جمعہ : 11 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں ایک مسجد کے قریب دھماکا، ایک شخص ہلاک[/pullquote]

شمالی افغان صوبے بادغیس میں جمعے کے روز ایک مسجد کے باہر ہوئے دھماکے میں کم ازکم ایک شخص ہلاک جب کہ سات دیگر زخمی ہو گئے۔ طالبان حکام کے مطابق دھماکے کی وجوہات کے تعین کے لیے چھان بین کی جا رہی ہے۔ فی الحال کسی بھی گروہ یا تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ تاہم ماضی میں ایسے واقعات میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی مقامی شاخ ملوث رہی ہے۔

[pullquote]جرمن وزیر خارجہ اردن کے لیے مہاجرین کی مد میں مزید معاونت کی حامی[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے اردن کے لیے بین الاقوامی امداد برائے مہاجرین میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعے کے روز بیئربوک نے اردن کے دارالحکومت عمان میں ایک شامی مہاجر کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کے دنوں میں اردن میں کئی اسکول بند ہوئے جب کہ بعض اسکول تو پچھلے 18 ماہ سے بند ہیں۔ کیمپ انتظامیہ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ جرمنی تعلیم کے شعبے میں معاونت کر سکتا ہے تاکہ بچے دوبارہ اسکول جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اردن کے لیے عالمی امداد نہ صرف جاری رہنا چاہیے بلکہ اس میں اضافہ ہونا چاہیے۔

[pullquote]کووِڈ ٹیسٹ نہ کروانے پر ماکروں کو پوٹن سے فاصلہ اختیار کرنا پڑا[/pullquote]

روس کی جانب سے آج جمعے کے روز کہا گیا کہ صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کے دوران فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کو بہت بڑی میز کے دوسری جانب بٹھانے کی وجہ ماکروں کا کووِڈ ٹیسٹ سے انکار تھا۔ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان اسی ہفتے پیر کے روز ہوئی ملاقات کی فوٹیج میں وہ ایک لمبی میز کے دو سروں پر بیٹھے دکھائی دیے تھے۔ روسی صدر کے ایک ترجمان کے مطابق صدر ماکروں نے کریملن کے طبی عملے کی نگرانی میں کووِڈ ٹیسٹ کرانے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد یہ اقدام کیا گیا۔

[pullquote]جرمنی کی جانب سے بالٹک کی ریاستوں کو حمایت کی یقین دہانی[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس نے بالٹک کی ریاستوں کو جرمن حمایت کا یقین دلایا ہے۔ یوکرائنی بحران کے تناظر میں ایسٹونیا، لیٹویا اور لیتھوانیا کے سربراہانِ مملکت و حکومت برلن میں ہیں۔ اس چار ملکی اجلاس کا مقصد مشرقی یوکرائن کی سرحد کے قریب ہزاروں روسی فوجیوں کی تعیناتی کی وجہ سے پیدا شدہ بحرانی صورت حال اور خدشات کے تناظر میں گفت و شنید تھا۔ چانسلر شولس نے اس ملاقات میں کہا کہ خطہ روسی عسکری تحریک کی وجہ سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے اور ایسے میں تمام نیٹو اتحادی متحد ہیں۔ شولس نے تاہم کہا کہ موجودہ حالات میں اہم کام کشیدگی میں کمی ہو گا۔

[pullquote]بائیڈن نے افغانستان سے انخلا پر امریکی فوجی تنقید کی رپورٹوں کو مسترد کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے ان رپورٹوں کو مسترد کر دیا ہے، جن میں کہا جا رہا تھا کہ امریکی فوج افغانستان سے عسکری انخلا کے انتظامی فیصلے پر خوش نہیں۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ متعدد امریکی فوجی کمانڈر افغانستان سے فوجی انخلا کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کے منصوبے کے ناقد ہیں اور دو دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے سے متعلق انتظامی حکمت عملی کو درست نہیں سمجھتے۔ ایک امریکی ٹی وی چینل سے بات چیت میں صدر بائیڈن نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے حوالے سے کوئی بھی وقت ’اچھا وقت‘ نہیں تھا۔

[pullquote]شام میں امریکی فوجی آپریشن میں شہری ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے، امریکا[/pullquote]

امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے شام میں داعش کے رہنما کے خلاف کیے گئے امریکی فوجی آپریشن کے دوران شہری ہلاکتوں کی تعداد اب تک کے اندازے سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ تاہم ان حکام کے مطابق ان ہلاکتوں کی وجہ عسکریت پسندوں کے خودکش بم دھماکے ہیں، نہ کہ امریکی فوج۔ امریکی اسپیشل فورسز کی جانب سے داعش کے رہنما ابو ابراہیم الہاشمی القریشی کے خلاف حالیہ آپریشن کی تفصیلات جمعرات کے روز بتائی گئیں۔ امریکی فوج کے مطابق ترک سرحد کے قریب ایک گاؤں میں اس آپریشن کے دوران داعش کے لیڈر نے ایک بم دھماکا کیا، جس کے نتیجے میں وہ اور ان کے اہل خانہ مارے گئے۔ اس سے قبل امریکی فوج نے کہا تھا کہ اس دوران ابو ابراہیم، ان کی اہلیہ اور دو بچے بھی ہلاک ہوئے۔ اب تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں اس وقت ممکنہ طور پر مزید افراد بھی موجود ہو سکتے تھے۔

[pullquote]متحدہ عرب امارت میں افغان مہاجرین کی بحالی کے امریکی عمل کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]

متحدہ عرب امارات میں افغان مہاجرین نے اپنی دوبارہ آباد کاری کے امریکی عمل کے خلاف امریکی سفارتی عمارت کے باہر مظاہرہ کیا۔ افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد ہندوکش کی اس ریاست سے ریسکیو کیے گئے یہ افراد ابھی متحدہ عرب امارات میں ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں امریکا میں آباد کیا جائے۔ افغانستان سے نکالے گئے ان افراد کو متحدہ عرب امارات نے عارضی طور پر اپنے ہاں قیام کی اجازت دی تھی۔ تاہم افغانستان سے متحدہ عرب امارات پہنچنے کے چھ ماہ بعد بھی یہ باشندے سخت نگرانی والے مراکز میں مقیم ہیں۔

[pullquote]امریکا میزائل شکن نظام کو بہتر بنانے میں متحدہ عرب امارات کی مدد کرے گا[/pullquote]

امریکا متحدہ عرب امارات کی اس کا میزائل شکن نظام بہتر بنانے میں معاونت کرے گا۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی فوج کی مرکزی کمان کے سربراہ جنرل فرینک میکینزی نے رواں ہفتے ابوظہبی کے دورے کے دوران کہا کہ امریکا تمام ممکنہ طریقوں سے متحدہ عرب امارات کی معاونت کرے گا تاکہ وہ اپنا دفاع کر سکے۔ چند ہفتے قبل یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے متحدہ عرب امارات کو نشانہ بنایا تھا۔ روئٹرز کے مطابق اس سے قبل بھی متحدہ عرب امارات کی جانب سے امریکا سے پیٹریاٹ اور تھاڈ جیسے میزائل شکن نظاموں کے لیے درخواست کی گئی تھی۔

[pullquote]عالمی وبا کے دور میں پہلی بار برلن فلم فیسٹیول میں حاضرین بھی شامل[/pullquote]

جرمنی کی وزیر مملکت برائے ثقافت کلاؤڈیا رَوتھ نے 72 ویں برلن فلم فیسٹیول کے آغاز پر حاضرین سے خطاب کیا۔ عالمی وبا کے دور میں یہ پہلا موقع ہے کہ حاضرین ایک مرتبہ پھر اس فلمی میلے میں شریک ہیں۔ رَوتھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ثقافت کسی بھی جمہوریت کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کو حاوی نہیں ہونے دیا جائے گا کیوں کہ جرمنی کو سینما اور فلم کی ضرورت ہے۔ تاہم یہ بات اہم ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے کچھ ضوابط اس بار بھی اپنائے گئے ہیں، جن کے تحت حاضرین کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے جب کہ سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

[pullquote]رواں برس اسپیس ایکس کا نیا خلائی جہاز زمین کے مدار میں پہنچا دیا جائے گا، ایلون مسک[/pullquote]

ایلون مسک نے اس امید کا اظہار کیا ہےکہ ان کی کمپنی اسپیس ایکس کا نیا خلائی جہاز رواں برس زمین کے مدار میں پہنچا دیا جائے گا۔ اس اسٹارشپ کو چاند اور مریخ کی سیاحت کے لیے استعمال کیا جانا ہے۔ تاہم اسپیس ایکس کے بانی اور ارب پتی شخصیت ایلون مسک کے اس پروجیکٹ کو متعدد تکنیکی اور انتظامی مسائل کا سامنا ہے۔ جمعرات کے روز ٹیکساس میں قائم اس کمپنی کے مرکز سے صحافیوں اور اپنے حامیوں سے خطاب میں ایلون مسک کا کہنا تھا کہ تکنیکی مسائل بہت جلد حل کر لیے جائیں گے۔

[pullquote]سٹار اسکیٹر والی ایوا کو اولمپک مقابلوں میں شرکت کا حق ہے، روسی اولمپک کمیٹی[/pullquote]

روسی اولمپک کمیٹی نے کہا ہے کہ اسکیٹنک کی اسٹار کھلاڑی کامیلا والی ایوا کو بیجنگ میں جاری سرمائی اولمپک مقابلوں میں شرکت کا حق ہے۔ ٹین ایجر والی ایوا ڈوپنگ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہی تھیں۔ روسی اولمپک کمیٹی کے مطابق والی ایوا کو کھیلوں کی انتظامی عدالت کی جانب سے فیصلہ آنے تک ٹریننگ اور مقابلوں میں شرکت سے روکا نہیں جانا چاہیے۔ روسی کمیٹی کے مطابق چوں کہ ان کا ٹیسٹ گیمز سے قبل لیا گیا تھا، اس کا مطلب ہر گز نہیں کہ ان کے گولڈ میڈل بھی خودبہ خود قابل نظرثانی ہو جائیں۔ اس پندرہ سالہ کھلاڑی کا ڈوپنگ ٹیسٹ مثبت آیا تھا، تاہم یہ معاملہ اب کورٹ آف آربیٹریشن فار اسپورٹس میں ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے