لینڈ میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔ حکام نے آج جمعے کی صبح بتایا کہ آک لینڈ میں یہ حملہ اس وقت کیا گیا، جب ان افسران نے ایک کار کو روکنے کا کہا تو ایک شخص نے فائرنگ کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ اس کار میں دو افراد سوار تھے، جو پولیس پر حملے کے بعد فرار ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے اور جائے وقوعہ کے قریب واقع ایک گھر پر چھاپہ بھی مارا ہے۔ تاہم ابھی تک کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔

[pullquote]شام میں امداد کے لیے اقوام متحدہ کی ایک قرارداد تیار[/pullquote]

اقوام متحدہ کی ایک قرارداد میں شامی جنگ سے تباہ حال شہریوں کے لیے امداد فراہم کرنے کی سفارش کی جا رہی ہے۔ یہ قرار داد بیلجیئم اور جرمنی کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ان امدادی کاموں کے لیے عراق کی سرحد پر واقع ایک چیک پوائنٹ جبکہ ترکی کی سرحد سے متصل دو گزر گاہوں کو استعمال کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت بالخصوص باغیوں کے زیر قبضہ شمالی شامی علاقوں میں محصور شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے شام میں بھی صورتحال خراب ہے۔ عالمی اداروں کی کوشش ہے کہ متاثرہ علاقوں میں طبی اور بنیادی امدادی سامان پہنچایا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے