حیدرآباد: بھارت کی تلنگانہ ریاست میں عام لوگوں کو جیل میں وقت گزارنے کی سہولت دینے کا ایک پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت شہری پیسے دیگر جیل میں وقت گزار سکیں گے۔
وہ لوگ جو کبھی جیل نہیں گئے اور انہیں اکثر یہ تجسس رہتا ہے کہ جیل کی زندگی کیسی ہوتی ہے تو اب بھارت کی ریاست تلنگانہ میں واقع جیل کی انتظامیہ نے ایسے لوگوں کے لیے ایک منفرد اور دلچسپ پروگرام شروع کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں واقع چنچل گوڑا سینٹرل جیل میں شہری مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد قیدیوں جیسی زندگی گزار سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق چنچل جیل انتظامیہ کا بتانا ہے کہ 24 گھنٹے جیل میں گزارنے کے خواہش مند افراد کو 2000 بھارتی روپے جبکہ 12 گھنٹے جیل میں گزارنے کے خواہش مند افراد کو ایک ہزار روپے فیس ادا کرنی ہوگی۔
حکام کے مطابق نئے پروگرام کا مقصد عام شہریوں خصوصاً نوجوانوں میں قانون، نظم و ضبط اور جیل نظام سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔