مرد اور عورت کو آپس میں لڑانے والے خاندانی نظام تباہ کرناچاہتے ہیں: سراج الحق

جماعت اسلامی کے زیراہتمام آج کراچی کے باغ جناح میں خواتین کانفرنس منعقد کی گئی جس کا نعرہ ”قوم کی عزت ہم سے ہے“رکھا گیا تھا۔

خیال رہے کہ عالمی یوم خواتین کے حوالے سےجماعت اسلامی نے ‘خواتین کانفرنس‘ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا جب کہ کل مختلف تنظیموں کی جانب سے مختلف شہروں میں ‘عورت مارچ’ منعقد کیے جائیں گے۔

خواتین کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی جنرل سیکریٹری دردانہ صدیقی اور دیگر خواتین رہنماؤں نے خطاب کیا۔

کانفرنس میں مختلف شعبوں و مکتبہ فکر سے وابستہ خواتین ڈاکٹرز، اساتذہ، وکلاء، طالبات اور ورکنگ ویمن سمیت شہر بھر سے خواتین شریک ہوئیں۔

خواتین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں خواتین کی عزت اور ان کامستقبل محفوظ ہو۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ مرد اورعورت کو آپس میں لڑانے والے انسانیت اور خاندانی نظام تباہ کرناچاہتے ہیں، مرد اور عورت ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں،مغرب زدہ تھوڑے لوگ اسلامی معاشرہ کو یرغمال اور کلچر تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں آج بھی اگر اللہ کے بعد کسی سے ڈرتا ہوں تو وہ میری ماں ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ خواتین کو وراثت میں ان کا حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن ایسے مرد کو الیکشن میں حصہ نہ لینے دے جو اپنی بہن کو وراثت میں حق نہ دے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایسے مرد کو الیکشن میں حصہ نہ لینے دے جو بیوی کو حق مہر نہ دے اور مرد امیدواروں سے اپنی بہن کو جائیداد میں حصہ دینے کا سرٹیفیکیٹ طلب کیا جائے۔

سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر خواتین کے لیے الگ ٹرانسپورٹ کا نظام بنایا جائے ا ور خواتین ملازمین کو مستقل کیا جائے اور خواتین کو تعلیم کا حق دیا جائے۔

انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ شہروں اور دیہات میں خواتین کو صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں اور خواتین کو اسپورٹس کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے