عورت مارچ والی بہنیں خود کو تنہا نہ سمجھیں، میں آپ کے ساتھ ہوں: سراج الحق

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ جو لوگ خواتین کو حقوق دینے میں رکاوٹ ہیں، ان کا مل کر مقابلہ کریں گے۔

تکریم نسواں مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ نبوت کے بعد کائنات کا سب سے بڑا ادارہ عورت ہے، اسلام سے قبل عورت کو برائی کا سرچشمہ سمجھا جاتا تھا، اسلام نے خواتین کو تعلیم کا حق دیا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یورپ میں بچیاں باپ کی شفقت سے محروم ہیں، مغرب کی بہنیں بھائیوں کی محبت اور بیویاں شوہروں کی وفاداری سے محروم ہیں مگر اسلام خواتین کو تمام حقوق دیتا ہے اور اسلام ترقی میں رکاوٹ نہیں ہے۔

عورت مارچ سے متعلق سراج الحق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ متنازع نعرے لگانے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں، عورت مارچ والی بہنیں خود کو تنہا نہ سمجھیں، میں آپ کے ساتھ ہوں، آپ اپنے مطالبات مجھ تک پہنچائیں، میں آپ کی آواز سینیٹ میں اٹھاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ خواتین کوحقوق دینے میں رکاوٹ ہیں ان کا مل کرمقابلہ کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں دفاتر میں خواتین کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے جس کے لیے قانون سازی کرنی ہوگی، حکومت بجٹ کا 33 فیصد خواتین کے لیے مختص کرے اور ہماری بیٹیاں چاند سے آگے مریخ پر جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری بہنوں کو وراثت میں حق دیا جائے، یہ کوئی خیرات نہیں اور جماعت اسلامی میں آئندہ کسی ایسے فرد کو ٹکٹ نہیں ملے گا جب تک وہ یہ نہ بتا دے کہ اس نے بہن کو میراث میں حصہ دیا کہ نہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج صنف نازک کی صلاحیتوں، خدمات اور معاشرے میں ان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔

یوم خواتین کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے