اسلام آباد: وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کے نئے ریفرنس کے لیے جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن نیب آرڈیننس 1999 کی سیکشن 16 بی کے تحت جاری کیا گیا۔ جیل ٹرائل نوٹیفکیشن سے متعلق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق امن و امان کی صورت حال کے پیش نظر نیب عدالت اگر ضروری سمجھتی ہے تو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا ٹرائل جیل میں کرے۔
واضح رہے کہ عدت کیس میں بری ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو گزشتہ روز نیب کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔
نیب ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا گیا، بطور وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کیے، تحائف کم قیمت پر حاصل کرکے مہنگے داموں فروخت کر دیئے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نیب کیس میں گرفتار
اسلام آباد: عدت کیس میں بری ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو نیب کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر محسن ہارون کی سربراہی میں نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی جہاں سابق وزیراعظم اور انکی اہلیہ کو نئے کیس میں گرفتار کیا گیا۔
نیب ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو نئے توشہ خانہ ریفرنس میں گرفتار کیا گیا، بطور وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے تحائف حاصل کیے، تحائف کم قیمت پر حاصل کرکے مہنگے داموں فروخت کردیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم نے قانونی کاروائی مکمل کرنے کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری ڈال دی۔
راولپنڈی نیب ٹیم نے گرفتاری کے بعد دوبارہ بشریٰ بی بی کو جیل حکام کے حوالے کر دیا، نیب ٹیم بشری بی بی کو اڈیالہ جیل حکام کی تحویل میں دیکر واپس روانہ ہو گئی۔
قبل ازیں لاہور میں درج 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کرنے والی ٹیم بھی اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔ لاہور کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا امکان ہے۔