عالمی یوم خواتین پر لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ’عورت مارچ‘ اور دیگر ناموں سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی کے فریئر ہال میں عورت مارچ کے شرکاء جمع ہوئے جس میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی نمایاں شخصیات سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
اس موقع پر شرکاء نے خواتین کے خلاف منفی سماجی رویوں کے خلاف نعرے لگائے اور خواتین کو حقوق دینے کا مطالبہ کیا۔
خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی کے ساحل سی ویو پر خواتین کی بائیک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔
ریلی میں 200 سے زائد خواتین نے سی ویو پر بائیک چلائی، ریلی میں شریک خواتین نے تقریباً دو کلو میٹر کا سفر طے کیا ۔
ریلی کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد ملک بھر کی خواتین کو یہ پیغام دینا ہے کہ معاشرے کی خواتین بااختیار اور بااعتماد ہیں، شرکاء خواتین کا کہنا تھاکہ ہیوی بائیک چلانا بھی ایک آرٹ ہے اور اب خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔
[pullquote]لاہور میں بھی یوم خواتین پر تقریبات[/pullquote]
لاہور میں بھی عورت مارچ کے شرکاء نے پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی، اس دوران نوجوان فن کاروں کی جانب سے اپنے فن کا مظاہرہ کیا گیا اور خواتین کے مسائل کی نشاندہی کے لیے اسٹریٹ تھیٹر پیش کیا گیا۔
مارچ میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے، اس موقع پر خواتین نے خوب نعرے بھی لگائے جبکہ خواتین کے ساتھ مردوں نے بھی عورت مارچ میں شرکت کی۔
مارچ کی شرکاء نے کہا کہ برابری کے حقوق مانگے کے لیے سڑکوں پر آئی ہیں۔
عورت مارچ کے شرکاء کی حفاظت کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے ڈیوٹی سرانجام دی۔
لاہور میں جماعت اسلامی خواتین ونگ کے زیر اہتمام تکریم نسواں ریلی کا انعقادکیا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے ناصر باغ ریلی میں شرکت کی۔
ریلی میں کالجز اور جامعات کی طالبات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں شامل ہوئیں۔
[pullquote]اسلام آباد میں عورت مارچ پر پتھراؤ[/pullquote]
نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر عورت مارچ میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عورت مارچ کے منشور پر مشتمل نعرے درج تھے۔
اسلام آباد میں عورت مارچ کے شرکاء پر بعض افراد نے پتھراؤ بھی کیا اور جوتے پھینکے جس کے باعث عورت مارچ کے شرکاء کو وہاں سے جانا پڑا، پتھراؤ اس وقت کیا گیا جب مارچ اختتام کو پہنچ رہا تھا۔
[pullquote]پشاور[/pullquote]
خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے ریلیوں اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔
پشاور پریس کلب میں منعقدہ سیمینار میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی، سیمینار ملک بھر میں شہید کی گئی خواتین کے نام منسوب کیا گیا۔
[pullquote]کوئٹہ میں بھی یوم خواتین پر ریلی کا انعقاد[/pullquote]
عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں کوئٹہ میں بھی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیاگیا۔
کوئٹہ میں نکالی گئی ریلی میں سول سوسائٹی کے مردو خواتین نمائندے شریک ہوئے،فوٹو ، آئی این پی
کوئٹہ کے بلدیہ لان سے نکالی گئی ریلی میں سول سوسائٹی کے مرد و خواتین نمائندے شریک ہوئے، ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پوسٹرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔
شرکاء کا مطالبہ تھا کہ خواتین کو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھرپور مواقع سمیت دیگر حقوق دئیے جائیں۔
[pullquote]حیدر آباد میں بھی یوم خواتین پر ریلیاں نکالی گئیں[/pullquote]
عالمی یوم خواتین کے موقع پر حیدرآباد میں بھی مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔
قومی عوامی تحریک کی ذیلی تنظیم سندھیانی تحریک، سماجی تنظیموں جامنی بازار اور روشنی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایس ایس پی چوک سے پریس کلب تک ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔
اس کے علاوہ سکھر، فیصل آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی یوم خواتین کے حوالے سے عورت مارچ اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
[pullquote]عالمی یوم خواتین: دفتر خارجہ کا بھارتی مظالم کا شکار کشمیری خواتین کو خراج تحسین[/pullquote]
پاکستان نے عالمی یوم خواتین پر بھارتی مظالم کا شکار کشمیری خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کاشکار تمام کشمیری خواتین کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 31 برس میں مقبوضہ کشمیر میں 22 ہزار سے زائد خواتین بیوہ ہوئیں، 2377 خواتین کو قتل کیا گیا اور 11 ہزار 179 خواتین سے بدسلوکی اور عصمت دری کی گئی۔
ترجمان کے مطابق خواتین رہنما آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی اور دیگر کشمیری خواتین کو قید میں رکھا گیا۔
دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کے لیے برسرپیکار کشمیری خواتین کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی یوم خواتین منایا جارہا ہے جس کی مناسبت سے دنیا بھر میں خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں اور اداروں کی جانب سے مختلف تقریبات اور سیمنارز منعقد کیے گئے ہیں۔
[pullquote]ماں، بیٹی، بہن، بیوی، عورت ہر روپ میں رحمت[/pullquote]
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صنف نازک کی صلاحیتوں، خدمات اور معاشرے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
گھر ہو یا دفتر، اسپتال ہو یا میدان جنگ ہر شعبے میں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، خواتین کے عالمی دن کو منائے جانے کا مقصد صنفی امتیاز کے خاتمے اور خواتین کے مساوی حقوق کے لیے کوششوں کی اہمیت اجاگر کرنا ہے۔
یوم خواتین کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں۔
[pullquote]اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا پاکستانی خواتین کو خراجِ تحسین[/pullquote]
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے یوم خواتین کے موقع پر پاکستانی خواتین پیس کیپرز کے کردار اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستان کی تینوں مسلح افواج میں پاکستانی خواتین کی شمولیت دفاع وطن کے لیے ان کے عزم، خدمت اور جذبے کی بہترین عکاس ہے۔
اقوم متحدہ کے مختلف امن مشنز میں اس وقت 78 پاکستانی خواتین پیس کیپرز اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔
[pullquote]چادر اور چار دیواری کے تحفظ کے لیے سب کی ذمے داریاں متعین ہیں: فردوس عاشق[/pullquote]
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ خواتین مارچ پر کوئی قدغن نہیں، خواتین کا اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا حوصلہ افزا بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ چادر اور چار دیواری کے تحفظ کے لیے سب کی ذمے داریاں متعین ہیں، حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم قانون سازی کی۔
[pullquote]شہید بینظیر بھٹو خواتین کے لیے روشنی کا مینار ہیں: بلاول بھٹو[/pullquote]
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کے لیے وہ ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر قدم کی حمایت کرے گی، شہید بینظیر بھٹو خواتین کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔
[pullquote]سینیٹر فیصل کا وزیراعظم عمران خان کی والدہ کو خراجِ تحسین[/pullquote]
سینیٹر فیصل جاوید نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعظم عمران خان کی والدہ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیصیل جاوید نے کہا کہ ’عمران خان سے بڑھ کسی خاتون کو کون خراج تحسین پیش کر سکتا ہے جنہوں نے اپنی والدہ کو کینسر میں مبتلا ہو کر جان سے جاتے ہوئے دیکھا، اور ایک خاتون کو خراج تحسین کے طور پر ایک اسپتال قائم کیا اور اب یہ دنیا کا واحد کینسر اسپتال بن گیا ہے جو 70 فیصد سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
[pullquote]بھارتی مظالم کے باوجود حو صلہ نہ ہارنے والی کشمیری خواتین کی عظیم جہدو جہد کو سلام[/pullquote]
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھارتی مظالم کے باوجود حو صلہ نہ ہارنے والی کشمیری خواتین کی عظیم جہدو جہد کو سلام۔
مقبوضہ کشمیر میں 22 ہزار سے زائد خواتین بیوہ، بڑی تعداد میں کشمیری خواتین کے شوہر لا پتہ جب کہ 9 فیصد خواتین کی عصمت دری کی گئی۔
[pullquote]خواتین کا عالمی منانے کا آغاز کیسے ہوا؟[/pullquote]
مرد و خواتین کے مساوی حقوق کے لیے خواتین کی جدوجہد کا آغاز تقریباً ایک صدی پہلے امریکا کی سرزمین سے ہوا، 1908 میں ہزاروں خواتین صنفی امتیاز کے خلاف اور خواتین کے حق رائے دہی اور مساوی تنخواہوں کے مطالبات لے کر نیویارک کی سڑکوں پر نکلیں، جس کے بعد 28 فروری 1909 کو امریکا میں یوم خواتین منایا گیا۔
پھر امریکا سے شروع ہونے والی خواتین کی مساوی حقوق کی جدوجہد سالوں کا سفر طے کرتی یورپ، سویت یونین اور دوسرے ممالک تک پہنچی۔
1914 میں یوم خواتین منانے کے لیے 8 مارچ کا دن منتخب کیا گیا اور پھر 1975 میں اقوام متحدہ نے 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن قرار دے دیا۔
اب ہر سال دنیا بھر میں 8 مارچ کو خواتین کے مساوی حقوق کے لیے احتجاجی ریلیاں، خواتین مارچ اور یوم خواتین کی مناسبت سے سیمینارز، مباحثوں اور ملاقاتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
[pullquote]خواتین کے عالمی دن پر گوگل کا خراج تحسین[/pullquote]
دوسری جانب خواتین کے عالمی دن پر گوگل نے اپنا ’’ڈوڈل‘‘ تبدیل کر کے خواتین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ گوگل نے ڈوڈل کو ویڈیو کی صورت میں پیش کیا ہے جس میں خواتین کی صلاحیتوں کو زندگی کے ہر شعبے میں اُجاگر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔