کورونا وائرس کی روک تھام اور تدارک کیلئے تیاری مکمل ہے: ڈاکٹرظفر مرزا

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے۔

کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 2 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طب کی اخلاقیات میں مریض کی معلومات نہیں بتائی جاتی ہیں لہٰذا مریض سے متعلق معلومات کو پھیلانے سے گریز کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک مریض کی تشخیص سندھ اور دوسرے کی وفاقی علاقے میں ہوئی ہے اور دونوں کیسز کا تعلق ایران کے سفر کے ساتھ ہے، ان لوگوں نے ایران کا سفر کیا ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ہمیں بلاضرورت پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، کسی خوف و ہراس کی ضرورت نہیں بلکہ موجودہ صورتحال میں ہمیں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ہم اِس وقت 100 سے زائد مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کر چکے ہیں اور وہ تمام افراد کلیئر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کوئی چین یا ایران کا سفر کرچکا ہے اور علامات پائی جاتی ہیں تو ڈاکٹر سے رابطہ کریں، علامات کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 1166 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ ایک ماہ میں جو اقدامات کیے ہیں، امید ہے کہ کورونا کا مسئلہ زیادہ نہیں ہوگا جبکہ وائرس کی روک تھام اور تدارک کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے، کل ہم تفتان جارہے ہیں اور ایک ایک چیز پر حکومت کی نظر ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپیل کی کہ مریضوں کو ڈھونڈنے کی کوشش نہ کریں اور غلط خبریں نہ پھیلائیں۔

[pullquote]زائرین کی آمد و رفت اور اسکریننگ کو مانیٹر کیا جارہا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان[/pullquote]

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے متعلق مکمل احتیاطی تدابیر اپنائی جائیں گی اور چند دنوں میں کوئٹہ میں بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی سہولت شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ زائرین کی آمد و رفت اور اسکریننگ کو مانیٹر کیا جارہا ہے جبکہ چمن اور دیگر سرحدی علاقوں کو بھی مانیٹر کررہے ہیں، تمام ادارے اپنا کام کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور یہ کیسز کراچی اور اسلام آباد میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

کراچی کے 22 سالہ یحییٰ جعفری میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ اسلام آباد سے تشخیص ہونے والے مریض کی معلومات سامنے نہیں آسکی ہیں۔

دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے اور دونوں کو آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے