ہر سال 8 مارچ کو دنیا بھر میں عالمی یومِ خواتین (International Women’s Day) منایا جاتا ہے۔ یہ دن صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک یاد دہانی ہے کہ خواتین معاشرے کی تعمیر، ترقی اور انسانیت کی بقا میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں یہ دن ہمیں اس حقیقت کی طرف متوجہ کرتا ہے کہ خواتین کی تعلیم، حقوق اور ترقی کسی بھی مہذب معاشرے کی بنیاد ہیں۔
کسی بھی معاشرے کی ترقی کا راز اس کی خواتین کی تعلیم میں پوشیدہ ہوتا ہےجب ایک عورت تعلیم حاصل کرتی ہے تو وہ صرف خود کو نہیں بلکہ ایک پوری نسل کو روشن کرتی ہے۔ تعلیم عورت کو شعور دیتی ہے، اعتماد دیتی ہے اور اسے اس قابل بناتی ہے کہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکے۔
میری زندگی میں بھی ایک ایسی ہی شخصیت ہے جس نے میرے راستے کو روشنی دی میری والدہ
میری والدہ وہ خاموش طاقت ہیں جنہوں نے ہمیشہ مجھے تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے مجھے یہ سکھایا کہ محنت اور ایمانداری زندگی کی اصل کامیابی ہیں جب بھی زندگی میں مشکل حالات آئے، انہوں نے ہمت دی حوصلہ دیا اور مجھے آگے بڑھنے کا راستہ دکھایا۔ میری تعلیم میں سب سے زیادہ تعاون بھی انہی کا رہا۔ اگر آج میں اپنے خوابوں کے بارے میں سوچنے کی ہمت رکھتا ہوں تو اس کے پیچھے میری ماں کی دعائیں اور قربانیاں شامل ہیں۔
یہی حقیقت ہر گھر کی کہانی ہے۔ ایک عورت صرف ایک فرد نہیں ہوتی بلکہ وہ ماں، بیٹی بہن اور استاد کی صورت میں پورے معاشرے کی تشکیل کرتی ہے۔ خاندان کی تربیت، بچوں کی تعلیم اور معاشرتی اقدار کی حفاظت میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے۔
لیکن اس کے باوجود دنیا کے بہت سے حصوں میں خواتین کو آج بھی مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ کہیں انہیں تعلیم کے مواقع کم ملتے ہیں، کہیں ان کے حقوق کو نظر انداز کیا جاتا ہے، اور کہیں انہیں معاشرتی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ International Women’s Day صرف جشن کا دن نہیں بلکہ شعور اور جدوجہد کا دن بھی ہے۔
ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ خواتین کے حقوق دراصل انسانی حقوق ہیں۔ جب معاشرہ خواتین کو تعلیم، عزت اور مساوی مواقع فراہم کرتا ہے تو وہ معاشرہ ترقی کی نئی منازل طے کرتا ہے۔
خاص طور پر نوجوان نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کی عزت، حمایت اور حوصلہ افزائی کو اپنی سوچ اور عمل کا حصہ بنائیں۔ ہمیں اپنی بہنوں، بیٹیوں اور ماؤں کو وہ مواقع دینے چاہئیں جن کے وہ حق دار ہیں۔
آخر میں یہی پیغام دینا ضروری ہے کہ اگر ہم ایک بہتر اور روشن معاشرہ چاہتے ہیں تو ہمیں خواتین کی تعلیم کو فروغ دینا ہوگا، ان کے حقوق کا احترام کرنا ہوگا اور انہیں آگے بڑھنے کے برابر مواقع فراہم کرنے ہوں گے۔ کیونکہ جب خواتین آگے بڑھتی ہیں تو صرف ایک فرد نہیں بلکہ پوری انسانیت آگے بڑھتی ہے۔