راولپنڈی:(افشاں کیانی) راولپنڈی کی مصروف ترین شاہراہ، مری روڈ پر پیش آنے والے ایک دلخراش ٹریفک حادثے نے نہ صرف دو قیمتی جانیں نگل لیں بلکہ پورے سماجی، معاشی اور انتظامی نظام کے چہرے سے نقاب بھی الٹ دیا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ (کھڑک اور چھوٹا گلہ) سے تعلق رکھنے والی دو معصوم و جواں سال بیٹیاں، خنثہ اور ثنا، محض دو ماہ قبل اپنے گھروں کا سہارا بننے اور باعزت روزگار کی تلاش میں راولپنڈی آئی تھیں۔
معاشی مجبوریوں کے تحت وہ ایک مقامی میڈیکل بلنگ کمپنی میں رات کی شفٹ (نائٹ ڈیوٹی) کرنے پر مجبور تھیں، اور صبح ڈیوٹی ختم کر کے اپنی رہائش گاہ کی طرف واپس جاتے ہوئے سڑک عبور کرتے وقت ایک تیز رفتار اور بے رحم گاڑی نے ان دو معصوم جانوں کو کچل دیا۔ افسوسناک حقیقت یہ ہے کہ یہ کوئی پہلا سانحہ نہیں؛ اس سے قبل بھی کشمیر کے کئی ہونہار جوان بہتر مستقبل کی تلاش میں بڑے شہروں کی بے رحم سڑکوں اور نظام کی مجرمانہ غفلت کے ہاتھوں موت کی آغوش میں جا چکے ہیں، اور آج یہ دلخراش تاریخ ایک بار پھر دہرائی گئی ہے۔ ان کی میتیں تو آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں، مگر پیچھے یہ تلخ سوال چھوڑ گئیں کہ آخر کب تک کشمیر کی نوجوان نسل اس خاموش قتلِ عام کی بھینٹ چڑھتی رہے گی؟
یہ واقعہ محض ایک عام "ٹریفک حادثہ” نہیں بلکہ جبری معاشی ہجرت، محرومی اور ریاستی بے حسی کا نوحہ ہے۔ آزاد کشمیر کے پُرامن اور خوبصورت پہاڑی علاقوں سے نوجوانوں، بالخصوص بچیوں کا راولپنڈی اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں کی طرف رخ کرنا کوئی شوق یا تفریح نہیں بلکہ ایک تلخ معاشی مجبوری ہے۔ مقامی سطح پر معیاری اعلیٰ تعلیمی اداروں، جدید پیشہ ورانہ تربیت اور روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے والدین اپنے جگر کے ٹکڑوں کو قرض لے کر یا اپنا پیٹ کاٹ کر بڑے شہروں میں بھیجتے ہیں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر خاندان کا سہارا بن سکیں۔ اگر آزاد کشمیر کی مقامی سطح پر معیاری یونیورسٹیاں، جدید ہسپتال، صنعتی زونز اور روزگار کے باعزت مواقع موجود ہوتے، تو آج ان معصوم بچیوں کو اپنے محفوظ گھروں اور والدین کے سائے سے دور اجنبی شہروں کی خطرناک سڑکوں پر نہ آنا پڑتا۔
بڑے شہروں کی ظاہری چمک دمک کے پیچھے ایک ایسا بے رحم، غیر محفوظ اور استحصالی ماحول چھپا ہے جو چھوٹے علاقوں سے آنے والے طلبہ و طالبات کو اندر سے توڑ کر رکھ دیتا ہے۔ یہاں قدم رکھتے ہی انہیں وسائل کی شدید کمی، مہنگے اور غیر معیاری ہاسٹلز، ناقص خوراک اور مستقبل کی غیر یقینی صورتحال (Uncertainty) کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس المیے کا سب سے کربناک پہلو یہ تلخ حقیقت ہے کہ ان معصوم بچیوں نے ابھی تک اپنے ہاسٹل کے واجبات (Dues) تک ادا نہیں کیے تھے، اور گھر والوں سے رابطے کی دوری اور انہیں مزید معاشی پریشانی سے بچانے کی وجہ سے وہ ان سے پیسوں یا اپنی بنیادی ضروریات کا تقاضا بھی نہیں کر سکتی تھیں۔
اسی خودداری اور مجبوری کے تحت وہ میڈیکل بلنگ کمپنی میں انتہائی کم اجرت پر "نائٹ ڈیوٹی” کر رہی تھیں تاکہ اپنی پہلی تنخواہ سے اپنے رہائشی اخراجات اور ہاسٹل کے واجبات پورے کر سکیں۔ نیند کی شدید محرومی، رات بھر جاگنے کی تھکن اور جسمانی کمزوری نہ صرف ان کی صحت کو تیزی سے تباہ کر رہی تھی بلکہ صبح ڈیوٹی سے واپسی پر مصروف سڑکیں پار کرتے ہوئے ان کی ذہنی توجہ اور جسمانی ردعمل کو بھی سست کر گئی۔ دوسری طرف، رات گئے یا علی الصبح سنسان سڑکوں پر اسٹریٹ کرائم اور چھینا جھپٹی (Snatching) کا خوف الگ جان لیوا ثابت ہوتا ہے، جس کے باعث پیدل چلنے والے خوفزدہ ہو کر جلد بازی میں سڑک پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
اس تمام صورتحال کا ایک اور نہایت دردناک پہلو وہ شدید نفسیاتی دباؤ اور تنہائی ہے جو والدین، گھر اور پیاروں کی دوری سے جنم لیتی ہے۔ اس دلخراش وقوعے کے بعد ان کے ساتھ کام کرنے والی ایک ساتھی بچی نے یہ دل دہلا دینے والا انکشاف کیا کہ وہ دونوں اکثر اپنے گھر والوں اور گاؤں کا ذکر کر کے اداس ہو جاتی تھیں، اور یہاں تک کہ اس المناک حادثے سے ایک دن قبل بھی انہوں نے اپنی اسی گہری اداسی اور گھر کی یاد کا ذکر کیا تھا۔ درحقیقت، ہماری بچیاں جو فطری طور پر اپنے خاندان اور والدین سے گہری جذباتی وابستگی رکھتی ہیں، بڑے شہروں کے اجنبی ماحول میں شدید احساسِ تنہائی کا شکار ہو جاتی ہیں۔
گھر والوں کو مزید پریشانی اور فکر سے بچانے اور سماجی رکاوٹوں کے ڈر سے وہ اپنی روزمرہ تکالیف، ذہنی اداسی یا مالی تنگی کا ذکر تک نہیں کرتیں۔ خاندان کے ساتھ کھل کر بات چیت کے فقدان (Lack of Communication) اور اندر ہی اندر گھٹنے کے اس خاموش عمل نے ہماری نوجوان نسل اور خاص طور پر پردیس میں مقیم بچیوں کو شدید ذہنی تناؤ، ڈپریشن اور اینگزائٹی کا مریض بنا دیا ہے، جو ان کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔
دوسری جانب شہری انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کی غفلت مجرمانہ حدوں کو چھو رہی ہے۔ مری روڈ جیسی انتہائی مصروف شاہراہ، جہاں درجنوں تعلیمی ادارے، نجی دفاتر، ہاسٹلز اور بڑے ہسپتال واقع ہیں، وہاں پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ زیبرا کراسنگ، فعال اوور ہیڈ برجز، مناسب روشنی اور اسپیڈ بریکرز کا شدید فقدان ہے۔
پہاڑی علاقوں سے نئے آنے والے نوجوان، جنہیں بڑے شہروں کی بے ہنگم اور بے قابو ٹریفک کی رفتار کا درست اندازہ نہیں ہوتا، بااثر اور تیز رفتار ڈرائیوروں کا آسان شکار بن جاتے ہیں، جو قانون کے خوف سے آزاد ہو کر سڑکوں پر موت بانٹتے پھرتے ہیں۔
آج وقت آ گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان، آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت، مقتدر حلقے، عدلیہ، وکلاء برادری اور غیر سرکاری تنظیمیں (NGOs) اس سنگین انسانی و سماجی المیے کا فوری نوٹس لیں:
اول: خنثہ اور ثنا کو کچلنے والے بے رحم ڈرائیور کو جدید سی سی ٹی وی فوٹیج اور ٹیکنالوجی کی مدد سے فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور عبرتناک سزا دی جائے تاکہ ماضی کے واقعات کی طرح اس بار بھی انصاف کا جنازہ نہ اٹھے۔
دوم: تعلیمی اداروں، نجی دفاتر اور ہاسٹلز کے باہر پیدل چلنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، اور نائٹ شفٹ میں کام کرنے والے نوجوانوں، بالخصوص خواتین کے لیے کم از کم اجرت، محفوظ پک اینڈ ڈراپ ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔
سوم اور سب سے اہم: کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کو محض سیاسی بیانات تک محدود رکھنے کے بجائے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں اور آزاد کشمیر میں اعلیٰ تعلیم، صحت اور روزگار کا ایسا مضبوط مقامی ڈھانچہ کھڑا کیا جائے کہ وہاں کے باصلاحیت بیٹوں اور بیٹیوں کو ہاسٹل کے واجبات اور دو وقت کی روٹی کمانے کے لیے اجنبی شہروں میں در بدر نہ ہونا پڑے۔
ماضی کے زخم ابھی بھرے نہیں تھے کہ آج دو مزید جنازے اٹھ گئے اور دو ہنستے بستے خاندانوں کے سہارے چھن گئے۔ اگر ریاست، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معاشرے نے اب بھی اپنی آنکھیں نہ کھولیں، تو آنے والا کل مزید جنازوں، اجڑتے گھروں اور مزید ماؤں کی سسکیوں کا گواہ بنے گا۔