ہمارے ہر دل عزیز نیوز کاسٹراور شاعر وجیہ ثانی کا موبائل پچھلے دنوں کراچی میں گن پوائنٹ پر چھین لیا گیا۔وہ جیو نیوز کے دفتر سے گھر جارہے تھے، ڈرگ روڈ سے میلینیم مال جاتے ہوئے نیوپلیکس سینیماکے سامنے ان کی گاڑی ٹریفک کے سست ہونے کی وجہ سے رکی اور اسی دوران ان کی کار پر دستک ہوئی نوجوان جو اسلحہ سے لیس تھے انہوں نے چند سیکنڈ میں ان کا موبائل چھین لیا ۔
وجیہ ہمیں بہت عزیز ہیں۔خدا کا شکر ہے کہ ان اسلحہ بردار نوجوانوں نے انھیں کچھ نہیں کہا۔ ممکن ہے انھوں نے ان کو پہچان لیا ہو کہ یہ بندہ تو جیو نیوز کا اینکر ہے مگر اتنی جلدی میں وہ کیا کرتے انہیں کیا خبر تھی کہ وجیہ ان کا شکار ہوں گے۔
ممکن ہے ان موبائل ڈکیتوں نے ان کو کسی مشاعرے میں سنا ہو اور اب وہ پچھتاریے ہوں کہ ہم نے بلا وجہ ایک مشہور شاعر پر ہاتھ صاف کیا اور ممکن ہے کہ کسی دن وہ جیو یا جنگ کے دفتر میں ان کا موبائل کسی طرح رکھ کر فرار ہو جائیں مگر شاید اب یہ اس لیے ممکن نہیں ہے کہ مہنگائی نے عام آدمی کو بھی ڈاکو بنادیا ہے۔اب یہ مروت بھی دنیا سے کم ہوتی جارہی ہے۔
ایک رپورٹ کے مطابق اس سال کراچی میں تقریبا” سترہ ہزار موبائل فون چھینے جاچکے ہیں۔کراچی شہر میں گھر سے نکلنا اور کام کاج سے واپس آنا ایک معجزہ ہوتا جارہا ہے۔
اس حوالے سے ہمارا ایک شعر سن لیں
ہے دعا خیر سے واپس آئے
گھر سے نکلا ہے کمانے والا
کراچی کے حالات دیکھ کر مریم نواز یاد آجاتی ہیں۔ جنہوں نے لاہور کو پیرس نہیں بلکہ ایک ایسا شہر بنادیا ہے کہ جہاں لوگ پرسکون زندگی گزار سکیں۔
وجیہ ثانی نیوز کاسٹر بھی ہیں، اچھے شاعر اور ناظم مشاعرہ بھی، وہ اس وقت کراچی شہر کے مشاعروں کی ایک توانا آواز ہیں۔ ان کی نظامت سے محفل میں چار چاند لگ جاتے ہیں۔اس سال ان کے دو شعری مجموعے ایک ساتھ شایع ہوئے ہیں۔جن کے نام ہیں "خیال ہی نہیں رہا”اور "خواب لکھتے رہے” جبکہ ان کا پہلا شعری مجموعہ 2016 میں شائع ہوا جس کا نام تھا "محبت راستے میں ہے” پچھلے دنوں انہوں نے اپنی ایک غزل اے آئی کی فارم میں مجھے واٹس ایپ کی تھی۔ جس میں ان کی غزل موسیقی کے ساتھ اےآئی کی دلکش آواز میں سننے کو ملی۔ اس کے علاوہ اے آئی کے ذریعے ان کی مسکراتی اور دل کو لبھاتی ہوئ پکچرائزیشن بھی دیکھی۔ بعد ازاں یہ خبر سننے کو ملی کہ ان کا موبائل چھین لیا گیا ہے ۔ممکن ہے یہ حرکت ان کے کسی حاسد کی ہو جو ان کی مقبولیت سے خار کھاتا ہو۔
ہالی وڈ کے اداکار ہیڈن کرسٹین جو شہرہ آفاق فلم سیریز "اسٹار وارز” (Star Wars) میں ‘ایناکن اسکائی واکر’ (Darth Vader) کے کردار سے مشہور ہیں ان کے ساتھ بڑا عجیب و غریب واقعہ پیش آیا۔
ہیڈن بتاتے ہیں کہ وہ اپنے گھر میں فون کال پر تھے کہ انہیں کسی آدمی کی اوپر سیڑھیاں چڑھتی ہوئی آواز سنائی دی وہ سمجھے کہ ان کا دوست ہوگا مگر جب وہ آدمی نیچے سامان چرا کر آنے لگا تو دونوں کا آمنا سامنا ہوگیا اور چور ہیڈن کرسٹین کو دیکھ کر پہلے تو حیران ہوا اور پھر پشیمان ہوا اور اسنے سارا سامان وہیں رکھ دیا۔وہ چور ہیڈن کا فین تھا۔
اس چور نے ہیڈن کو اپنی کہانی سنائی اور بتایا کہ وہ مالی مسائل کا شکار ہے اور گھر واپس جانے کے لیے اس کے پاس پیسے نہیں ہیں اسی لیے وہ چوری کررہا تھا۔
فنکار تو ہوتا ہی حساس ہے ہیڈن نے معافی مانگنے پر اس چور کو معاف کردیا اور اس کی مالی مدد بھی کی۔
بالی ووڈ اداکار نانا پاٹیکر کے ساتھ بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا۔
وہ اپنی فلم کی شوٹنگ کے لیے دور دراز علاقے سے گزر رہے تھے۔ جہاں ڈاکوؤں کا راج تھا۔ ڈاکوؤں نے قافلے کو روک لیا۔ جب ڈاکوؤں کے سردار نے نانا پاٹیکر کو دیکھا تو وہ نانا سے بڑی عقیدت و محبت سے ملا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نانا کی مہمان نوازی کی اور انہیں باحفاظت اس علاقے سے باہر نکالا۔
پاکستان کے عظیم کامیڈین عمر شریف صاحب کے بارے میں بھی کراچی کا ایک مشہور واقعہ بیان کیا جاتا ہے۔
ایک رات کو کچھ مسلح لڑکوں نے عمر شریف کی گاڑی کو روک لیا۔ ان کا ارادہ تھا کہ پستول دکھا کر پیسے اور موبائل چھین لیں گے۔ جب عمر شریف نے گاڑی کا شیشہ نیچے کیا تو ڈاکوؤں نے انھیں پہچان لیا اور کہا کہ” آپ نے ہمیں اور ہمارے گھر کو اتنی خوشیاں دی ہیں ہم بھلا آپ کو کسیے لوٹ سکتے ہیں "اس کے علاوہ ڈاکوؤں نے عمر شریف کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
یہی نہیں قصہ سنانے والے اداکار شفیع محمد شاہ،ثمینہ احمد،جاوید شیخ اور کئی فنکاروں کے قصے بھی سناتے ہیں جنہیں ڈاکوؤں نے اسی لیے رعایت دی تھی کہ وہ ان فنکاروں کے فین تھے۔
حکومت کے مقابلے میں تو یہ ڈاکو اچھے ہیں جو اداکاروں کے ساتھ رعایت تو کر رہے ہیں۔ بات یہ ہے کہ یہ آفر آخر کب تک چلے گی۔ عام آدمی کو بھی تو رعایت مالنی چاہیے۔ موجودہ حالات کو دیکھ کر تو ایسا لگتا ہے کہ مستقبل میں ڈاکو بھی اپنے پسندیدہ فنکاروں کو دیکھ کر کوئی اہمیت نہیں دیں گے کیوں کہ انہیں اپنا اور اپنے بچوں کا پیٹ بھی تو بھرنا ہے۔
کراچی کے امن وامان کا مسئلہ آخر کیسے حل ہوگا؟ ایک شہر جو منی پاکستان کہلاتا ہے کروڑوں لوگ یہاں رہتے ہیں اگر روزانہ کی بنیاد پر یہاں موبائل فون چھین لیے جائیں گے۔ راہ چلتے بے قابو ٹرالر پچوں کو کچلتے ہوئے نکل جائیں گے۔ نامعلوم افراد کسی کو بھی مار کر بھاگ جائیں گے تو پھر اس شہر میں آخر کون رہے گا۔ یہی حالات رہے تو ممکن ہے چند سالوں میں لوگ یا تو باہر ممالک چلے جائیں جیسا کہ جارہے ہیں یا پھر لاہور کا رخ کریں۔جب کراچی میں وجیہ ثانی جیسے میڈیا کے لوگ بھی محفوظ نہیں ہیں تو عام آدمی کو کیا رویا جائے۔
بہرحال ہمیں یقین کے کہ موبائل فون چھینے والوں کو یہ اندازہ نہیں ہوگا کہ وہ وجیہ ثانی کا موبائل چھین رہے ہیں اگر وہ ان کو پہچان لیتے یا کسی مشاعرے میں ان کا کلام سنا ہوتا یا انہیں نظامت کرتے ہوئے دیکھا ہوتا تو وہ کبھی ایسی بیہودہ حرکت نہیں کرتے۔ شکر ہے کہ وجیہ ثانی خیریت سے ہیں۔ کراچی میں ویسے ہی اچھے شعراء کی کمی ہے۔ ہمارا شہر کسی اچھے شاعر کو کھونے کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے۔