بدھ : 13 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عالمی وبا، امريکا مسلسل سب سے زيادہ متاثرہ ملک[/pullquote]

دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4,262,051 ہو گئی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تيرہ مئی کے اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 291,961 ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امريکا ہے، جہاں ساڑھے تيرہ لاکھ سے زائد افراد ميں کووڈ انيس کی تشخيص ہو چکی ہے۔ ہلاکتوں کے لحاظ سے بھی امريکا سرفہرست ہے، جہاں بياسی ہزار سے زائد افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہيں۔ اب تک دنيا بھر ميں پندرہ لاکھ افراد اس بيماری سے صحت ياب بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]بحران سے نمٹنے کے ليے بھارت ميں بڑے امدادی پيکج کا اعلان[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کی وبا کے سبب پیدا ہونے والے بحران پر قابو پانے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی نے بیس لاکھ کروڑ روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ مودی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 20 لاکھ کروڑ روپے یعنی 266 بلین ڈالر کے اس پیکج سے یومیہ مزدوروں، کسانوں، منظم اور غیر منظم سیکٹر کے ورکرز، مائیکرو، چھوٹی اور درميانے درجے کی صنعتوں کو فائدہ ہوگا۔ حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے اسے دنیا کا سب سے بڑا اور جامع امدادی پیکج قرار دیا۔ وزیر اعظم مودی کے اعلان کے ساتھ ہی بھارت دنیا کے ان ملکوں میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے کووڈ انیس کی وجہ سے تباہ حال معیشت پر قابو پانے کے لیے امدادی پیکجز کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]سعودی عرب ميں عيد الفطر کے موقع پر مکمل لاک ڈاؤن[/pullquote]

سعودی عرب نے اعلان کيا ہے کہ عيد الفطر کے موقع پر پانچ روزہ چھٹيوں کے دوران ملگ گير سطح پر دن کے ہر وقت کرفيو نافذ رہے گا۔ اس بارے ميں اعلان سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے منگل کی شام کيا گيا اور فيصلے کی وجہ ملک ميں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کيسز بتائی گئی ہے۔ مئی کی تيئیس سے ستائيس تاريخ تک سعودی عرب ميں مکمل اور سخت لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔ سعودی عرب ميں کووڈ انيس کے متاثرين کی تعداد تينتاليس ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ پونے تين سو کے قريب افراد ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔

[pullquote]’غريب ملکوں کا قرضہ معاف کيا جائے‘[/pullquote]

دنيا کے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والے تين سو سے زائد قانون سازوں نے عالمی مالياتی فنڈ اور عالمی بينک پر زور ديا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں غريب ممالک کے قرضے معاف کيے جائيں۔ اس مہم کی قيادت سابق امريکی صدارتی اميدوار برنی سينڈرز اور ايوان نمائندگان کی رکن الہام عمر کر رہی ہيں۔ عالمی بينک نے اس کے رد عمل ميں کہا ہے کہ قرضہ مکمل طور پر معاف کرنے سے اس کی کريڈٹ ريٹنگ منفی انداز سے متاثر ہو سکتی ہے۔ ادارے کے مطابق غريب ملکوں کی معاونت کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

[pullquote]سری لنکا ميں فيس بک مسلمان مخالف فسادات کا باعث بنا، رپورٹ[/pullquote]

سماجی رابطوں کی ويب سائٹ فيس بک کی انتظاميہ نے سری لنکا ميں دو برس قبل ہونے والے نسلی فسادات ميں اس پليٹ فارم کے کردار پر معافی مانگ لی ہے۔ تحقيقات سے پتا چلا ہے کہ فيس بک کے ذريعے پھيلنے والی افواہيں اور نفرت آميز مواد ممکنہ طور پر مسلمانوں کے خلاف تشدد کا باعث بنے۔ فيس بک کی انتظاميہ نے اس معاملے کی خود تحقيقات کرائيں اور نتائج سامنے آنے کے بعد تيرہ مئی کو فيس بک انتظاميہ نے بلوم برگ نيوز کو جاری کردہ اپنے بيان ميں کہا کہ کمنپی ايسے متنازعہ معاملے ميں اپنے پليٹ فارم کے استعمال پر مايوس ہے۔ سن 2018 کے اوائل ميں فسادات کے دوران کئی مساجد کو نذر آتش کر ديا گيا تھا اور کم از کم تين افراد ہلاک اور بيس ديگر زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]امريکی وزير خارجہ کا دورہ اسرائيل، فلسطينی لڑکا ہلاک[/pullquote]

اسرائيلی افواج کی فائرنگ سے ہيبرون ميں الفوار مہاجر کيمپ ميں ايک پندرہ سالہ فلسطينی لڑکا ہلاک ہو گيا ہے۔ فلسطينی وزارت صحت نے اس کی تصديق کر دی ہے۔ اسرائيلی فوج کے مطابق لڑکے کی ہلاکت کی اطلاع کی تفتيش جاری ہے۔ فوج نے کہا ہے کہ انہوں مسلح جھڑپوں کے رد عمل ميں کارروائی کی۔ يہ پيش رفت ايک ایسے موقع پر ہوئی ہے جب امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو آج بروز بدھ تل ابيب پہنچ چکے ہيں۔ پوميپو کے اس دورے کا مقصد علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لينا اور مقبوضہ مغربی کنارے کے مزيد حصوں کو اسرائيلی سرزمين ميں ضم کرنے کے اسرائيلی منصوبوں پر بات چيت کرنا ہے۔ وہ اس دوران وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو سے ملاقات کريں گے۔ مغربی کنارے کی زمين پر اسرائيلی آباد کاری ايک حساس معاملہ ہے جس کی بين الاقوامی برادری مذمت کرتی آئی ہے۔

[pullquote]افغانستان ميں خونريز حملے[/pullquote]

امریکا سمیت کئی ممالک نے منگل کو کابل کے ایک سرکاری ہسپتال کے زچگی وارڈ میں اندھا دھند فائرنگ اور مشرقی صوبے ننگرہار میں جنازے پر حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ ہسپتال پر حملے میں سولہ لوگ مارے گئے اور پندرہ شہری زخمی ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے کارروائی میں ملوث تین حملہ آوروں کو بھی مار ڈالا۔ افغانستان میں منگل کو دوسرا بڑا حملہ مشرقی صوبے ننگرہار میں ہوا جہاں ایک خودکش بمبار نے ایک سینئر پولیس کمانڈر کے جنازے میں شریک مجمع میں خود کو دھماکے سے اڑا ليا۔ اس حملے میں چوبیس لوگ ہلاک جبکہ اڑسٹھ زخمی ہوئے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کر لی ہے۔

[pullquote]کابل حکومت اور طالبان مل کر کام کريں، پومپيو[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے ايک ميٹرنٹی ہوم اور صوبہ ننگر ہار ميں ايک جنازے پر حملوں کے بعد امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے قصور واروں کو انصاف کے کٹہرے تک پہنچانے کے ليے کابل حکومت پر زور ديا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ مل کر کام کرے۔ افغان طالبان نے دونوں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے انہيں ’گھناؤنے جرائم‘ قرار ديا۔ پومپيو نے کہا کہ جب تک تشدد ميں کمی نہيں آتی، کسی سياسی حل تک پہنچنا مشکل ہے۔

[pullquote]نو بڑے شہروں کے ليے ايمرٹس کی پروازيں بحال[/pullquote]

متحدہ عرب امارات کی ايمرٹس ايئر لائن نے اکيس مئی سے نو شہروں کے ليے پروازيں بحال کرنے کا اعلان کر ديا ہے۔ اکيس مئی سے دبئی سے لندن، ہيتھرو، فرينکفرٹ، پيرس، ميلان، شکاگو، ميڈرڈ، ٹورونٹو، سڈنی اور ميلبورن کی پروازيں شيڈول کے مطابق اڑيں گی۔ برطانيہ سے آسٹريليا سفر کرنے والے مسافروں کے ليے دبئی ميں کنکشن بھی فراہم کيا جائے گا۔

[pullquote]تنازعات ميں جنگ بندی کے ليے سلامتی کونسل ميں قرارداد[/pullquote]

دنيا بھر ميں جاری مسلح تنازعات ميں جنگ بندی کے ليے گزشتہ روز جرمنی اور ايسٹونيا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ميں ايک قرارداد جمع کرائی۔ اس قرارداد کے مسودے ميں تنازعات ميں کم از کم نوے دن کی جنگ بندی کا مطالبہ کيا گيا ہے تاکہ وبا کے تناظر ميں انسانی بنيادوں پر امداد کی راہ ہموار ہو سکے۔ گزشتہ ہفتے ايسی ہی ايک قرارداد تيونس اور فرانس نے جمع کرائی تھی تاہم امريکا کی مخالفت کے باعث اس پر رائے دہی نہ ہو سکی۔ تازہ قرارداد کے مسودے ميں امريکا کے اصرار پر ڈبليو ايچ او کا نام ہٹا ديا گيا ہے اور اب ديکھنا يہ ہے کہ اس پر چين کا کيا رد عمل ہو گا۔

[pullquote]ٹوئٹر نے اپنے ملازمين کو ہميشہ کے ليے ’ہوم آفس‘ کی اجازت دے دی[/pullquote]

مائکرو بلاگنگ ويب سائٹ ٹوئٹر نے اعلان کيا ہے کہ کمپنی اپنے ملازمين کو غير معينہ مدت تک کے ليے گھروں سے کام کرنے کی اجازت دے رہی ہے۔ ٹوئٹر کے محکمہ ہيومن ريسورسز کی سربراہ جينيفر کرسٹی نے منگل کی شب اس بارے ميں اعلان کيا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملازمين اپنے گھروں سے کام کرنا چاہيں، تو کمپنی اس سلسلے ميں ان کی مدد کرے گی۔ کرسٹی نے مزيد بتايا کہ فی الحال دفاتر ستمبر تک بند رہيں گے۔ نئے کوررنا وائرس کی عالمی وبا کے تناظر ميں نافذ کردہ بندشوں کے باعث کئی ملازمين گھروں سے کام کر رہے ہيں۔ ٹوئٹر، گوگل، مائکرو سافٹ اور ايمازون جيسی بڑی ٹيکنالوجی کمپنيوں نے سب سے پہلے اپنے ملازمين کو ’ہوم آفس‘ کی اجازت دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے