اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پشین دھماکے پر کہا ہے کہ کم سن بچوں پر حملہ آور کرنے والے بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں شہباز شریف نے بلوچستان کے شہر پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکے میں کم سن بچوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، واقعے کے ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، کم سن بچوں پر حملہ آور بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، ملک سے دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
پشین؛ پولیس لائن کے قریب دھماکا، 2 بچے جاں بحق، اہلکاروں سمیت 14 زخمی
کوئٹہ: پشین میں پولیس لائن کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس میں 2 بچے جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہو گئے۔
پشین میں پولیس لائن کے قریب ہونے والے دھماکے میں گاڑی اور موٹر سائیکل تباہ ہوئی ہے جب کہ 2 بچے جاں بحق ہونے کے علاوہ 5 پولیس اہل کاروں سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
دریں اثنا ترجمان صوبائی حکومت شاہد رند نے پشین اور نوشکی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا افسوس ہے۔ سماج دشمن اور ریاست مخالف عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم کے مقاصد کے حصول کے لیے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پشین بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔