سمندر نے 53 سال بعد امانت لوٹا دی

امریکی ریاست نیو جرسی کے ایک دلدلی علاقے سے صفائی کے دوران ملنے والی ایک بوتل میں سے 9 سالہ بچی کا 53 سال قبل لکھا ہوا پیغام دریافت ہوا ہے۔

نیو جرسی میں صفائی کا کام کرنے والے ادارے کے شریک بانی جان کوٹرمین نے اس پیغام کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

لوری بلیئر نامی 9 سالہ بچی کا یہ پیغام مذاق پر مبنی ہے، جس میں لکھا ہے کہ مجھے اغواء کر کے بحرِ اوقیانوس کے ساحل پر ایک جزیرے پر لے جایا گیا ہے اور بے رحم ماہی گیر مجھے سمندر میں کودنے پر مجبور کر رہے ہیں۔

پیغام میں لکھا ہے کہ یہ بوتل 20 اگست 1973ء کو اوشین سٹی کے ساحل پر بہائی گئی ہے، جس کو بھی یہ بوتل ملے وہ اس پیغام کو میرے گھر والوں تک پہنچا دے، شاید اس طرح میری جان بچائی جا سکے۔

جان کوٹرمین نے اس پیغام کی تصویر کو سوشل میڈیا پر اس لیے شیئر کیا تھا تاکہ لوری بلیئر کو تلاش کر سکیں، جس کے بعد لوری بلیئر تو نہیں ملیں لیکن ان کی بہن ایلیسین اسپنسر تک پیغام کی تصویر پہنچ گئی۔

ایلیسین اسپنسر نے بتایا کہ میری بہن نے یہ پیغام مجھ سے لکھوایا تھا کیونکہ میری لکھائی بہتر تھی، جس کے بعد اسے بوتل میں بند کر کے ساحل پر بہا دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ میری بہن بہت زیادہ تخلیقی تھیں اور ان کی حسِ مزاح بھی بہت اچھی تھی۔

ایلیسین اسپنسر نے جان کوٹرمین کو یہ بھی بتایا کہ کینسر کے باعث لوری بلیئر کا 2019ء میں انتقال ہو گیا تھا۔

جان کوٹرمین نے یہ خط ایلیسین اسپنسر کو بھیج دیا جنہوں نے اب اس پیغام کو اپنے گھر میں فریم کر کے لگانے کا ارادہ کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے