پیر : 13 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اومیکرون ایک ’بہت بڑا‘ عالمی خطرہ ہے، عالمی ادارہ صحت[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ شکل اومیکرون دنیا کے 60 سے زائد ممالک میں پہنچ چکی ہے اور یہ بہت بڑا عالمی خطرہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق اس طرح کے بعض شواہد ملے ہیں کہ ویکسین کا تحفظ بھی اس کے خلاف کام نہیں کرتا تاہم اس کی شدت کے حوالے سے کلینکل ڈیٹا ابھی تک محدود ہے۔ اس عالمی ادارے کی طرف سے جاری کردہ تیکنیکی معلومات کے مطابق جنوبی افریقہ میں ایسے افراد کے اومیکرون سے متاثر ہونے افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے جو پہلے سے ویکسین لگوا چکے ہیں تاہم اس بارے میں مزید معلومات آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔

[pullquote]سعودی عرب اور ایران کے درمیان سکیورٹی مذاکرات عمان میں ہوئے، اردنی نیوز ایجنسی[/pullquote]

سعودی عرب اور ایران کے درمیان سکیورٹی ڈائیلاگ کا ایک مرحلہ اردن کے دارالحکومت عمان میں منعقد ہوا ہے۔ اردن کی نیوز ایجنسی پیٹرا نے کہا ہے کہ ماہرین کی سطح کی یہ ملاقات عرب انسٹیٹیوٹ فار سکیورٹی اسٹڈیز میں ہوئی جس میں اعتماد سازی اور خاص طور پر ایران کے جوہری پروگرام جیسے معاملات پر بات ہوئی۔ نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مذاکرات آج پیر کے روز ختم ہوئے ہیں تاہم اس بارے میں ایران اور سعودی عرب کی طرف سے ابھی تک کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔

[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم کا دورہ متحدہ عرب امارات[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن سعید النہیان سے ملاقات کی ہے۔ وہ پیر کے روز متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظہبی پہنچے ہیں۔ وہ پہلے اسرائیلی وزیراعظم ہیں جو اس خلیجی ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔ نیفتالی بینیٹ نے اس ملاقات سے قبل کہا تھا اس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری کے علاوہ اقتصادی اور علاقائی مسائل پر بات چیت ہو گی۔ متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برس اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔

[pullquote]ڈالر کے مقابلے میں ترکش لیرا کی نئی کم ترین قیمت[/pullquote]

ترکی کی کرنسی لیرا امریکی ڈالر کے مقابلے میں نئی کم ترین قیمت پر پہنچ گئی ہے۔ آج پیر کے روز اس کی قدر میں سات فیصد تک کی کمی ہوئی اور یہ ایک ڈالر کے مقابلے میں قریب 15 لیرا تک پہنچ گیا۔ ترکی میں صدر رجب طیب ایردوآن کی معاشی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کیا جا رہا ہے جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ جمعرات کے روز شرح سود میں مزید کمی کر دی جائے گی۔ خیال رہے کہ ایک ڈالر کے مقابلے میں 14.99 لیرا کے بعد گزشتہ ایک برس میں لیرا ڈالر کے مقابلے میں اپنی نصف قدر کھو چکا ہے۔

[pullquote]امریکا میں طوفانی جھکڑوں میں درجنوں ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]

امریکا میں انتہائی طاقتور طوفانی جھکڑوں کے گزر جانے کے بعد اس سے ہونے والی تباہی کا مکمل اندازہ ابھی تک نہیں لگایا جا سکا ہے۔ امریکی ریاست کینٹکی کے گورنر اینڈی بشیر کے مطابق وہ ’ایک معجزے‘ کے لیے پر امید ہیں کہ ہلاکتوں کی تعداد توقع سے کم ہو گی۔ ان کا اندازہ ہے کہ صرف انہی کی ریاست میں درجنوں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ دوسری طرف مے فیلڈ میں موم بتیاں بنانے والے ایک کارخانے کی تباہی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد اب کم کر کے آٹھ بتائی گئی ہے۔ آٹھ دیگر ملازمین ابھی تک لاپتہ ہیں۔

[pullquote]پولینڈ اور جرمنی کے درمیان ’نئے باب‘ کا آغاز[/pullquote]

نئے جرمن چانسلر اولاف شولس کے اولین دورہ پولینڈ کے موقع پر دونوں حکومتوں کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات واضح ہو گئے ہیں، خاص طور پر پولینڈ میں قانون کی حکمرانی اور یورپی یونین کے مستقبل کے معاملے پر۔ جرمن چانسلر شولس اور پولینڈ کے وزیر اعظم میتیوش موراوسکی نے وارسا میں اتوار کی شام ملاقات کے بعد دونوں ممالک کی دوستی کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ برلن میں نئی حکومت کے تناظر میں موراوسکی نے اسے باہمی تعلقات میں ’نیا باب‘ قرار دیا۔

[pullquote]جوہری مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے[/pullquote]

ایران نے اپنے جوہری پروگرام کے حوالے سے بین الاقوامی معاہدے پر مذاکرات پر پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔ ایران کے اعلیٰ ترین مذاکرات کار علی باقری کے مطابق ایران ایجنڈا کے نکات پر اتفاق کرنے والا ہے۔ انہوں نے اسے ایک مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر تو بات چیت کے لیے موضوعات پر اتفاق ہی نہیں ہو سکا تھا۔ دوسری طرف ویک اینڈ پر برطانیہ میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے اختتام پر کہا گیا کہ ویانا میں ہونے والے مذاکرات ایران کے لیے آخری موقع ہے کہ وہ جوہری معاہدے کی بحالی کے معاملے کو سنجیدگی سے لے۔

[pullquote]لبنان: فلسطینی کیمپ میں حماس کے تین کارکنوں کا قتل[/pullquote]

فلسطین کی عسکریت پسند تنظیم حماس کے مطابق گزشتہ روز جنوبی لبنان میں واقع فلسطینی پناہ گزین کیمپ میں جنازے کے جلوس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں اس کے تین ارکان ہلاک ہو گئے۔ حماس نے اس کی ذمہ داری حریف جماعت الفتح پر عائد کی ہے۔ تاہم الفتح نے حماس کے ان الزامات کو مسترد کر دیا۔ لبنان کی فوج نے جنازے کے دوران فائرنگ کے سلسلے میں ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار بھی کیا ہے۔

[pullquote]اومیکرون ’غیر معمولی رفتار‘ سے پھیل رہا ہے، برطانوی وزیر اعطم[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا نیا ویریئنٹ اومیکرون غیر معمولی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اسی تناظر میں انہوں نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس سال کے اختتام تک کووڈ ویکسین کی ایک اضافی خوراک یا بوسٹر ڈوز لگوائیں، لیکن اس صورت میں جب ویکسینین کی تکمیل کو تین ماہ گزر چکے ہوں۔ برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے کہا ہے کہ لندن میں سامنے آنے والے نئے کورونا کیسز میں قریب 40 فیصد اومیکرون سے متاثرہ ہیں۔ تاہم انہوں نے ان کیسز کی تعداد نہیں بتائی۔

[pullquote]جرمنی: ماحولیاتی بحران سے نمٹنے اور ملک کو جدید بنانے کے لیے 60 بلین یورو مختص[/pullquote]

جرمن حکومت نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ملک کو جدید بنانے کے لیے 60 بلین یورو کی رقم مختص کی ہے۔ جرمنی کے نئے وزیر خزانہ کرسٹیان لِنڈلر نے اسے یورپ کی اس سب سے معیشت کے لیے ایک بڑا محرک قرار دیا ہے۔ جرمنی کے نئے چانسلر اولاف شولس کی کابینہ نے ثانوی بجٹ کی منظوری دی ہے۔ کرسٹیان لنڈلر کے مطابق اس مقصد کے لیے نئے قرضے نہیں لیے جائیں گے بلکہ موجودہ قرضوں کی حد سے ہی یہ رقم استعمال کی جائے گی۔ کابینہ نے الیکٹرک گاڑیوں کے لیے دی جانے والی سبسڈی کی مدت بھی اگلے سال کے آخر تک بڑھا دی ہے۔ یہ مدت اس سال کے آخر میں ختم ہو رہی تھی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے