جمعرات : 14 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ کے قریب[/pullquote]

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تین لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا یے کہ اب انسانوں کو شاید کورونا وائرس کے ساتھ رہنا سیکھنا پڑے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین اگر تیار ہو گئی، تو اس سے متعدد ممالک میں اقتصادی سرگرمیاں شروع ہو سکتیں گی، تاہم ویکسین کے ذریعے دنیا سے اس وائرس کا خاتمہ شاید ممکن نہ ہو۔ دوسری جانب امریکی ریزرو بینک نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن امریکی معیشت پر طویل مدت کے لیے اثرات کا حامل ہو گا۔

[pullquote]ٹرمپ ڈاکٹر فاؤچی کی ہدایات کے برخلاف اسکول کھولنے پر مصر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک بھر کی تمام ریاستوں کے گورنرز سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے ہاں اسکول کھول دیں۔ اس سے قبل کورونا وائرس کے انسداد کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس میں شامل اور متعدی بیماری کے امریکی ماہر ڈاکٹر اینتھونی فاؤچی نے خبردار کیا تھا کہ اس سلسلے میں جلد بازی نہ کی جائے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ملک کو ایک بار پھر معمول کی جانب لوٹنا چاہیے اور ایسا جلد از جلد ہونا چاہیے۔ سینیٹ کی ایک کمیٹی میں اپنی سماعت کے دوران ڈاکٹر فاؤچی نے تاہم کہا تھا کہ مختلف خطوں کو اپنے اپنے حالات کے مطابق فیصلے کرنا چاہییں۔

[pullquote]کورونا وائرس: انشورنس کی صنعت کو دو سو ارب ڈالر سے زائد نقصان کا سامنا[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے عالمی سطح پر انشورنس کی صنعت کو دو سو تین ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑے گا۔ لندن میں قائم لیوئڈ آف لندن مارکیٹ فورکاسٹ کی جانب سے جمعرات کو بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے صارفین کے کلیمز اور نئی سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ سے اس صنعت کو بڑے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ لیوئڈ کو بھی اس وقت چار اعشاریہ تین ارب ڈالر کے کوروناکلیمز کا سامنا ہے۔

[pullquote]طرابلس میں حملہ، 14 افراد ہلاک[/pullquote]

لبیا کے درالحکومت طرابلس میں ایک حملے میں کم از کم 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں جب کہ ایک ہسپتال کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت نے اس واقعے کی ذمہ داری خلیفہ حفتر کی سربراہی میں متحرک فورسز پر عائد کی ہے۔ طرابلس حکومت کے مطابق اس حملے میں ایک ہسپتال کو ہدف بنایا گیا۔ حکومتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے، جب اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں لیبیا میں متحارب فریقین سے فائربندی کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]امریکا نے کیوبا کو انسداد دہشت گردی میں مکمل تعاون نہ کرنے والے ممالک میں فہرست میں ڈال دیا[/pullquote]

امریکا نے کیوبا کو ایک مرتبہ پھر انسداد دہشت گردی کے شعبے میں مکمل تعاون نہ کرنے والے ممالک کی فہرست میں داخل کر دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کیوبا نے کولمبیا کی وہ درخواست مسترد کر دی، جس میں باغی نیشنل لبریشن آرمی ELNگروپ کے رہنماؤں کو کیوبا کے حوالے کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔ اس گروپ نے جنوری 2019 میں بگوٹا پولیس اکیڈمی پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ واضح رہے کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں امریکا اور کیوبا کے درمیان تعلقات میں کچھ بہتری آئی تھی، تاہم صدر ٹرمپ کے دور میں تعلقات میں دوبارہ کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔

[pullquote]پانچ فیصد ہسپانوی آبادی کورونا وائرس سے متاثر ہوئی، حکومت[/pullquote]

ہسپتانوی حکومت نے کہا ہے کہ فقط پانچ فیصد ملکی آبادی نئے کورونا وائرس سے متاثر ہوئی،جب کہ میڈرڈ اور ملک کے دیگر وسطی علاقوں میں یہ شرح قریب دس فیصد تک ہے۔ بدھ کے روز ایک حکومتی مطالعاتی رپورٹ میں یہ اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ اسپین میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ اٹھائیس ہزار جبکہ مجموعی ہلاکتیں ستائیس ہزار ہیں۔ ستائیس اپریل کو اس حوالے سے مطالعاتی رپورٹ کے لیے ساٹھ ہزار افراد کے سیمپلس لیےگئے۔ وزیرصحت کے مطابق اس مطالعاتی رپورٹ سے واضح ہوا ہے کہ قریب پانچ فیصد ہسپانوی شہریوں کو کورونا وائرس کا سامنا ہوا ہے۔ ایسی ہی ایک مطالعاتی تحقیق فرانس میں بھی شائع کی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ پیرس اور فرانس کے شمال مشرقی علاقوں میں دس فیصد آبادی کورونا وائرس کا شکار ہوئی۔

[pullquote]بوئنگ سعودی عرب کو ایک ہزار سے زائد میزائل فروخت کرے گا[/pullquote]

امریکی ادارے بوئنگ اور سعودی حکومت کے درمیان دو ارب ڈالر سے زائد رقم کے دو معاہدے طے پائے ہیں، جن کے تحت بوئنگ سعودی عرب کو ایک ہزار سے زائد، زمین سے زمین اور بحری جہاز شکن میزائل فروخت کرے گا۔ یہ بات امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے بدھ کے روز بتائی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ایک معاہدہ ایک اعشاریہ نو سات ارب ڈالر کا ہے، جس کے تحت سعودی عرب کے SLAM ERs جی پی ایس گائیڈڈ میزائل نظام کو جدید تر بنایا جائے گا جب کہ دوسرے معاہدے کے تحت سعودی عرب کو اینٹی شپ میزائل دیے جائیں گے۔ محکمہ دفاع نے بتایا ہے کہ امریکا نے برازیل، قطر اور تھائی لینڈ کو بھی اینٹی شپ میزائل دینے کے معاہدوں کو حتمی شکل دی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں کار بم دھماکا، متعدد ہلاکتیں[/pullquote]

افغان صوبے پکتیا میں ایک کار بم دھماکے میں متعدد افراد کی ہلاکت کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پکتیا کے دارالحکومت گردیز میں جمعرات کو دھماکا خیز مواد سے بھری ایک گاڑی کا استعمال کیا گیا۔ واضح رہے کہ ابھی چند ہی روز قبل کابل اور ننگر ہار میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے بعد افغان صدر اشرف غنی نے ملکی مسلح افواج کو حکم دیا تھا کہ وہ طالبان پر حملے کریں۔ طالبان نے صدر غنی کے اس بیان کو ’اعلان جنگ‘ قرار دیا تھا۔

[pullquote]ایران میں فرینڈلی فائر کا واقعہ، امریکی فوج کا اظہار افسوس[/pullquote]

امریکی فوج نے ایران میں فرینڈلی فائر کے واقعے میں 19 فوجیوں کی ہلاکت پر ایران کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ اتوارکے روز ایرانی بندرگاہ جسک کے قریب ایک مشق کے دوران ایک ایرانی میزائل غلطی سے ایرانی فوجی کشتی کو جا لگا تھا۔ اس واقعے میں دیگر 15 ایرانی فوجی زخمی بھی ہوئے تھے۔ امریکی فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ گو کہ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کورونا وائرس کی وبا کے خلاف لڑ رہی ہے اور ایران کی جانب سے یہ میزائل بین الاقوامی پانیوں کے انتہائی قریب فائر کیا گیا، جو تشویش ناک ہے، تاہم امریکی فوج کو ایرانی فوج کے جانی نقصان پر افسوس ہے۔

[pullquote]فرانسیسی قانون سازوں نے آن لائن نفرت انگیزی کے انسداد کے لیے قانون منظور کر لیا[/pullquote]

فرانسیسی پارلیمان نے ایک قانونی بل کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت تمام آن لائن پلیٹ فارمز کو پابند بنایا گیا ہے کہ وہ نفرت انگیزی سے متعلق مواد تلاش کر کے اسے ختم کریں۔ اس قانون کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو یکم جولائی سے نفرت انگیزی پر مبنی مواد چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر ہٹانا ہو گا۔ اس قانون کے تحت ان سماجی رابطے کی ویب سائٹس کو سوا ملین یورو تک جرمانہ کیا جا سکے گا۔ یہ قانونی بل فرانسیسی صدر امانوئل ماکروں کی ایل آر ای ایم پارٹی کی جانب سے پارلیمان میں پیش کیا گیا تھا۔

[pullquote]اسرائیل میں وزارت عظمیٰ گھومے گی[/pullquote]

اسرائیل میں یک بعد دیگر تین انتخابات اور قریب ڈیڑھ برس تک سیاسی بحران کے بعد وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور ان کے حریف بینی گانٹس کے درمیان وزارت عظمیٰ کو روٹیٹ کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ نئی حکومت میں پہلے اٹھارہ ماہ تک نیتین یاہو وزیراعظم رہیں گے، جب کہ اس کے بعد گانٹس وزیراعظم بن جائیں گے۔ پہلے اٹھارہ ماہ تک گانٹس نائب وزیراعظم اور وزیردفاع کا عہدہ اپنے پاس رکھیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے