حکومت نے شریف برادران کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے پر عزم ہیں، عوام کو ریلیف دینے کے لیے وزیر اعظم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔
معاون خصوصی کہتی ہیں کہ حکومتی اقدامات سے قیمتوں میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، آنے والے دنوں میں روزمرہ اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی ہو گی۔
لندن میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف کی واپسی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے اپنے علاج سے متعلق کوئی رپورٹ پنجاب حکومت کو جمع نہیں کرائی، نواز شریف کو پاکستان واپس لانے کا وقت آپہنچا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ حکومت شریف برادران کو ڈی پورٹ کرنے کے لیے برطانوی حکومت کو خط لکھے گی۔
افغان امن معاہدے پر انہوں نے کہا کہ کل پوری قوم کے لیے ایک اہم خوشخبری تھی، افغان معاہدہ سے پاکستان اور پاکستانی قیادت کا سرفخر سے بلند ہوا ہے، افغان امن معاہدہ عمران خان کے مؤقف کی تائید ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپنی حیثیت کے مطابق افغان پناہ گزینوں کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں، افغانستان میں امن سے خطے میں امن آئے گا، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، ڈائیلاگ ہی واحد حل ہے۔