حکومت اور کالعدم تنظیم کے معاہدے کے بعد لاہور سے پنڈی کے درمیان دریائے جہلم کے پلوں سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
سرائے عالمگیر اور جہلم کے درمیان ٹریفک بحال ہو گئی ہے تاہم وزیر آباد اور گجرات کے درمیان چناب کا پل بدستور بند ہے۔
وزیر آباد، گجرات اور گوجرانوالا میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے، کالعدم تنظیم ٹی ایل پی کے مظاہرین آج پانچویں روز بھی وزیر آباد میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنان کی جانب سے دیے جانے والے دھرنے کے سبب گوجرانوالا اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج رہا۔
حکومت سے معاہدے کے بعد مظاہرین نے سامان باندھ لیا ہے اور واپس اپنے شہروں کی جانب روانگی کی تیاری کررہے ہیں۔
[pullquote]ریلوے نے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث معطل ٹرینوں کا شیڈول بحال کردیا[/pullquote]
لاہور: پاکستان ریلویز نے کالعدم تنظیم کے احتجاج کے باعث معطل کی گئی ٹرینوں کا شیڈول بحال کردیا۔
ترجمان ریلویز کےمطابق پشاور اور راولپنڈی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کاشیڈول آج سے بحال کردیا گیا ہے جس کے بعد پشاور سےکراچی اورکراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل اپنے مقررہ روٹ پر سفر کریں گی۔
پاکستان ریلویز کا بتانا ہے کہ راول ایکسپریس راولپنڈی اور لاہور دونوں اطراف سے رات ساڑھے 12 بجے شیڈول کے مطابق روانہ ہوگی، اسی طرح آج صبح سےتمام ٹرینیں متبادل روٹ کی بجائے معمول کے مطابق مقررہ روٹ پر روانہ ہوں گی۔