ایک متاثر کن اور قابلِ قبول شخصیت کا خاکہ

ایک خوبصورت، قابلِ قبول، پرکشش اور متاثر کن شخصیت کا دائرہ محض ظاہری حسن و جمال تک محدود نہیں۔ بلکہ یہ ایک شاندار ارادی تخلیق ہے جس میں بیرونی آہنگ اور اندرونی سرور کا نادر امتزاج پایا جاتا ہے۔ ایسی شخصیت کے پاس صرف چمکتی آنکھیں، روشن ماتھا، مسکراتا چہرہ اور سرخ و سفید رخسار ہی نہیں ہوتے، بلکہ اس کے پاس میٹھا لہجہ، تعمیری سوچ، کشادہ دل اور مضبوط حوصلہ بھی ہوتا ہے۔

ایک متاثر کن شخصیت صداقت، دیانت داری، شرافت، سنجیدگی، قدرشناسی، حوصلہ مندی، وفاشعاری، عزت افزائی اور بے لوث خدمت جیسی خوبیوں سے جنم لیتی ہے۔ یہ قبولیتِ عامہ سے آگے بڑھ کر معاشرے میں خیر، خوشی اور کامیابی کی علامت بن جاتی ہے۔ ایسی شخصیت میں خیرخواہی کی گہرائی اور ہمدردی کی رقت پائی جاتی ہے، جو سطحی محرکات کے بجائے گہرے اخلاقی اصولوں کے تحت عمل کرتی ہے اور ہمیشہ خالقِ کائنات کی رضا کو اپنا مطمع نظر بناتی ہے۔

ایسے لوگوں کے چہروں کے تراشیدہ خط و خال محض فطری حسن نہیں ہوتے، بلکہ ان کے پرسکون باطن کی آئینہ داری کرتے ہیں۔ ان کی مسکراہٹ میں خلوص کی ایسی کرنیں پوشیدہ ہوتی ہیں جو دلوں کی گہرائیوں تک اتر جاتی ہیں۔ مجھے تیس سال قبل دیکھنے والے ایسے ہی چہرے آج بھی تر و تازہ حالت میں نہ صرف یاد ہیں، بلکہ وہ میرے لوحِ قلب پر پوری طرح نقش بھی ہیں۔ ایسی شخصیت اپنے وقار، نرم گفتاری اور دوسروں کی بات توجہ سے سننے کے اہتمام سے ایک مقناطیسی صلاحیت پیدا کرتی ہے جس پاس سے گزرنے والا ہر فرد متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔

اس کی کشش کا راز صرف خود اعتمادی میں نہیں، بلکہ اپنے آپ سے بے نیاز ہو کر دوسروں کی قدر کرنے کی اس مخلصانہ خوبی میں پنہاں ہوتا ہے۔ یہ وہ جامع شخصیت ہوتی ہے جو اپنے وجود سے نہ صرف گرد و پیش کو روشن کر دیتی ہے، بلکہ ہر ملنے والے کے دل پر اپنے اخلاق اور نفاست کے نقوش چھوڑ جاتی ہے، جو اس کی اثر پذیری کو ایک عارضی تاثر نہیں بلکہ ایک لازوال نقش میں تبدیل کر دیتی ہے۔

انسانی شخصیت ایک ایسا مرقع ہے جس کے مختلف پہلو اس وقت تک چمک دار نہیں ہو سکتے جب تک اس میں انسانی اقدار کے قیمتی پتھر جڑے نہ ہوں۔ ایک قابلِ قبول شخصیت وہ نہیں جو محض دیکھنے میں بھلی لگے، بلکہ وہ ہے جو دل میں اتر جائے، جو احترام کا جذبہ پیدا کرے اور جو معاشرے میں مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو۔ آئیے چند بنیادی صفات کے آئینے میں ایسی شخصیت کا نظارہ کرتے ہیں:

1. صداقت:

سچائی شخصیت کی وہ مضبوط بنیاد ہے جس پر اعتماد،عزت اور وقار کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ سچا انسان نہ صرف دوسروں کا اعتماد جیتتا ہے بلکہ اپنی ذات کے ساتھ بھی اس کا تعلق مضبوط ہوتا ہے۔ ایسا شخص ہمیشہ حق گوئی کو مفاد پر ترجیح دیتا ہے، چاہے اسے نقصان ہی کیوں نہ اٹھانا پڑے۔ اس کی بات اور عمل میں ہمیشہ ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جس سے اس کے کردار کی سچائی عیاں ہوتی ہے۔ اس طرح صداقت اس کے رشتوں میں مضبوطی پیدا کرتی ہے، کیونکہ لوگ جانتے ہیں کہ وہ کبھی دھوکہ نہیں دے گا۔

2. ایمانداری:

ایمانداری صرف مالی معاملات تک محدود خوبی نہیں، بلکہ یہ الفاظ، اخلاق، وعدوں اور تعلقات کے تحفظ کا نام بھی ہے۔ ایک ایماندار شخص دوسروں کی امانتوں کو اپنی جان سے بڑھ کر عزیز رکھتا ہے۔ وہ کبھی غلط بیانی یا خوشامد سے کام نہیں لیتا، بلکہ ہمیشہ صحیح بات کو بے خوفی سے بیان کرتا ہے۔ اس کے وعدے پختہ ہوتے ہیں، اور وہ اپنے ہر قول کی پاسداری کے لیے ہر ممکن کوشش کرتا ہے۔ ایمانداری اسے ہر محفل میں ایک قابل بھروسہ اور معتبر فرد کے طور پر متعارف کرواتی ہے۔

3. تواضع:

حقیقی عظمت تکبر میں نہیں بلکہ عاجزی میں پنہاں ہے۔متواضع شخص موقع بے موقع اپنی خوبیوں کا نعرہ بلند نہیں کرتا بلکہ اس کے عمل اس کی ترجمانی کرتے ہیں۔ وہ کامیابی کا سہرا اپنے ساتھیوں اور معاونین کے سر باندھتا ہے، اور اپنے کام کو نمایاں کرانے سے گریز کرتا ہے۔ وہ ہر انسان کو اس کی ذات کی بنیاد پر عزت دیتا ہے، چاہے اس کا عہدہ یا مرتبہ کچھ بھی ہو۔ تواضع اس کی شخصیت میں ایک ایسی دلکشی پیدا کرتی ہے جو کہ تکبر کے بھاری پن سے کہیں زیادہ پرکشش ہوتی ہے۔

4. ہمدردی:

دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرنا اور ان کے کام آنا انسانیت کی سب سے بڑی خوبی ہے۔ ایک ہمدرد اور مخلص شخص دوسروں کی مشکلات کو اپنی مشکلات سمجھتا ہے۔ وہ صرف مالی تعاون تک محدود نہیں رہتا، بلکہ جذباتی تسلی کے واسطے بھی دوسروں کا ساتھ دیتا ہے۔ اس کا دل دوسروں کی تکلیف سن کر بے چین ہو جاتا ہے، اور وہ ہر متاثرہ شخص کو ہر ممکن راحت پہنچانے کی کوشش کرتا ہے۔ ہمدرد شخص کا دل وسیع ہوتا ہے، جو اسے خود غرضی کے تاریک غار سے نکال کر انسانیت کے روشن میدان میں لے آتی ہے۔

5. بردباری:

صبر اور برداشت وہ خوبی ہے جو انسان کو مشکل حالات میں بھی متوازن رکھتی ہے۔ بردبار شخص جلد بازی میں فیصلے نہیں کرتا، نہ ہی غصے میں اپنا آپ کھو دیتا ہے۔ وہ تنقید کو بغور سنتا ہے اور اس میں سے تعمیری پہلوؤں کو اخذ کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ مشکل اوقات میں وہ اپنا تحمل برقرار رکھتا ہے، جو اس کے اردگرد موجود لوگوں کے لیے بھی تسکین کا باعث بنتا ہے۔ بردباری اسے اتنا پختہ کر دیتی ہے کہ زندگی کے اتار چڑھاؤ اسے آسانی سے اپنے راستے سے ہٹا نہیں سکتے۔

6. شکرگزاری:

شکرگزار شخص ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں اور دوسروں کے احسانات کو یاد رکھتا ہے۔ وہ ہر چھوٹی بڑی نعمت کی قدر کرتا ہے۔ وہ ہر صبح اٹھ کر اللہ کی نعمتوں پر شکر ادا کرتا ہے، جو اس کے پورے دن کو توانائی اور جذبے سے بھر دیتا ہے۔ وہ دوسروں کے احسان کو کبھی نہیں بھولتا، اور موقع ملتے ہی اس کا بدلہ چکانے یا شکریہ ادا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ شکرگزاری اس کے دل میں قناعت اور اطمینان پیدا کرتی ہے، جس سے اسے مادی اشیا کے حصول کی غیر متوازن دوڑ میں شامل ہونے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔

7. فراخ دلی:

فراخ دل شخص مادی اور جذباتی دونوں اعتبار سے دینے والا ہوتا ہے۔وہ رقم، وقت، محبت اور تعریف سب کچھ بخوشی دیتا ہے۔ وہ ضرورت مند کی مدد کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے، چاہے اسے اپنی آرام میں کمی ہی کیوں نہ کرنی پڑے۔ اس کا دل بڑا ہوتا ہے، وہ چھوٹی موٹی باتوں پر معافی دے دیتا ہے اور غلطیوں کو درگزر کرنا جانتا ہے۔ فراخ دلی اس کے وجود میں ایک ایسی روحانی وسعت اور قبولیت پیدا کرتی ہے جس میں دوسروں کے لیے محبت اور ہمدردی کا بے پایاں ذخیرہ موجود ہوتا ہے۔

8. احساس ذمہ داری:

ذمہ دار شخص اپنے فرائض کو پوری دیانتداری سے نبھاتا ہے۔ وہ اپنے وعدوں، کاموں اور فیصلوں کی ذمہ داری سے نہیں بھاگتا۔ وہ اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرنے سے نہیں گھبراتا، اور انہیں درست کرنے کے لیے فوری اقدامات کرتا ہے۔ اس پر کام، خاندان اور معاشرے کے حوالے سے جو بھی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں، وہ انہیں بہترین طریقے سے پورا کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ذمہ داری کا یہ احساس اسے زندگی کے ہر میدان میں ایک کامیاب اور معتبر فرد بناتا ہے۔ ایک بار حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے ایک محفل میں کسی نے پوچھا حضرت! کسی بھی انسان کی قدر و قیمت کا پیمانہ کیا ہے؟ یعنی ہم کس خوبی کی بنیاد پر کسی فرد کی قدر و قیمت کا اندازہ لگائیں ؟ باب العلم نے جواب دیا احساس ذمہ داری۔

9. مثبت سوچ:

مثبت سوچ رکھنے والا شخص ہر مشکل میں موقع دیکھتا ہے۔ وہ مشکلات کو چیلنج سمجھ کر قبول کرتا ہے اور ناکامی سے ہمت نہیں ہارتا۔ وہ ہر ناکامی کو سیکھنے کا ایک نیا موقع سمجھتا ہے، اور مایوسی کی بجائے اس سے سبق حاصل کرتا ہے۔ اس کی بات چیت اور رویے میں ہمیشہ امید اور حوصلہ افزائی جھلکتی ہے، جو دوسروں کو بھی متاثر کرتی ہے۔ مثبت سوچ اس کے لیے مشکلات کے پہاڑوں کو ہموار کر دیتی ہے، اور اسے ہمیشہ آگے بڑھنے کی تحریک دیتی رہتی ہے۔

10. مستقل مزاجی:

مستقل مزاجی کامیابی کے لیے ایک حد درجہ ناگزیر خوبی ہے۔ یہ وہ خوبی ہے جس کے بغیر کوئی بڑا مقصد حاصل نہیں ہو سکتا۔ مستقل مزاج شخص ہر کام کو تسلسل اور لگن سے کرتا ہے۔ وہ اپنے مقصد کے حصول کے لیے دن رات ایک کر دیتا ہے، اور درمیان میں آنے والی رکاوٹیں اس کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ ہر حقیقت پسند شخص جانتا ہے کہ کامیابی راتوں رات نہیں ملتی، اس لیے وہ مسلسل محنت اور صبر و استقامت کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھتا ہے۔ مستقل مزاجی اس کے ارادوں کو فولاد کی طرح مضبوط بنا دیتی ہے، اور وہ ہر مشکل کو پیہم محنت سے پار کر لیتا ہے۔

مذکورہ بالا خوبیوں پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف ہم ایک بہتر انسان بن سکتے ہیں، بلکہ ایک پرامن اور خوشحال معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار موثر انداز سے ادا کر سکتے ہیں۔ یاد رکھیے، شخصیت کی تعمیر ایک مسلسل عمل ہے جس کے لیے خود احتسابی، پختہ ارادہ اور مستقل مزاجی درکار ہوتی ہے۔ یہ کوئی موروثی جاگیر نہیں، بلکہ ایک ایسا ارادی سفر ہے جس کا ہر قدم ہمیں اپنی منزل کی طرف لے جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے