ہفتہ : 11 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا، طوفانی جھکڑوں کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]

طوفانی جھکڑوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی کی وجہ سے کینٹکی اور دیگر امریکی ریاستوں میں کم از کم پچاس افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ کینٹکی کے گورنر کے مطابق شمالی علاقوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق جمعے کی رات اور ہفتے کی صبح ٹورناڈوز نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

[pullquote]افغانستان کو 280 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے پر اتفاق[/pullquote]

عالمی بینک کے مطابق بین الاقوامی عطیہ دہندگان نے افغانستان کو 280 ملین ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ ایک منجمد ٹرسٹ کے فنڈز سے یہ امداد ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف اے) اور بچوں کی فلاح و بہود کے ادارے یونیسیف کو منتقل کی جائے گی۔ افغانستان کو اس وقت شدید قحط اور معاشی بحران کا سامنا ہے اور اسے فوری امداد کی ضرورت ہے۔ بین لاقوامی برادری طالبان حکومت کو براہ راست مالی امداد فراہم کرنے کی بجائے ان امدادی اداروں پر انحصار کر رہی ہے، جنہیں طالبان نے ملک میں کام کرنے کی اجازت فراہم کی ہے۔

[pullquote]جی سیون ممالک روس کے خلاف متحد ہو جائیں، برطانیہ[/pullquote]

دنیا کے سات امیرترین جمہوری ممالک ہفتے کے روز یوکرائن تنازعے کے حوالے سے روس کے خلاف ایک مشترکہ موقف اپنانے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔ میزبان ملک برطانیہ نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جی سیون ممالک کو روس کے خلاف متحد ہو جانا چاہیے۔ جی سیون ممالک میں امریکا، فرانس، اٹلی، جرمنی، جاپان، کینیڈا اور برطانیہ شامل ہیں۔ ان ممالک کو خدشہ ہے کہ روس یوکرائن میں فوجی مداخلت کر سکتا ہے۔ دوسری جانب ماسکو حکومت ایسے خدشات کو بے بنیاد قرار دیتی ہے۔

[pullquote]اومیکرون ویریئنٹ برطانیہ میں تیزی سے پھیلتا ہوا[/pullquote]

کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون برطانیہ میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ برٹش منسٹر مائیکل گوو کے مطابق دارالحکومت لندن میں 30 فیصد بیماروں میں اس کا پتہ چل چکا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اومیکرون دسمبر کے وسط تک برطانیہ میں سب سے زیادہ پایا جانے والا وائرس بن سکتا ہے۔ سکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا اسٹروجن نے برطانیہ میں ’’انفیکشن کے سونامی‘‘ سے خبردار کیا ہے۔ اس ملک میں نئے کورونا مریضوں کی تعداد گیارہ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ صرف جمعے کے روز اٹھاون ہزار سے زائد کیس رپورٹ کیے گئے ہیں۔

[pullquote]لبنان، فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں دھماکا[/pullquote]

لبنان کے فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ لبنانی فوج کی معلومات کے مطابق یہ دھماکا صور شہر کے قریب برج الشمالی کیمپ میں فلسطینی تنظیم حماس کے ہتھیاروں کے ڈپو میں ہوا۔ ابھی تک زخمیوں کی صحیح تعداد سامنے نہیں آئی ہے۔ اندازوں کے مطابق یہ دھماکا آگ لگنے سے ہوا ہے۔ دوسری جانب ایک فلسطینی اہلکار نے کیمپ میں اسلحہ اور گولہ بارود کی موجودگی کی تردید کی ہے۔ کہا گیا ہے کہ متاثرہ ڈپو میں گیس اور آکسیجن کی بوتلیں رکھی گئی تھیں۔

[pullquote]چین، شمالی کوریا اور میانمار کے خلاف نئی امریکی پابندیاں[/pullquote]

امریکا نے چین، شمالی کوریا اور میانمار پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ دو سرکردہ سیاستدانوں اور ایک کمپنی کو چینی صوبے سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر یہ سزا دی گئی ہے۔ ایغور مسلمانوں کے نیم خود مختار علاقے سینکیانگ کے موجودہ گورنر اور ان کے پیشرو کے خلاف یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان دونوں افراد کے دور حکومت میں 10 لاکھ سے زیادہ ایغور اور دیگر مسلم اقلیتوں کے ارکان گرفتار کیا گیا۔ دوسری جانب چین ایسے تمام تر الزامات کو سیاسی قرار دے کر مسترد کرتا ہے۔

[pullquote]1992 کے بعد جرمنی میں مہنگائی کی بلند ترین شرح[/pullquote]

جرمنی میں سن 1992 کے بعد مہنگائی کی شرح اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ایندھن اور ہیٹنگ کی بلند قیمتوں نے تقریباً تین دہائیوں میں پہلی بار نومبر میں جرمن افراط زر کی شرح کو پانچ فیصد سے اوپر دھکیل دیا ہے۔ وفاقی شماریاتی دفتر کے مطابق اشیا اور خدمات کی قیمتوں میں گزشتہ ایک سال کے مقابلے میں 5.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تاہم زیادہ تر ماہرین کا خیال ہے کہ افراط زر کی یہ شرح اب اپنے عروج پر ہے اور آئندہ مہینوں میں اس میں کمی واقع ہو گی۔ حالیہ چند روز سے جرمنی میں تیل کی قیمتوں میں بتدریج کمی آنا شروع ہو گی ہے۔

[pullquote]نومتخب جرمن چانسلر کی امریکی صدر بائیڈن کے ساتھ پہلی فون کال[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ اپنی پہلی فون کال کی ہے۔ چانسلر آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بات چیت میں جرمنی اور امریکا کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا ہے جبکہ صدر بائیڈن نے شولس کو چانسلر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔ امریکی صدارتی دفتر کے مطابق دونوں سیاستدانوں نے وبائی امراض کے خاتمے، موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑنے اور یوکرائنی سرحد پر روسی افواج کی تعیناتی جیسے اہم مسائل پر بات چیت کی ہے۔

[pullquote]بوسنیا کے سربوں کا آزادی کے حق میں ووٹ[/pullquote]

بوسنیا ہرزیگووینا کے سرب حصے والے پارلیمان نے مرکزی حکومت سے آزادی حاصل کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ بوسنیائی سرب رہنما میلوراڈ ڈوڈک نے اراکین پارلیمان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریپبلیکا سرپسکا کی آزادی کا لمحہ ہے۔ اس طرح ری پبلک سرپِسکا بوسنیا کی مسلح افواج، عدلیہ اور ٹیکس نظام سے دستبرداری حاصل کر سکتی ہے۔ منظور کی گئی قرارداد کے مطابق آئندہ چھ ماہ میں سرپسکا میں نئے قوانین متعارف کروائے جائیں گے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس طرح مقامی سرب اور مرکزی بوسنیا ہرزیگووینا کی حکومت میں تنازعہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے