کراچی: بوٹ بیسن تھانے میں زیرِ حراست ایک خواجہ سرا پر مبینہ پولیس تشدد کے بعد خواجہ سراؤں نے تھانے کے باہر احتجاج کرتے ہوئے پتھراؤ کیا، جس سے سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔
پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران مشتعل افراد کے پتھراؤ سے سیف سٹی کیمرے اور پولیس موبائل کے شیشے ٹوٹ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پتھراؤ میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور 3 خواجہ سراؤں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے دعوے کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی ہدایت پر چند بھکاریوں کو حراست میں لیا گیا تھا، اسی دوران ایک خواجہ سرا کی ناک سے خون آیا، جسے بعد ازاں تشدد کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔
دوسری جانب احتجاج کرنے والے خواجہ سراؤں کا مؤقف ہے کہ زیرِ حراست خواجہ سرا پر پولیس نے تشدد کیا، جس کے خلاف انہوں نے احتجاج کیا۔