معروف عالمِ دین مولانا ناصر مدنی کو نامعلوم افراد نے اغواء کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
عالم دین مولانا ناصر مدنی تھانہ مزنگ پہنچے جہاں انہوں نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ نامعلوم افراد انہیں مزنگ سے اغواء کر کے کھاریاں لے گئے اور ان سے بھتہ مانگا اور برہنہ کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔
مولانا ناصر مدنی نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مزید بتایا کہ انہیں پہلے بھی دھمکیاں مل رہی تھیں۔
عالم دین مولانا ناصر مدنی نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نےہوم سیکرٹری کو بھی درخواست دی تھی لیکن تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔
اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست مل چکی ہے، طبی ملاحظے کے بعد قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اغواء کاروں نے یوٹیوب چینل کا پاس ورڈ مانگ کر کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر چلائی: مولانا ناصر مدنی
قبلِ ازیں مولانا ناصر مدنی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے اوپر ہونے والے تشدد کے نشانات میڈیا کو دکھائے۔
مولانا ناصر مدنی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اغواء کاروں نے ان کے یوٹیوب چینل کا پاس ورڈ مانگا اور چینل پر ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر بھی چلا دی۔