ہفتہ : 19 مارچ 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی فوجی طیارہ گرکر تباہ ، 4 اہلکار ہلاک[/pullquote]

اوسلو: ناروےمیں امریکی فوجی طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق ناروے میں گرنے والا امریکی فوجی طیارہ نیٹو فورسز کی تربیتی مشقوں میں شریک تھا۔ جنگی طیارے پر خاتون سمیت امریکی فوج کے 4 اہلکار سوار تھے۔ان مشقوں میں نیٹو اور رکن ممالک کے 30 ہزار کے قریب فوجی شرکت کر رہے ہیں۔ مشقوں میں 200 لڑاکا طیارے اور 50 جنگی جہاز حصہ لے رہے ہیں جو 11 اپریل تک جاری رہیں گے۔

[pullquote]روس فوری طور پر تازہ مذاکرات شروع کرے، یوکرینی صدر[/pullquote]

یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے روس پر زور دیا ہے کہ وہ تاخیر کے بغیر تازہ مذاکراتی عمل شروع کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہی واحد راستہ ہے، جس سے روس اپنی غلطیوں سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کر سکتا ہے۔ روسی جارحیت کی وجہ سے یوکرین میں ہونے والی تباہی پر تاسف کا اظہار کرتے ہوئے زیلنسکی نے مزید کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ ماسکو حکومت یوکرین کی خودمختاری اور سالمیت کو تسلیم کر لے۔ روس اور یوکرین کے مابین مذاکراتی عمل جاری ہے تاہم اس سے جنگ بندی کے حوالے سے ابھی تک کوئی اتفاق رائے نہیں ہو سکا ہے۔

[pullquote]جرمنی گیس کی خریداری کے نئے معاہدوں کے لیے قطر میں[/pullquote]

جرمن وزیر اقتصادیات رابرٹ ہابیک خلیجی ممالک کے دورے کے سلسلے میں آج قطری دارالحکومت دوحہ پہنچ رہے ہیں۔ اس دورے کا مقصد توانائی کے ذرائع کے حصول کی خاطر نئے پارٹنرز تلاش کرنا ہے۔ یوکرین جنگ کی وجہ سے جرمنی گیس کے حصول کے لیے روس پر اپنا انحصار کم کرنا چاہتا ہے۔ ہابیک کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد بھی ہے۔ ہابیک متحدہ عرب امارات بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس دوران خلیجی ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بھی بات کی جائے گی۔

[pullquote]جاپانی وزیر اعظم آج نئی دہلی جائیں گے[/pullquote]

جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا آج بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات میں کئی باہمی سفارتی و تجارتی موضوعات کےعلاوہ یوکرین جنگ پر بھی گفتگو ہو گی۔ بھارت روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں کشیدا نے کہا کہ یوکرین کو بین الاقوامی حمایت درکار ہے اور مودی کے ساتھ اپنی ملاقات میں وہ اس بات پر زور بھی دیں گے۔ ٹوکیو حکومت انڈو پیسفک ریجن میں بھارت کے ساتھ سکیورٹی تعاون بڑھانا چاہتی ہے۔

[pullquote]یروشلم میں چاقو حملہ، پولیس کی جوابی کارروائی[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے ایک ایسے فلسطینی کو گولی مار کر زخمی کر دیا، جس نے یروشلم میں ایک اسرائیلی شخص کو چاقو سے نشانہ بنایا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ یہ واقعہ مغربی یروشلم میں آج ہفتے کو پیش آیا۔ اس چاقو حملے میں اسرائیلی معمولی زخمی ہوا۔ اسرائیل میں فلسطینیوں کی طرف سے ایسے چاقو حملے ماضی میں بھی کیے جا چکے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں خوراک کی قیمتوں کا معاملہ شدید ہوتا ہوا[/pullquote]

اقوام متحدہ کی فوڈ ایجسنی نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین جنگ کہ وجہ سے عالمی اقتصادیات کو نقصان ہو رہا ہے، جس کے بالخصوص غریب اور تنازعات کے شکار ممالک پر شدید اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام کی ترجمان شیلی ٹھاکرال نے بتایا کہ صرف افغانستان میں خوراک کی قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ شیلی نے کہا کہ ان کا ادارہ افغانستان میں گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ایک بلین ڈالر خرچ کر چکا ہے لیکن اسے مزید ڈیڑھ بلین ڈالر کی ضرروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے متعدد غریب ممالک میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔

[pullquote]ناروے میں امریکی جنگی جہاز تباہ، چار افراد مارے گئے[/pullquote]

ناورے میں نیٹو فورسز کی عسکری مشقوں کے دوران ایک امریکی جنگی جہاز تباہ ہونے کے نتیجے میں چار امریکی مارے گئے ہیں۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ اس جنگی جہاز میں سوار چاروں افراد امریکی تھے اور ان میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔ یوکرین میں روسی حملے کے بعد نیٹو اتحاد کی طرف سے فوجی مشقوں کا سلسلہ جاری ہے، جن میں امریکی فوج بھی حصہ لے رہی ہے۔

[pullquote]شامی صدر کا متحدہ عرب امارات کا اہم دورہ[/pullquote]

شامی صدر بشار الاسد نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران ابوظہبی میں ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی ہے۔ شیخ محمد کے مطابق شام ’عرب سکیورٹی کا ایک اہم ستون ہے‘، اس لیے دمشق حکومت کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کیے جائیں گے۔ شام میں سن 2011ء میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے بعد بشار الاسد نے پہلی مرتبہ کسی خلیجی ملک کا دورہ کیا ہے۔ ادھر امریکہ نے اسد کے اس دورے پر تنقید کی ہے۔

[pullquote]یوکرین جنگ سے یمن نظر انداز[/pullquote]

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ یمن کے لیے مالی امداد نہ ملنے کی وجہ سے یہ ملک تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے اس شورش زدہ ملک کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جہاں انسانی بحرانی المیہ ایک نئی نہج کو پہنچ چکا ہے۔ امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ سن دو ہزار چودہ سے جاری اس تنازعے کی وجہ سے انسانی بحرانی المیہ اس وقت شدید ہوا، جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا اور عالمی اداروں کی توجہ وہاں منتقل ہو گئی۔ اقوام متحدہ نے یمنی عوام کی فوری عالمی مدد کا مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]تنزانیہ میں بس حادثہ، 22 افراد ہلاک ہو گئے[/pullquote]

تنزانیہ میں ایک روڈ ایکسیڈنٹ کے نتیجے میں کم ازکم 22 افراد مارے گئے ہیں۔ یہ حادثہ مشرقی تنزانیہ میں اس وقت پیش آیا، جب ایک بس سامنے سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تنزانیہ کے صدارتی دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ 36 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔

[pullquote]جرمنی میں سخت کورونا پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی میں کووڈ انیس کی عالمی وبا کے لیے ملک بھر لگائی گئی پابندیوں کو اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ جرمن پارلیمان میں جمعہ کے روز منظور کیے جانے والے ایک بل کے تحت اب زیادہ تر مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی بھی ختم ہو جائے گی۔ جرمن چانسلر اولاف شولس نے اپنی اس پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ گزشتہ دو برسوں سے عائد یہ پابندیاں ایک ایسے وقت پر اٹھائی گئی ہیں، جب ملک بھر میں کورونا انفیکنشز کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کرسچن ڈویموکریٹک یونین نے اس حکومتی پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پابندیاں کل اتوار کے روز سے ختم ہو رہی ہیں تاہم پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ میں ماسک پہننا لازمی ہو گا۔

[pullquote]چین میں کووڈ سے دو ہلاکتیں[/pullquote]

چین میں ایک برس بعد پہلی مرتبہ کووڈ سے ہونے والی اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق ہفتے کے دن شمال مشرقی جیلین ریجن میں دو افراد کووڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہو گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور کووڈ کے پھیلاؤ کو روکنے کی خاطر سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ جیلین کا ریجن روس اور شمالی کوریا سے متصل ہے۔

[pullquote]ایسٹ ٹیمور میں آج صدارتی انتخابات[/pullquote]

جنوب مشرقی ایشیا کی ریاست ایسٹ تیمور میں آج صدارتی انتخابات کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ ان انتخابات کو جنوب مشرقی ایشیا کے اس کم عمر ترین ملک کی تاریخ کا اہم الیکشن قرار دیا جا رہا ہے۔ اس الیکشن میں سولہ امیدوار میدان میں اترے ہیں۔ ابتدائی نتائج آج شام تک متوقع ہیں جبکہ حتمی نتائج کو مرتب کرنے میں کم از کم ایک ہفتہ درکار ہو گا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے