[pullquote]نئے کورونا وائرس کے دنیا بھر میں متاثرين کی تعداد اڑتيس لاکھ سے متجاوز[/pullquote]
امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنيا بھر ميں نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 3,847,047 ہو چکی ہے۔ اب تک 269,594 افراد کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ عالمی سطح پر اس بیماری سے صحت یاب ہونے والے افراد 1,285,946 ہيں۔ وبا سے سب سے زيادہ متاثرہ ملک امريکا ہے، جہاں متاثرين کی تعداد بارہ لاکھ چھپن ہزار سے زائد ہے۔ دنيا بھر کے 187 ممالک اور خطوں ميں اب تک نئے کورونا وائرس کی تصديق ہو چکی ہے۔
[pullquote]وبا نفرت کے سونامی کا سبب بن رہی ہے، انٹونيو گوٹيرش[/pullquote]
اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل انٹونيو گوٹيرش نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی عالمگير وبا نفرت کے سونامی کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے جمعے کو جاری کردہ اپنے بيان ميں خبردار کيا کہ موجودہ وبا کے دور ميں اجنبيوں سے خوف، الزام تراشی اور خوف ميں اضافہ ہو رہا ہے۔ گوٹيرش کے بقول کئی ملکوں اور خطوں ميں غير ملکیوں اور مسلمانوں پر حملے ہوئے جبکہ مہاجرين و پناہ گزينوں کو اس وبا کی وجہ بھی قرار ديا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل نے سياسی رہنماؤں پر زور ديا کہ وہ تمام رنگ و نسل کے لوگوں کے ساتھ يکجہتی کا مظاہرہ کريں اور تعليمی اداروں ميں ڈيجيٹل تعليم پر بھی زور ديں۔
[pullquote]وائرس کی تخليق کے حوالے سے امريکی الزام پر جرمنی ميں شکوک و شبہات[/pullquote]
جرمنی کی ايک داخلی انٹيليجنس رپورٹ ميں نئے کورونا وائرس کی چينی شہر ووہان کی ايک ليبارٹری ميں تخليق کے امريکی دعووں پر شک و شبے کا اظہار کيا گيا ہے۔ رپورٹ ميں کہا گيا ہے کہ ممکنہ طور پر يہ الزام وبا سے نمٹنے ميں غلطيوں سے توجہ ہٹانے کے ليے لگايا گيا۔ اس بارے ميں رپورٹ معتبر جرمن جریدے ’ڈيئر اشپيگل‘ ميں آٹھ مئی کو شائع ہوئی۔ جرمن خفيہ ايجنسی بی اين ڈی نے شواہد کے ليے امريکی قيادت ميں ’فائيو آئيز‘ نامی گروپ کے رکن ملکوں سے بھی رجوع کيا تاہم نيوزی لينڈ، برطانيہ، کينيڈا اور آسٹريليا ميں سے کسی نے بھی اس الزام کی حمايت نہيں کی۔ امريکی وزير خارجہ نے اتوار کو کہا تھا کہ کورونا وائرس کی چينی ليبارٹری ميں تخليق کے بہت زيادہ ثبوت موجود ہيں۔
[pullquote]شام ميں داعش اور ديگر مسلح گروپ پھر متحرک[/pullquote]
اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشيل باچليٹ نے بتايا ہے کہ شام ميں شدت پسند تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ اور ديگر مسلح دھڑے نئے کورونا وائرس کی وبا کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہريوں پر اضافی حملے جاری رکھے ہوئے ہيں۔ باچليٹ نے صورت حال کو ايک ’ٹائم بم‘ سے تعبير کيا۔ ان کے بقول مسلح گروپ دوبارہ متحد ہو رہے ہيں اور سويليز کو نشانہ بنانے کے واقعات ميں اضافہ ہوا ہے۔ باچليٹ نے زور ديا کہ اس مسئلے کو نظر انداز نہيں کيا جانا چاہيے۔
[pullquote]دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے پچھتر برس مکمل، يورپ ميں محدود تقاريب[/pullquote]
دوسری عالمی جنگ کے خاتمے کے پچھتر برس مکمل ہونے کے موقع پر آج يورپ ميں محدود سطح پر چند تقريبات منعقد ہو رہی ہيں۔ جرمنی ميں صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر اور چانسلر انگيلا ميرکل ملک کے مرکزی ميموريل پر پھول چڑھا کر خراج عقيدت پيش کريں گے۔ اس موقع پر برطانيہ اور فرانس ميں بھی تقاريب منعقد ہو رہی ہيں۔ امريکا ميں بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ايک خصوصی تقريب ميں شرکت کر رہے ہيں۔ لگ بھگ پچاس ملين افراد کی موت کا سبب بننے والی دوسری عالمی جنگ، جرمنی ميں نازيوں کے ہتھيار ڈالنے کے ساتھ پچھتر برس قبل ختم ہوئی تھی۔ وبا کے باعث يورپ بھر ميں تقريبات کافی حد تک معطل کر دی گئی ہيں يا پھر بہت ہی محدود سطح پر جاری ہيں۔
[pullquote]مصر ميں ہنگامی حالت کے قوانين ميں وسيع تر اصلاحات[/pullquote]
مصری صدر عبدالفتاح السيسی نے ہنگامی حالت سے متعلق ملکی قوانين ميں وسيع تر اصلاحات کی توثيق کر دی ہے۔ ہيومن رائٹس واچ کے مطابق پارليمان کی جانب سے منظور شدہ نئی تراميم صدر السيسی اور ملکی سکيورٹی ايجنسيوں کو حد سے زيادہ اختيارات ديتی ہيں، جن کے تحت صدرمخصوص اشياء کی تجارت رکوا سکتے ہيں، اسکول بند کرا سکتے ہيں، نجی سيکٹر ميں تمام تر کام رکوا سکتے ہيں، نجی و پبلک تمام تر اجتماعات پر پابندی عائد کر سکتے ہيں اور مصر کا سفر کرنے والے مسافروں کو قرنطينہ کر سکتے ہيں۔ مصر ميں اپريل سن 2017 سے ايمرجنسی نافذ ہے۔
[pullquote]ايران ميں زلزلہ، دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی[/pullquote]
ايران کے شمالی حصوں ميں آج جمعے کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کيے گئے۔ ريکٹر اسکيل پر 5.1 کی شدت کے اس زلزلے کے نتيجے ميں اب تک دو افراد کی ہلاکت اور بائيس ديگر کے زخمی ہونے کی تصديق ہو چکی ہے۔ زلزلے کے جھٹکے صوبہ تہران اور صوبہ مزان داران کی سرحد کے قريب محسوس کيے گئے۔ بعد ازاں کم شدت کے بھی کئی جھٹکے محسوس کيے گئے۔ حکام نے بتايا کہ زلزلے سے بہت زيادہ جانی و مالی نقصان نہيں ہوا۔
[pullquote]افغان صوبہ خوست کے پوليس چيف بم دھماکے ميں ہلاک[/pullquote]
افغانستان ميں سڑک کنارے نصب ايک بم پھٹنے سے صوبہ خوست کے پوليس چيف ہلاک ہو گئے ہيں۔ بريگيڈيئر جنرل سيد احمد ببازی مغربی صوبے ميں عسکریت پسندوں کے خلاف ايک آپريشن ميں شريک تھے، جب جمعرات کی شب يہ واقعہ پيش آيا۔ دھماکے ميں ان کے سيکرٹری اور محافظ بھی ہلاک ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کر لی ہے۔ قبل ازيں خصوصی امريکی مندوب برائے افغانستان زلمے خليل زاد نے جمعرات کو بتايا تھا کہ تشدد ميں کمی کے ليے انہوں نے طالبان سے بات چيت کی ہے۔ خليل زاد اسی سلسلے ميں پاکستان، بھارت اور دوحہ بھی گئے تھے۔
[pullquote]بھارت: سامان بردار ٹرين کی زد ميں آ کر سولہ مہاجر ورکرز ہلاک[/pullquote]
مغربی بھارتی رياست مہاراشٹرا ميں ايک سامان بردار ٹرين کی زد ميں آ کر سولہ مہاجر ورکرز ہلاک ہو گئے ہيں۔ يہ واقعہ اورنگ آباد ضلعے کے کرماد نامی علاقے ميں جمعے کو پيش آيا۔ مقامی پوليس اہلکار وشال نيہول نے بتايا کہ يہ ورکرز ٹرين پر پٹريوں پر چہل پدمی کر رہے تھے اور بعد ميں چند وہيں سو گئے اور يوں ٹرين کے نيچے آ گئے۔ تمام ہلاک شدگان مرد تھے اور ان کا تعلق مدھيا پرديش سے ہے۔ بيس ورکرز زخمی بھی ہوئے، جنہيں ہسپتال پہنچا ديا گيا ہے۔ بھارت ميں دور دراز علاقوں سے ملازمت کے ليے لاکھوں ورکرز شہروں کا رخ کرتے ہيں تاہم وبا کے باعث ايسے ورکرز بے روزگار ہو گئے ہيں۔
[pullquote]يورپ کو مہاجرين کی ايک اور لہر کا خدشہ[/pullquote]
يورپی يونين کی بارڈر ايجنسی فرنٹيکس کے اندازوں کے مطابق ترکی ميں پابنديوں کے خاتمے کے بعد پناہ گزينوں اور مہاجرين کی ايک اور لہر يورپ کا رخ کا سکتی ہے۔ جرمن ذرائع ابلاغ پر فرنٹيکس کی پانچ مئی کی ايک دستاويز کا حوالہ ديتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ استنبول، ازمير اور کنا کالے ميں وبا کے باعث لاگو پابنديوں کے خاتمے پر بہت بڑی تعداد ميں مہاجرين ترک يونانی سرحد کی طرف بڑھيں گے۔ واضح رہے کہ ترکی ميں تقريباً چار ملين مہاجرين و پناہ گزين موجود ہيں۔