اتوار : 19 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کی وجہ سے ہفتے کے دن یورپ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ان میں سے صرف اسپین میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد بیس ہزار کے قریب بنتی ہے۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے عالمی سطح پر اموات کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار ہو چکی ہے۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق اس وقت اس بیماری سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 2.3 ملین ہو چکی ہے۔ کووڈ انیس کے پھیلاؤ کو سست کرنے کی خاطر دنیا بھر میں 4.5 بلین افراد براہ راست سماجی رابطوں کو ختم کرتے ہوئے گھروں پر مقید ہیں۔

[pullquote]ووہان کی فٹ بال ٹیم کا کورونا وائرس کی ابتدا کی جگہ کا دورہ[/pullquote]

چینی شہر ووہان کی فٹ بال ٹیم نے کورونا وائرس کے گراؤنڈ زیرو کا دورہ کیا۔ چینی سپرلیٹ میں شامل ووہان زال ٹیم کے کھلاڑی تین ماہ سے زائد عرصے تک دربدر رہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ٹیم اسپین میں بھی پھنسی رہی، کیوں کہ ووہان شہر سیل کر دیے جانے کے بعد یہ کھلاڑی جنوری میں اسپین سے ووہان کے لیے روانہ نہیں ہو سکے تھے۔ ان کھلاڑیوں نے اس مقام کا دورہ کیا، جہاں کورونا وائرس کا پہلا مریض سامنا آیا تھا۔ کھلاڑیوں اس جگہ پر گلدستے رکھے۔ واضح رہے کہ کئی ماہ کی بندش کے بعد ووہان شہر کو اب دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

[pullquote]اسرائیل کی جانب سے حزب اللہ پر ’اشتعال انگیز کارروائیوں‘ کا الزام[/pullquote]

اسرائیل نے لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ پرلبنانی اسرائیلی سرحد پر ’اشتعال انگیز کارروائیوں‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے باقاعدہ شکایت کی جائے گی۔ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے الزام عائد کیا کہ حزب اللہ نے جمعے کی شب سرحد کی خلاف وزری کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس عمل کی مذمت کرتے ہیں اور لبنانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے واقعات کو روکے۔

[pullquote]فلپائنی فوج نے جہادی بم ساز ہلاک کر دیا[/pullquote]

فلپائنی فوج نے ملک کے جنوبی حصے میں ایک کارروائی میں جہادی تنظیم ابو سیاف سے وابستہ ایک بم ساز کو ہلاک کر دیا ہے۔ گیارہ فوجیوں کی ہلاکت کے بعد فوج نے اس دہشت گردہ کے خلاف عسکری آپریشن کا آغاز کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت منیلا سے ایک ہزار کلومیٹر جنوب میں تالی پاؤ کے قصبے میں انسداد دہشت گردی فورس نے کارروائی کی۔ حکام کے مطابق اس کارروائی میں ابوسیاف سے وابستہ وکرم نامی بم ساز ہلاک ہو گیا۔ وکرم پر الزام تھا کہ وہ جولائی 2019 میں جولو جزیرے پر ایک مسیحی چرچ پر ہونے والے بم حملے میں ملوث تھا۔ اس واقعے میں بیس افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]لاک ڈاؤن کے خلاف امریکا میں مظاہرے[/pullquote]

امریکا کی کئی ریاستوں میں لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہروں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ پیر کے دن سے کئی ریاستوں میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن ختم کرنا شروع کر دیا جائے گا۔ امریکا میں نئے کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد سات لاکھ تیس ہزار سے زائد ہے جبکہ اڑتیس ہزار چھ سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں بظاہر ان مظاہروں کی حمایت کی ہے۔

[pullquote]مالی میں آج قومی اسمبلی کے انتخابات کے پولنگ[/pullquote]

کورونا وائرس اور جہادیوں کے حملوں کے خطرات کے باوجود آج مالی میں عوام قومی اسمبلی کے انتخابات کے حتمی مرحلے میں اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 19 ملین ووٹر قومی اسمبلی کی 147 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالیں گے۔ ان انتخابات کا پہلا مرحلہ 29 مارچ کو منعقد ہوا تھا، تاہم وہ جہادیوں کے حملوں اور دھمکیوں کی وجہ سے مسائل کا شکار ہو گیا تھا۔ پچھلے مرحلے میں دارالحکومت بماکو میں ووٹرز ٹرن آؤٹ محض بارہ اعشاریہ نو فیصد رہا تھا۔

[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے قریب ڈھائی ہزار کیسز کا اضافہ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں گزشتہ روز چوبیس سو اٹھاون نئے کیسز کا اضافہ ہوا۔ جرمنی کے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ برائے متعدی امراض کی جانب سے اتوار کے روز بتایا گیا ہے کہ اب جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ انتالیس ہزار آٹھ سو ستانوے ہو گئی ہے۔ ہفتے کے روز تین ہزار چھ سو نو کیس رپورٹ کیے گئے تھے۔ جرمنی میں اس وائرس سے مزید ایک سو چوراسی افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اس طرح یہاں اس متعدی وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار ہزار دو سو چورانوے ہو گئی ہے۔ جرمنی میں جمعے کو دو سو ننانوے اور ہفتے کو دو سو بیالیس ہلاکتوں کا بتایا گیا تھا۔

[pullquote]بل گیٹس کورونا وائرس کے خلاف ویکیسن کی تیاری کے حوالے سے پرامید[/pullquote]

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ اگلے سال کے آخر تک کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تیار ہو جائے گی۔ ہفتے کی رات ورچوئل ’’ون ورلڈ، ٹوگیدر ایٹ ہوم‘‘ نامی کانسرٹ میں بل گیٹس نے کہا کہ کئی طرح کی ممکنہ ویکسینز اس وقت موجود ہیں اور وہ پرامید ہیں کہ کوئی موثر ویکسین اگلے سال کے آخر تک موجود ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وائرس کا خاتمہ اس وقت ہو گا جب دنیا میں ہر شخص کی کورونا وائرس کے خلاف ویکسین تک رسائی ہو گی۔

[pullquote]جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت کی مقبولیت میں نمایاں کمی، سروے[/pullquote]

ایک تازہ عوامی جائزے میں بتایا گیا ہے کہ جرمنی میں انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی یا اے ایف ڈی عوامی مقبولیت کے اعتبار سے سن دو ہزار سترہ کے بعد کی کم ترین سطح پر ہے۔ کنتار پولنگ انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کرایا گیا یہ عوامی سروے جرمن اخبار بلڈ ام زونٹاگ میں شائع کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب اس جماعت کو فقط نو فیصد جرمن شہریوں کی حمایت حاصل ہے، جو گزشتہ ڈھائی سال کی کم ترین سطح ہے۔ جرمنی میں اتحادی حکومت میں شامل جماعتوں کی مقبولیت میں قدرے اضافہ دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں نئے کورونا وائرس کے 32 نئے کیس[/pullquote]

تھائی لینڈ میں مزید 32 افرادمیں نئے کورونا وائرس کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم بتایا گیا ہے کہ وہاں کوئی نئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ تھائی لینڈ میں اب نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو ہزار سات سو پینسٹھ ہو گئی ہے۔ اتوار کے روز تھائی حکام نے بتایا کہ ان نئے کیسز میں سے 28 دارالحکومت بنکاک میں سامنے آئے۔ حکومت کے مرکز برائے کووِڈ انیس کے مطابق ملک بھر میں اس وبا سے ہونے والی مجموعی ہلاکتیں 47 ہیں۔

[pullquote]امریکا سے گوئٹے مالا واپس بھیجے گئے تارکین وطن میں سے 32 میں کورونا وائرس کی تشخیص[/pullquote]

امریکا بدر کر کے گوئٹے مالا واپس بھیجے گئے تارکین وطن میں سے 32 میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ گوئٹے مالا کی وزارت صحت کے مطابق یہ غیرقانونی تارکین وطن رواں ہفتے کے آغاز پر ایک خصوصی پرواز کے ذریعے امریکا سے گوئٹے مالا بھیجے گئے تھے۔ حکام کے مطابق ان میں سے ایک میں پیر کو اس وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جب کہ جمعے کو 12 اور ہفتے کو مزید 19 تارکین وطن میں نئے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ٹرمپ حکومت گوئٹے مالا پر زور دے رہی ہے کہ وہ موجودہ صورت حال میں بھی امریکا بدر کیے جانے والے اپنے شہریوں کو قبول کرے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے