پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح

تربت : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت کیچ میں انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی تھے، جبکہ تقریب میں پی سی بی کوئٹہ ریجن کے صدر اور ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلیٰ شہدوست دشتی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد، ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کیچ کے سابق صدر عبدالرحیم بلوچ، اسپورٹس آفیسر کیچ غفار یوسف، اسپورٹس آفیسر تمپ حبیب مراد، آل مکران تاجر اتحاد کے صدر اسحاق روشن دشتی، انجمن تاجران کیچ کے چیئرمین غلام اعظم دشتی، جمال مری سمیت دیگر سیاسی، سماجی، تعلیمی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات موجود تھیں۔

انٹر اسکولز کرکٹ ٹورنامنٹ میں ضلع کیچ کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کی 12 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 8 سرکاری اور 4 نجی اسکول شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کا مقصد اسکول سطح پر موجود باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو کھیل کے بہتر مواقع فراہم کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور انہیں ضلعی، ریجنل اور قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ڈیلٹا اسکول تربت اور کیچ گرامر اسکول کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر کھلاڑیوں اور کھیلوں سے وابستہ افراد میں بھرپور جوش و خروش پایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں موجود کھیلوں کے ٹیلنٹ کو تلاش کرکے اسے نکھارنے اور مناسب مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اسکول سطح کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک اہم موقع ہے، جس کے ذریعے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح تک آگے بڑھنے کا موقع مل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدوست دشتی کی جانب سے کیچ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات قابل حوصلہ ہیں۔ انتظامیہ نوجوانوں کو کھیلوں کے لیے بہتر ماحول اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پی سی بی کوئٹہ ریجن کے صدر شہدوست دشتی اور منتظمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں ان کی کاوشیں اہم ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے کہا کہ پی سی بی کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام اسکولوں کے طلبہ کے لیے اپنی صلاحیتیں منوانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے سے طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور صحت مند مسابقت کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول سطح پر ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کرکے مستقبل کے بہترین کھلاڑی تیار کیے جاسکتے ہیں۔

پی سی بی کوئٹہ ریجن کے صدر اور ٹورنامنٹ کے سرپرست اعلیٰ شہدوست دشتی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد کیچ کے اسکولوں میں موجود کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے۔ ٹورنامنٹ کے فاتح کھلاڑیوں اور باصلاحیت نوجوانوں کو قومی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میرٹ کو اولین ترجیح دیتا ہے اور حقیقی ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ نوجوان کھلاڑی محنت، نظم و ضبط اور کھیل کے اصولوں کو اپناتے ہوئے آگے بڑھیں، ان کے لیے مواقع کے دروازے کھولنے کی کوشش کی جائے گی۔

شہدوست دشتی نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر کرکٹ کے فروغ کے لیے کرکٹ اکیڈمی کے قیام پر بھی کام کیا جائے گا، تاکہ کیچ کے نوجوان کھلاڑیوں کو کوچنگ، تربیت اور کھیل کی بنیادی سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوسکیں اور انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔

ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کیچ کے سابق صدر عبدالرحیم بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک اہم اور دور رس پروگرام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع کے اسکولوں کو اس پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، جس سے صوبے کے دور دراز علاقوں میں موجود باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو بھی آگے آنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد رکھنے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ایسے ٹورنامنٹس کا انعقاد تسلسل کے ساتھ ہونا چاہیے۔ کیچ میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو مناسب تربیت اور مسلسل مواقع فراہم کیے جائیں۔

مقررین نے بھی اسکول سطح پر کھیلوں کے فروغ، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کرکٹ کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران کھلاڑیوں، اساتذہ اور منتظمین میں خاصا جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔ ٹورنامنٹ میں شامل ٹیمیں آئندہ میچوں میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع پیدا کیے جانے کی توقع ہے۔

افتتاحی تقریب میں کمنٹیٹر کے فرائض نثار ڈی سی نے انجام دیے اور اپنی برجستہ کمنٹری سے تقریب کو مزید دلچسپ بنائے رکھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے