منگل : 02 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سعودی شوریٰ کونسل نے قومی پرچم کے قانون میں ترمیم کی منظوری دیدی[/pullquote]

سعودی عرب کی شوریٰ کونسل نے قومی پرچم، قومی نشان اور قومی ترانےکےقانون میں ترمیم کےمسودے کوکثرت رائےسےمنظورکرلیا,اس ترمیم کا مقصد کلمے والےسبز پرچم، ریاست کے قومی نشان اورترانے کی اہمیت کے بارے میں آگاہی میں اضافہ کرنا ہےاورقومی پرچم کو بے حرمتی اور نظرانداز کیے جانے سے روکنا ہے.

[pullquote]حوثی باغیوں کے حملے، امریکا اپنے بحری جنگی جہاز متحدہ عرب امارات کی حفاظت کے لیے بھیجے گا[/pullquote]

یمنی باغیوں کے میزائل حملوں کے تناظر میں امریکا اپنا میزائل شکن بحری جنگی جہاز اور جدید ترین لڑاکا طیارے متحدہ عرب امارات کے تحفظ کے لیے بھیجے گا۔ یہ بات ایک امریکی بیان میں کہی گئی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ’یو اے ای کو موجودہ خطرے میں مدد‘ کا یہ فیصلہ اماراتی ولی عہد محمد بن زاید النہیان اور امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کے درمیان ایک ٹیلی فون کال کے دوران ہوا۔ سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے رکن متحدہ عرب امارات پر گزشتہ ماہ تین میزائل حملے ہوئے جن میں سے ایک میں تین تیل کے کارکن ہلاک ہوگئے تھے۔

[pullquote]افغانستان: طالبان جنگجوؤں کے پارکوں میں اسلحہ لیجانے پر پابندی عائد[/pullquote]

کابل: طالبان نے اپنے جنگجوؤں کے تفریحی پارکوں میں اسلحہ لے کر جانے پر پابندی لگادی۔ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ طالبان جنگجوؤں کو تفریحی پارکوں میں اسلحہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی جب کہ تفریحی پارکوں میں فوجی یونیفارم اور فوجی گاڑیاں لےجانےکی اجازت بھی نہیں۔ترجمان طالبان نے کہاکہ طالبان جنگجو تفریحی پارکوں کے تمام اصول قوانین پر عمل کرنےکے پابند ہوں گے۔ْ

[pullquote]امریکا: 2 تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات، طالبعلم سمیت 3 افراد ہلاک[/pullquote]

امریکا کےدو تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے واقعات میں دو سکیورٹی گارڈز اور ایک طالبعلم سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔امریکی ریاست ورجینیا کے کالج میں مسلح حملہ آور نے فائرنگ کرکےکالج کے دو سیفٹی آفیسرز کو ہلاک کر دیا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر مسلح شخص کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب ریاست منی سوٹا کے اسکول میں فائرنگ سے ایک طالب علم ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نےفرار ہونے والے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]طویل آسمانی بجلی کا نیا عالمی ریکارڈ بن گیا[/pullquote]

2020 میں تقریباً 500 میل لمبی بجلی کی چمک نے تین امریکی ریاستوں میں آسمان کو جگمگا دیا تھا۔ سال 2020 میں بولٹ نے کُل 477 اعشاریہ 2 میل (768 کلومیٹر) کا فاصلہ طے کیا اور بجلی کی یہ چمک مسیسیپی، لوزیانا اور ٹیکساس کی ریاستوں تک گئی تھی۔2020 میں ریکارڈ کی گئی ایک اور بجلی کی چمک نے بھی نیا ریکارڈ قائم کیا، یوراگوئے اور ارجنٹائن میں بجلی کی چمک 17 اعشاریہ ایک سیکنڈ کے دورانیے کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا، پچھلا ریکارڈ 16اعشاریہ سات سیکنڈ کا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں یونیورسٹیاں کھل گئیں[/pullquote]

طالبان کی طرف سے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ملک میں بعض سرکاری یونیورسٹیاں آج پہلی مرتبہ کھل گئی ہیں۔ طالبات نے بھی بڑی تعداد میں کلاسوں میں حصہ لیا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ کلاس رومز کو صنف کی بنیاد پر تقسیم کر دیا جائے گا۔ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد زیادہ تر سرکاری یونیورسٹیاں اور سیکنڈری اسکول بند کر دیے گئے تھے جس سے یہ خدشات پیدا ہوئے تھے کہ خواتین کو ملک میں تعلیم سے محروم کر دیا جائے گا۔ 1996ء سے 2001ء تک جاری رہنے والے طالبان کے سابق دور حکومت میں خواتین کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

[pullquote]یورو استعمال کرنے والے ممالک میں مہنگائی نئی بلند ترین سطح پر[/pullquote]

یورپی سنٹرل بینک کے مطابق یورپی ممالک میں مسلسل تیسرے مہینے مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ گیس اور تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔ یورپی یونین کی شماریاتی ایجنسی کے مطابق یورو کرنسی استعمال کرنے والے 19 ممالک میں گزشتہ برس جنوری کے مقابلے میں رواں برس جنوری میں قیمتوں میں 5.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ دسمبر میں بھی ریکارڈ اضافہ پانچ فیصد تھا جبکہ نومبر میں یہ اضافہ 4.9 فیصد تھا۔ 1997ء کے بعد سے، جب اس ادارے نے اعداد وشمار جمع کرنے کا عمل شروع کیا تھا، گزشتہ تین مہنوں کے دوران مہنگائی میں یہ سب سے زیادہ اضافہ تھا۔

[pullquote]عراق اور شام میں کرد عسکریت پسندوں کے اہداف کو نشانہ بنایا ہے، ترک وزارت دفاع[/pullquote]

ترک جنگی جہازوں نے عراق اور شام کے شمالی حصے میں کرد عسکریت پسندوں کے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق ان حملوں میں عسکریت پسندوں کے تربیتی مراکز، شیلٹرز اور اسلحے کے گوداموں کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ فضائی حملے ترکی کی طرف سے کردستان ورکرز پارٹی اور سیریئن کردش ملیشیا کے عسکریت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کا حصہ ہیں۔ ترکی ان دونوں کو دہشت گرد گروپ قرار دیتا ہے۔ ترک وزیر دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں میں بہت سے عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

[pullquote]اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف ’نسلی عصبیت‘ اپنائے ہوئے ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں اسرائیل پر فلسطینیوں کے خلاف ’نسلی عصبیت‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے گزشتہ روز جاری کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل اپنے کنٹرول والے تمام فلسطینی علاقوں کو ’الگ تھلگ رکھنے، بے دخل کرنے اور مرکزی معاشرتی دھارے میں شامل نہ کرنےکی‘ جن پالیسیوں پر عمل پیرا ہے وہ ’اپارتھائیڈ‘ یعنی نسل پرستی کی بنیاد پر تفریق برتنے کی بین الاقوامی تعریف پر پورا اترتی ہیں۔ اسرائیل نے اس رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’سامیت دشمنی کی آگ پر ایندھن ڈالنے‘ کے مترادف قرار دیا ہے۔

[pullquote]مغرب نے روسی سکیورٹی تحفظات کو نظر انداز کر دیا ہے، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے مغرب نے سکیورٹی کے حوالے سے ماسکو کے تحفظات کو نظر انداز کر دیا ہے۔ ہنگری کے وزیر اعظم وکٹور اوربان سے بات چیت کے بعد یوکرائنی بحران کے تناظر میں پوٹن نے کہا کہ اس کا حل تلاش کرنا آسان نہیں ہو گا۔ تاہم انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ وہ مغرب کے ساتھ مزید بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ اوربان نے اس موقع پر کہا کہ مغرب اور ماسکو کے درمیان حقیقی اختلافات موجود ہیں تاہم ان کو حل کرنا ممکن ہے۔ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرائن کی سرحد پر ایک لاکھ سے زائد فوجی تعینات کر رکھے ہیں اور یہ کہ ماسکو یوکرائن پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

[pullquote]ایکواڈور میں لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں درجنوں ہلاکتیں[/pullquote]

ایکواڈور میں گزشتہ دو دہائیوں کی شدید ترین بارشوں کے سبب سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دارالحکومت کوئیٹو کے ایک غریب علاقے میں کئی گھر اور گاڑیاں مڈ سلائیڈنگ کی زد میں آئیں۔ اس کے علاوہ کھیلوں کا ایک مرکز بھی کیچڑ کے سیلاب میں بہہ گیا جہاں والی بال کے کھلاڑی پریکٹس کر رہے تھے۔ متاثرہ علاقوں کے زیادہ تر رہائشیوں کو حفاظتی مراکز میں پناہ لینی پڑی۔ ایکواڈور کے صدر گیلیئرمو لاسو نے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

[pullquote]ناروے: نیو نازی بریوِک کی رہائی کی درخواست مسترد[/pullquote]

ناروے کی ایک عدالت نے آندرس بریوِک کی قبل از وقت رہائی کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔ نیونازی بریوک نے جولائی 2011ء میں ایک کار بم دھماکے اور پھر ایک جزیرے پر فائرنگ کر کے 77 افراد کو قتل کر دیا تھا۔ اسے اس جرم میں ناروے میں ممکنہ طویل ترین یعنی 21 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ تاہم اگر وہ عوامی سلامتی کے لیے خطرہ دکھائی دیتا ہے تو اس کی قید میں اضافہ بھی ممکن ہے۔ آندرس بریوِک نے 10 برس جیل کاٹنے کے بعد پیرول پر قبل از وقت رہائی کی درخواست کی تھی۔ اس نے عدالت میں بیان دیا کہ وہ متشدد نقطہ نظر چھوڑ چکا ہے تاہم اس نے سفید فام بالا دستی کے اظہار کے علاوہ عدالت میں نازی سلیوٹ بھی کیا تھا۔

[pullquote]روس کی طرف سے یوکرائن میں ایکشن لینے کی علامات نہیں پائی جاتیں، فرانسیسی وزیر خارجہ[/pullquote]

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ اس مرحلے پر اس طرح کی کوئی علامات موجود نہیں ہیں جن سے اندازہ ہو کہ روس یوکرائن پر چڑھائی کرنے کو تیار ہے۔ ژاں ایو لودریاں نے یہ بات ایک فرانسیسی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ہے۔ ادھر روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے گزشتہ روز مغرب پر الزام عائد کیا کہ وہ جانتے بوجھتے ایک ایسی صورتحال پیدا کر رہا ہے جس کا مقصد روس کو جنگ میں گھسیٹنا ہے۔ روس نے یوکرائن کی سرحد پر اپنے ہزارہا فوجی تعینات کر رکھے ہیں تاہم اس کا دعویٰ ہے کہ وہ یوکرائن پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے