ربیع الاول اور مطالعہ سیرت

یہ میرا سالوں سے معمول ہے، ہر سال کی طرح اس ربیع الاول میں بھی میں نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مطالعے کا آغاز کیا ہے۔ اس بار خوش قسمتی سے نقوش کا رسول نمبر ہاتھ آ گیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج چلاس کی لائبریری میں اس کے تمام حصے موجود ہیں۔ نقوش کا یہ رسول نمبر واقعی سیرت کے سمندر کو اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ اس کے مدیر محمد طفیل صاحب مرحوم کی فطانت اور محبت رسول کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔ اس میں بڑے بڑے اہل علم و قلم کی نگارشات بھی ہیں اور پرانے محققین کے قیمتی مقالات بھی۔

نقوش نمبر کے تمام مجلدات کی فہرست پر ایک نظر ڈالی تو دل چاہا کہ ہر شمارے کا ہر موضوع پڑھا جائے، مگر میں نے خاص طور پر جلد نمبر تین کا انتخاب کیا۔ یہ جلد تقریباً پانچ سو صفحات پر مشتمل ہے۔ اس میں "عالمِ بشریت”، "رحمۃ للعالمین،کامل انسان”، "اصلاحِ معاشرہ”، "عظمتِ انسانی کا نقیبِ اوّل، ہمارے رسول”، "سیاسی نظام پر اثرات”، "فلاحِ معاشرہ” اور "اقتصادی نظام” جیسے اہم ابواب قائم کیے گئے ہیں۔ ہر باب میں درجنوں نامور اہل قلم کی فکر انگیز تحریریں اور مقالات شامل ہیں۔ یقین مانیں، مطالعہ کے دوران ایسا لطف آرہا ہے کہ ہر مقالہ بار بار پڑھا جائے، دل چاہتا ہے کہ پڑھتا ہی جاؤں۔

سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کا حسن یہ ہے کہ آپ جس پہلو سے بھی پڑھیں، ہر زاویہ دل کو چھو لیتا ہے۔ کہیں عقل مطمئن ہوتی ہے، کہیں دل کو سکون ملتا ہے اور کہیں عمل کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انسان اپنی کیفیت سے نکل جاتا ہے اور رسول اللہ کی کیفیت میں ڈھلنا شروع ہوجاتا ہے۔ اپنے رسول کی ہر ہر ادا، اپنے اوپر نافذ کرنے کے لیے دل مچلتا ہے۔

میری آپ سب سے گزارش ہے کہ اس ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں کم از کم سیرت رسول پر کوئی ایک کتاب یا کوئی تحقیقی مضمون ضرور پڑھیں۔ سیرت النبی صل اللہ علیہ والہ وسلم کے مطالعے کے بعد انسان کی سوچ بدلتی ہے، رویے نکھرتے ہیں اور زندگی کا رخ ہی یکسر بدل جاتا ہے۔ یہ صرف نیکی نہیں بلکہ آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ آپ اپنی اس ضرورت کو پورا کیجئے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے