کسی ملک کے لیے خلا میں قدم رکھنے کا خواب صرف سائنسی ترقی کی علامت نہیں ہوتا بلکہ یہ اس کی قومی صلاحیت، مستقبل کی امنگوں اور نئی نسل کے لیے امکانات کا اظہار بھی ہے۔ پاکستان کے لیے یہ خواب اب ایک نئی حقیقت کے قریب پہنچ رہا ہے۔ چین کے شینژو 24خلائی مشن میں ایک پاکستانی خلا نورد کی شمولیت محض ایک خلائی سفر نہیں بلکہ پاک چین دوستی اور باہمی تعاون کے ایک ایسے نئے مرحلے کی نشاندہی کرتی ہے جس کے اثرات مستقبل میں پاکستان کی سائنسی اور تکنیکی ترقی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کے اعلان کے مطابق پاکستانی خلا نورد شینژو 24 مشن کے عملے میں بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ شامل ہوں گا۔ یہ خلاباز چین کے خلائی اسٹیشن کا مختصر مدتی دورہ کرے گا اور وہاں طے شدہ سرگرمیوں اور تجربات میں حصہ لینے کے بعد شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا ۔ اس مشن کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ چین کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلا نورد کو چینی خلا نوردوں کے ساتھ مشترکہ خلائی پرواز کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ اس طرح پاکستانی خلا نورد چین کے خلائی اسٹیشن میں داخل ہونے والے پہلا غیر ملکی خلا نورد بھی ہو گا ۔
اس پیش رفت کو پاکستان کے خلائی پروگرام کے تناظر میں دیکھا جائے تو اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ پاکستان نے 1961 میں سپارکو کے قیام کے ساتھ ہی خلائی تحقیق کے میدان میں قدم رکھ دیا تھا۔ ابتدائی برسوں میں پاکستان کا خلائی پروگرام خطے میں ایک نمایاں پیش رفت سمجھا جاتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی، مالی وسائل اور تحقیق کے محدود مواقع کے باعث اس شعبے میں پاکستان کی رفتار توقعات کے مطابق برقرار نہ رہ سکی۔ ایسے میں چین جیسے ترقی یافتہ خلائی شراکت دار کے ساتھ تعاون پاکستان کے لیے اپنی صلاحیتوں کو دوبارہ منظم کرنے اور جدید سائنسی شعبوں میں آگے بڑھنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
یہاں یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ کسی خلا نورد کو خلائی مشن میں شامل کرنا محض اسے ایک خلائی جہاز میں سوار کرنے کا معاملہ نہیں۔ اس کے لیے طویل تربیت، سائنسی استعداد، جسمانی اور ذہنی تیاری، خلائی ماحول سے مطابقت اور مختلف تکنیکی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ پاکستانی امیدواروں کی تربیت اور انتخاب کا عمل اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک اس تعاون کو سنجیدگی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ پاکستانی خلا نورد کی ذمہ داری بھی اہم ہو گی، کیونکہ اس کردار میں خلائی اسٹیشن پر مخصوص سائنسی تجربات اور متعلقہ سرگرمیوں میں حصہ لینا شامل ہوتا ہے۔
یہ پیش رفت پاکستان کے خلائی پروگرام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ چین کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان اپنے خلائی تحقیق کے شعبے کو آگے بڑھا سکتا ہے۔ بالخصوص پاکستان کی نوجوان آبادی کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے میدان میں نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔ یہ نکتہ خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ کسی بھی ملک کی سائنسی ترقی کا انحصار صرف جدید مشینری یا بنیادی ڈھانچے پر نہیں بلکہ ایسے نوجوانوں کی تیاری پر بھی ہوتا ہے جو تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی کو اپنے مستقبل کا حصہ بنانا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب چین کے خلائی پروگرام کی ترقی اس تعاون کے امکانات کو سمجھنے میں مدد دیتی ہے۔ چین نے اپنے خلائی اسٹیشن کو مستقل انسانی موجودگی، سائنسی تجربات اور بین الاقوامی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر ترقی دی ہے۔ تھیان گانگ خلائی اسٹیشن نہ صرف چین کی اپنی سائنسی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ اس کے ذریعے مختلف ممالک کے ساتھ خلائی تحقیق میں تعاون کے دروازے بھی کھل رہے ہیں۔ چین کا مؤقف ہے کہ خلا کی تحقیق اور اس کا پرامن استعمال پوری انسانیت کا مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔ اسی سوچ کے تحت چین بین الاقوامی خلائی تعاون کو فروغ دینے اور خلائی شعبے میں مشترکہ مستقبل کی تعمیر پر زور دیتا ہے۔
پاکستان کے لیے اس شراکت داری کے فوائد صرف ایک خلا نورد کے خلائی سفر تک محدود نہیں رہنے چاہئیں۔ اصل اہمیت اس بات کی ہو گی کہ اس تاریخی موقع کو طویل المدتی سائنسی تعاون میں کیسے تبدیل کیا جاتا ہے۔ خلائی تحقیق، سیٹلائٹ ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں کی نگرانی، قدرتی آفات سے متعلق معلومات، زرعی تحقیق، مواصلات اور تعلیمی تبادلوں جیسے شعبوں میں پاکستان کو چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے وسیع مواقع حاصل ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر پاکستان جیسے ملک کے لیے سیٹلائٹ ڈیٹا کا مؤثر استعمال زراعت، پانی کے انتظام، سیلاب کی پیش گوئی اور قدرتی وسائل کی نگرانی میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس تعاون کا ایک اور اہم پہلو نئی نسل کی حوصلہ افزائی ہے۔ جب پاکستان کا کوئی نوجوان چین کے خلائی اسٹیشن تک پہنچے گا تو یہ منظر ملک کے ان طلبہ کے لیے ایک عملی مثال بنے گا جو سائنس، انجینئرنگ اور خلائی تحقیق میں اپنا مستقبل دیکھتے ہیں۔ تاہم اس تحریک کو دیرپا بنانے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان میں تعلیمی اداروں، جامعات، تحقیقی مراکز اور خلائی اداروں کے درمیان رابطہ مضبوط ہو، نوجوانوں کو عملی تحقیق کے مواقع ملیں اور خلائی شعبے میں مقامی مہارت پیدا کرنے پر توجہ دی جائے۔
بلاشبہ پاکستان کے پہلے خلا نورد کی چین کے ساتھ مشترکہ خلائی مشن میں شمولیت ایک تاریخی لمحہ ہو گا، لیکن اس کی اصل کامیابی اس وقت سامنے آئے گی جب یہ سفر پاکستان کے اندر تحقیق، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے نئے راستے کھولے گا۔ خلا کی وسعتوں میں جانے والا ایک پاکستانی دراصل اپنے ساتھ ایک پوری قوم کی امیدیں لے کر جائے گا۔ یہ مشن اس امید کو حقیقت میں بدلنے کا موقع بھی ہے کہ پاک چین دوستی اب زمین پر مشترکہ ترقی سے آگے بڑھ کر خلا کی بلندیوں تک پہنچ رہی ہے۔