سزا کیخلاف اپیلیں منظور، عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدت میں نکاح کیس سے بری کردیا
دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری رہا کیا جائے، دونوں کی رہائی کی روبکار جاری کردی گئی ہے: عدالت/ فائل فوٹو
اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا۔
رواں سال 3 فروری کو اسلام آباد کے سول جج قدرت اللہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 7، 7 سال قید اور 5،5 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی عدت کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں پر آج جج افضل مجوکا نے فیصلہ سنایا جس میں عدالت نے کہا کہ میڈیکل بورڈ اور علماء کی رائے سے متعلق دونوں درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں۔
عدالت نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی سزائیں کالعدم قرار دیں اور بری کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کہا کہ دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو بانی پی ٹی آئی،بشریٰ بی بی کو فوری رہا کیا جائے۔
فیصلے سے قبل کمرہ عدالت صحافیوں اور وکلا سے کھچا کھچ بھرگیا اور پولیس کی جانب سے کمرہ عدالت سے پی ٹی آئی کارکنان کو باہر نکالا گیا، پولیس نے صحافیوں اور وکلا کو کمرہ عدالت میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی۔