صحافی عزیز میمن کے قتل پر جے آئی ٹی تشکیل

کراچی: سندھ حکومت نے صحافی عزیز میمن کے قتل پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔

9 رکنی جے آئی ٹی کی تشکیل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی منظوری کے بعد کی گئی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ نے جے آئی ٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق جے آئی ٹی ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) پولیس حیدرآباد ریجن کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے۔

جے آئی ٹی میں پولیس، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، اسپیشل برانچ کے افسران اور ماہرین کو شامل کیا گیا ہے اور یہ ٹیم 15 روز میں رپورٹ پیش کرے گی۔

گزشتہ ماہ 16 فروری کو ضلع نوشہروفیروز کے شہر محراب پور میں سندھی چینل کے ٹی این کے رپورٹر عزیز میمن کی لاش نہر سے برآمد ہوئی تھی جس کے بعد قتل کے شبے میں ان کے ساتھی کیمرہ مین کو حراست میں لیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (اے آئی جی) پولیس حیدرآباد ریجن ڈاکٹر ولی اللہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کو بتایا تھا کہ میڈیکل رپورٹ میں صحافی کے قتل کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ نجی ٹی وی کے رپورٹر عزیز میمن کی موت طبعی ہے۔

مقتول صحافی عزیز میمن کو گذشتہ سال بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کے دوران اس وقت شہرت ملی تھی جب انہوں نے ٹرین مارچ میں 200 روپے لے کر آنے والی خواتین کی اسٹوری کی تھی۔

خبر کے بعد مقتول صحافی عزیز میمن کو دھمکیاں مل رہی تھیں جس کا اظہار انہوں نے کئی بار کیا بھی تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے