منگل : 26 اپریل 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت کی معروف سماجی کارکن سبری مالا نے اسلام قبول کرلیا[/pullquote]

مکہ المکرمہ: تامل ناڈو کی معروف سماجی کارکن سبریمالا جیاکنتھن نے اسلام قبول کرلیا جس کا اعلان انہوں نے مکۃ المکرمہ پہنچ کر کیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ان کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں مسجد الحرام میں کعبہ کے سامنے کھڑے دیکھا جاسکتا ہے اور ویڈیو میں انہوں نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا۔بعد ازاں انہوں نے اپنا نام تبدیل کرکے فاطمہ سبریمالا رکھ لیا۔انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک اور تفصیلی ویڈیو بھی جاری کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ’’میں نے خود سے سوال کیا کہ میں مسلمانوں سے اتنی دشمنی کیوں کرتی ہوں اور اس طرح میں نے غیر جانبدار ذہن کے ساتھ قرآن پاک کا مطالعہ شروع کیا‘‘۔ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’’مجھے اس طرح حقیقت کی سمجھ آئی اور اب میں اسلام سے بہت زیادہ پیار کرتی ہوں‘‘۔

[pullquote]اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی روسی صدر سے ملاقات[/pullquote]

روس کی طرف سے یوکرین پر حملے کے دو ماہ بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش آج ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات کا مقصد یوکرین جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا اور یوکرین میں انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے لیے محفوظ راستوں کے قیام کو ممکن بنانا ہے۔ گوٹیرش پہلے روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف سے ملیں گے جس کے بعد وہ کریملن میں روسی صدر سے ملاقات کریں گے۔ روس کے بعد گوٹیرش یوکرین بھی جائیں گے اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پر حال میں اس حوالے سے دباؤ میں اضافہ ہوا کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

[pullquote]جوہری پروگرام کو آگے بڑھانے کی رفتار میں اضافہ کریں گے، کِم جونگ اُن[/pullquote]

شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن نے کہا ہے کہ ان کا ملک جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام کو تیزی سے آگے بڑھائے گا۔ شمالی کوریائی میڈیا کے مطابق انہوں نے یہ بات گزشتہ شام ’کورین پیپلز ریوولوشنری آرمی‘ کے قیام کی 90ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ ملٹری پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ جوہری صلاحیتوں کو ’تیز ترین رفتار‘ کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ اطلاعات کے مطابق اس موقع پر شمالی کوریا کے نئے بین البراعظمی میزائل ’ہوا سونگ 17‘ کی نمائش بھی کی گئی۔ اقوام متحدہ کی طرف سے شمالی کوریا پر جوہری اور میزائل تجربات کرنے پر پابندی عائد ہے۔

[pullquote]ترک اور روسی صدور کی ٹیلیفونک گفتگو[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔ ترک صدر کے دفتر کے مطابق انہوں نے یوکرین اور روس کے درمیان رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والی بات چیت میں ہونے والی ’مثبت پیشرفت‘ کو برقرار رکھنا ضروری قرار دیا ہے۔ ترکی بحیرہ اسود میں روس اور یوکرین کے ساتھ مشترکہ سرحد رکھتا ہے اور اس کے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صدر ایردوآن نے اس بات چیت میں جنگ بندی کے حصول، انسانی بنیادوں پر محفوظ راستوں کے قیام اور لوگوں کو جنگ زدہ علاقوں سے محفوظ طریقے سے نکالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے روسی اور یوکرینی سربراہان کی ملاقات کی میزبانی کی پیشکش بھی دہرائی۔

[pullquote]یوکرینی مہاجرین کی تعداد 80 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے مطابق رواں برس کے اختتام تک یوکرین جنگ کے باعث اپنا ملک چھوڑنے والے یوکرینی باشندوں کی تعداد آٹھ ملین تک پہنچ سکتی ہے۔ ساتھ ہی اقوام متحدہ نے اس جنگ زدہ ملک میں پھنسے لوگوں کے لیے امداد کو دو گنا کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ روس کی طرف سے 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد سے اب تک وہاں سے 5.2 ملین افراد اپنی زندگی بچانے کے لیے اپنا ملک چھوڑ چکے ہیں جس کی وجہ سے یورپ کو دوسری عالمی جنگ کے بعد کے سب سے بڑے مہاجرین کے بحران کا سامنا ہے۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ توہین عدالت کے ذمہ دار قرار[/pullquote]

امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے کاروباری معاملات سے متعلق جاری تحقیقات کے لیے درکار اعداد وشمار فراہم نہ کرنے پر توہین عدالت کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔ نیویارک کے ایک جج کے مطابق جب تک ٹرمپ اس حکم پر عمل نہیں کرتے انہیں 10 ہزار ڈالر یومیہ کا جرمانہ کیا جائے گا۔ نیویارک کے مستغیث اعلیٰ کا دفتر ٹرمپ آرگنائزیشن کے معاملات کی گزشتہ دو برس سے تحقیقات کر رہا ہے۔ اس کے لیے ٹرمپ کو دستاویزات کی فراہمی کے لیے 31 مارچ تک کا وقت دیا گیا تھا۔ ٹرمپ کا دعویٰ ہے کہ ان تحقیقات کے پیچھے سیاسی محرکات کار فرما ہیں۔ ان کے وکیل نے کہا ہے کہ ٹرمپ نیویارک کی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

[pullquote]روس نے جرمنی کے 40 سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا کہہ دیا[/pullquote]

روس نے جرمنی کے 40 سفارت کاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا کہہ دیا ہے۔ یہ تعداد روس میں تعینات جرمن سفارت کاروں کی ایک تہائی بنتی ہے۔ قبل ازین روسی تنازعے کے تناظر میں جرمنی نے روسی سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا کہا تھا۔ روسی وزارت خارجہ نے جرمن سفارت کار کو طلب کر کے اس فیصلے پر احتجاج کیا اور پھر جرمن سفارت کاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا۔ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کا تاہم کہنا ہے کہ جرمنی سے نکالا گیا روسی اسٹاف سفارت کاروں کی بجائے جاسوسوں پر مشتمل تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ روس سے بے دخل کیے جانے والے سفارت ک‍اروں نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔ انہوں نے اس روسی اقدام کو نا انصافی قرار دیا ہے۔

[pullquote]اسرائیل فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی ہلاک[/pullquote]

مقبوضہ فلسطینی علاقے ویسٹ بینک میں ایک فلسطینی نوجوان، اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے آج علی الصبح عقبة جابر نامی مہاجر کیمپ پر ہلہ بولا اور اس دوران 20 سالہ فلسطینی احمد ابراہیم اوویدات سر میں گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ مارچ کے اواخر میں فلسطینیوں کی طرف سے مختلف حملوں میں 14 اسرائیلی مارے گئے تھے جس کے بعد اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 25 فسلطینی مارے جا چکے ہیں۔ رمضان کے مہینے میں مسجد الاقصیٰ اور اس کے باہر فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان متعدد مرتبہ پرتشدد جھڑپیں ہو چکی ہیں۔

[pullquote]روس ممکنہ طور پر یوکرین کے مشرقی حصے میں یوکرین کے مضبوط مراکز کو گھیرے میں لینے کی کوشش کر رہا ہے، برطانیہ[/pullquote]

روس ممکنہ طور پر یوکرین کے مشرقی حصے میں یوکرینی فورسز کے مضبوط مراکز کو گھیرے میں لینے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ بات برطانوی ملٹری کی طرف سے کہی گئی ہے۔ برطانوی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ٹوئیٹس کے مطابق کریمینا نامی شہر روسی فورسز کے قبضے میں آ گیا ہے جبکہ ایزیئم نامی شہر کے جنوبی حصے میں شدید لڑائی جاری ہے، ساتھ ہی روسی فورسز سلوویانسک اور کراماٹورسک نامی شہروں کی طرف پیشقدمی کی کوشش کر رہی ہیں۔ روس کی طرف سے یوکرین پر حملے کو دو ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے تاہم امریکا کا کہنا ہے کہ روس اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔

[pullquote]ایلون مسک نے ٹوئیٹر خرید لیا[/pullquote]

ٹیسلا کمپنی کے بانی نے مائیکروبلاگنگ انٹرنیٹ سروس ٹوئیٹر کو 44 بلین امریکی ڈالرز کے عوض خرید لیا ہے۔ اس بات کا اعلان ٹوئیٹر کی جانب سے گزشتہ شب کیا گیا۔ اس معاہدے کے مطابق ٹوئیٹر کمپنی کے شیئر ہولڈرز کو 54.2 ڈالر فی شیئر کے حساب سے ادائیگی کر دی جائے گی۔ اس طرح اس سال کے آخر تک متوقع اس معاہدے کی تکمیل کے بعد دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں میں سے ایک پرائیویٹ ملکیت میں چلی جائے گی۔ دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے کہا ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم پر آزادی اظہار کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے ٹوئیٹر پر مزید فیچرز متعاف کرانے کی بھی بات کی ہے۔

[pullquote]یوکرین کے پانچ ریلوے اسٹیشنوں پر روس کی بمباری[/pullquote]

یوکرین کے مغربی اور وسطی حصوں میں پانچ ریلوے اسٹیشنوں کو روس نے میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ یوکرینی ریلوے کے مطابق یہ روس کی طرف سے غیر ممالک سے آنے والے فوجی ساز وسامان کی ترسیل کے سلسلے کو نشانہ بنانے کی کوشش تھی۔ ریلوے لائن کھلی ہے تاہم ملکی ریلوے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی وجوہات پر ٹرینوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ان مراکز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے جہاں سے یوکرینی فورسز کو غیر ملکی ہتھیار فراہم کیے جا رہے تھے۔ اپریل کے آغاز میں کراماٹورسک میں ایک ریلوے اسٹیشن پر روسی حملے کے نتیجے میں کم از کم 50 افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے