آئی سی آرسی کے تحت ہونے والا مقابلہِ مصوری کے نتائج کا اعلان

اسلام آباد : انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے تحت "انسانیت” کے عنوان سے ہونے والے مقابلہ مصوری کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ آرٹسٹوں اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ انسانیت کی جیت کا جشن منایا جائے۔


آئی سی آر سی کے پاس مقابلے کے لیے مصوری کے 7 سو سے زائد نمونوں کا اندراج ہوا۔ مقابلے میں پہلا انعام ثنا نظام نے، دوسرا انعام ایم حسین نے، تیسرا انعام محمد مزمل خان اور چوتھا اعزازی انعام جویریہ حنیف نے حاصل کیا۔ مقابلہ جیتنے والے چاروں مصوروں کو بالترتیب 2 لاکھ 50 ہزار، 2 لاکھ 20 ہزار، 2 لاکھ اور 50 ہزار روپے کی انعامی رقم دی جائیں گی۔

آئی سی آر سی کی کمیونیکیشن ہیڈ فضہ بنگش نے کہا، آج جب دنیا ایک بڑی عالمی وبا سے نکل آئی ہے، تو یہ بات ہر بات سے زیادہ اہمیت اختیار کرچکی ہے کہ انسانیت کی معجزاتی طاقت کو سراہا جائے۔ آرٹ بیٹ مقابلہ مصوری در اصل انسانی ہمدردی کے بنیادی اصولوں کو آگے بڑھانے کی ہی ایک کوشش ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ 7 سو زائد تخلیق ہونے والی مصوری کی صورت میں انسانیت کی یہ آواز جگہ جگہ سنائی دے رہی ہے۔

آئی سی آر سی نے ملکی سطح کے مقابلہ مصوری کا اعلان بیس سال سے زائد کے افراد کے لیے مورخہ 5 اگست 2021 کو کیا تھا۔ موصول ہونے والی تخلیقات کی درجہ بندی کے لیے پاکستان کے معروف مصوروں پروفیسر عرفان گل اور پروفیسر علی کاظم کی خدمات حاصل کی گئیں۔

انسانی ہمدردی آئی سی آر سی کی سرگرمیوں کی بنیاد ہے۔ پاکستان میں آئی سی آر سی مقامی حکام اور اداروں کے ساتھ مل کر جسمانی بحالی، خاندانی روابط کی بحالی، بین الاقوامی قانونِ انسانیت اور فارنزک کے شعبے میں ضرورت مند طبقوں کو مدد فراہم کرتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے