اتوار : 17 مئی 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان صدر غنی اور ان کے حریف عبداللہ کے درمیان سیاسی معاہدے پر دستخط[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی اور ان کے حریف عبداللہ عبداللہ نے ایک سیاسی معاہدے پر اتفاق کے بعد دستخط کر دیے ہیں۔ اشرف غنی کے ترجمان کے مطابق یہ معاہدہ افغانستان میں طویل مدتی سیاسی بحران کو ختم کرنے اور امن و استحکام کے لیے طے پایا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے مزید بتایا کہ عبداللہ عبداللہ امن مذاکرات کے لیے کونسل کی سربراہی کریں گے اور ان کی ٹیم کے ارکان کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ افغانستان ميں صدارتی انتخابات پچھلے سال ستمبر ميں ہوئے تھے۔ نتائج کے مطابق فاتح اشرف غنی رہے تھے ليکن عبداللہ عبداللہ نے نتائج تسليم کرنے سے انکار کر ديا اور خود کو فاتح قرار ديا تھا۔

[pullquote]کورونا وائرس: متاثرین کی تعداد ساڑھے چھیالیس لاکھ اور ہلاکتیں تین لاکھ سے زائد[/pullquote]

دنيا بھر ميں کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد آج بروز اتوار ساڑھے چھیالیس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکی ادارے جانز ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق تین لاکھ بارہ ہزار ایک سو پندرہ افراد اس بيماری کے باعث ہلاک بھی ہو چکے ہيں۔ امريکا چودہ لاکھ سے زائد متاثرين اور ساڑھے اٹھاسی ہزار سے زائد اموات کے ساتھ بدستور سب سے زيادہ متاثرہ ملک ہے۔ پچھلے سال کے اختتام پر چين سے شروع ہونے والا يہ انفيکشن اب تک دنیا کے تقریباﹰ تمام ممالک میں رپورٹ ہو چکا ہے۔

[pullquote]کووڈ انیس کے پھیلاؤ پر قابو پانا مشکل ہوسکتا ہے، ریسرچ[/pullquote]

جرمنی میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے چار ماہ بعد محققین نے مریضوں کے پہلے گروپ کی انفیکشن چین کا تفصیلی معائنہ کیا ہے۔ متعدی بیماریوں کی تحقیق پر مشتمل ماہانہ طبی جریدے ’لینسیٹ انفیکشئس ڈِزیز‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ (سارس کوو ٹو) کے متاثرہ افراد میں پہلی علامات کی تشخیص سے قبل یا اس کے فوراﹰ بعد ہی وہ اس وائرس کو دوسرے شخص میں پھیلا سکتے ہیں۔ سائنسدانوں کے مطابق صحت سے متعلق حفاظتی اقدامات کے لیے یہ ایک بہت بڑا چیلنج ثابت ہوگا۔ اس ریسرچ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ اس انکشاف کے بعد کووڈ انیس پر عالمی سطح پر قابو پانا مزید مشکل ہوسکتا ہے۔

[pullquote]ایرانی بازارِ حصص میں حیران کن تیزی[/pullquote]

امریکی اقتصادی پابندیوں کے شکار ملک ایران کی اسٹاک مارکیٹ کے کاروباری حصص میں گزشتہ برس سے دو سو پچیس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انتہائی مشکلات کی شکار ایرانی معیشت کے لیے اسے ایک اچھی خبر قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر حسن روحانی کی حکومت ریاستی ملکیت کے بڑے صنعتی اداروں اور کمپنیوں کی نجکاری شروع کرنے کے لیے بے چین بھی دکھائی دیتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی بڑی پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔ بین الاقوامی معاشی ماہرین نے ایرانی بازارِ حصص میں اس حیران کن تیزی کو ایک بلبلے سے تعبیر کرتے ہوئے خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے۔

[pullquote]روس: ایک دن میں وائرس کے دس ہزار کے قریب نئے کیسز[/pullquote]

روس میں کورونا وائرس کے آج ایک ہی دن میں تقریباﹰ دس ہزار نئے کیسز نوٹ کیے گئے ہیں۔ کووڈ انیس کے دو لاکھ اکیاسی ہزار سے زائد کیسز کے ساتھ روس دنیا میں دوسرا بڑا متاثرہ ملک ہے۔ روسی وزارت صحت نے بروز اتوار 9709 متاثرہ افراد جبکہ 94 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ناقدین کی جانب سے روس میں اموات کے سرکاری اعداد و شمار پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیا ہے۔ ماسکو حکومت پر اموات کی کم تعداد رپورٹ کرنے کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]برازیل کووڈ انیس کے کيسز ميں اسپین اور اٹلی سے آگے[/pullquote]

نئے کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد کے لحاظ سے برازیل نے اسپین اور اٹلی پر سبقت حاصل کر لی ہے۔ اتوار سترہ مئی تک برازیل میں کووڈ انیس کے تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد دو لاکھ تینتیس ہزار ایک سو بیالیس بتائی گئی ہے۔ برازیل کی وزارت صحت کے مطابق اس مہلک مرض سے اب تک پندہ ہزار چھ سو تینتیس اموات ہوچکی ہیں، جس میں سے آٹھ سو سولہ ہلاکتیں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقوع پذیر ہوئی ہیں۔ اس طرح برازیل دنیا بھر میں کورونا وائرس سے چوتھا سب سے زیادہ متاثرہ ملک بن گیا ہے۔

[pullquote]میکسیکو میں کورونا کیسز کی تعداد سینتالیس ہزار سے متجاوز[/pullquote]

میکسیکو میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں بدتریج اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور دیگر ممالک کے مقابلے میں یہاں شرح اموات بھی زیادہ ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ میکسیکو میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپے جیسی بیماریاں وسیع پیمانے پر موجود ہیں، جس وجہ سے کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی زیادہ ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ حکام کے مطابق آج اتوار کی صبح تک میکسیکو میں سینتالیس ہزار ایک سو چوالیس کیسز ریکارڈ کیے گئے جبکہ ملک میں پانچ ہزار افراد اس مہلک مرض کا مقابلہ کرتے ہوئے دم توڑ گئے۔

[pullquote]جرمنی میں ہزاروں افراد کا ’کورونا اقدامات‘ کے خلاف احتجاج[/pullquote]

جرمنی کے متعدد شہروں میں ہزاروں افراد نے ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذ حکومتی پابندیوں کے خلاف مظاہرے کیے۔ اس سلسلے میں ہفتہ سولہ مئی کو سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ جنوب مغربی شہر اشٹٹ گارٹ میں ہوا جس میں پانچ ہزار مظاہرین شریک تھے۔ اس کے علاوہ میونخ، فرینکفرٹ، برلن ہیمبرگ اور بریمن میں بھی مزید مظاہرے کیے گئے۔ دوسری جانب برلن میں ’کورونا احتجاج‘ کے خلاف بھی متعدد ریلیاں نکالی گئیں اور متنبہ کیا گیا کہ دائیں بازو کے گروہ اور سازشی نظریہ کے حامل افراد اس کورونا احتجاج میں سرگرم ہیں۔

[pullquote]یورپ بھر میں اینٹی کورونا مظاہروں میں گرفتاریاں[/pullquote]

کورونا وائرس کی وجہ سے عائد پابندیوں کے خلاف متعدد یورپی ممالک میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ پولینڈ میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں پیش آئیں جب کہ برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ میں متعدد گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ پولش حکام کا کہنا ہے کہ وارسا میں یہ احتجاجی عمل غیر قانونی تھا کیونکہ اس مظاہرے کی منظوری نہیں دی گئی تھی۔ دوسری جانب لندن پولیس کے مطابق ہائیڈ پارک میں ایسے متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا جنہوں نے جان بوجھ کر احتجاجی ریلی میں سماجی دوری کے ضابطوں کی خلاف ورزی کی۔ لندن میں اس دوران کورونا وائرس کی ویکسین کے ناقدین بھی سراپا احتجاج تھے۔ ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں بھی کورونا مخالف مظاہرے کیے گئے۔

[pullquote]البانیہ: نیشنل تھیئٹر منہدم کرنے پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم[/pullquote]

البانیہ کے دارالحکومت تیرانہ میں نیشنل تھیئٹر کی عمارت منہدم کرنے کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہو گئیں۔ اتوار کی صبح پولیس نے تھیٹر کی عمارت منہدم کرنے سے پہلے مظاہرے میں شریک فنکاروں کے گروپ اور اپوزیشن کے رہنماؤں کو دور ہٹا دیا۔ مظاہرین چاہتے ہیں کہ حکومت اس عمارت کو مسمار کرنے کے بجائے تعمیر نو کے کام کو یقینی بنائے۔ اپوزیشن رہنما کے مطابق پولیس نے ایک صحافی سمیت کم از کم تیس افراد کو حراست میں لیا ہے۔ اٹلی نے یہ تھیئٹر دوسری عالمی جنگ کے دوران البانیہ پر قبضے کے دوران تعمیر کیا تھا۔

[pullquote]اوباما کی ٹرمپ انتظامیہ پر بالواسطہ تنقید[/pullquote]

سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ٹرمپ انتظامیہ کی وبائی مرض سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ انچارج ہونے کا مظاہرہ تک نہیں کر رہے ہیں۔ ہفتہ سولہ مئی کو فارغ التحصیل طلبہ کے لیے نشر کی گئی ایک ریکارڈڈ تقریر میں اوباما نے کووڈ انیس کے وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے ٹرمپ انتظامیہ کے طریقہ کار کا موازنہ بچوں کے برتاؤ سے کیا۔ تاہم انہوں نے صدر ٹرمپ یا کسی سرکاری عہدیدار کا براہ راست نام نہیں لیا۔ انہوں نے نوجوان طالب علموں سے مخاطب ہو کر کہا کہ وبا کے دوران ان کو ذمہ داری سے مستقبل کے لیے درست فیصلے لینے ہوں گے۔

[pullquote]شنگھائی میں اسکول کلاسیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

چین کے تجارتی مرکز شنگھائی نے جلد ہی اسکولوں میں چند کلاسیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران طلبہ کو عملی طور پر یا پھر آن لائن شرکت کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ شنگھائی، بیجنگ اور بعض دوسرے شہروں میں امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبہ کے لیے مڈل اور ہائی اسکول کی کلاسیں پہلے ہی سے شروع ہوچکی ہیں۔ چین میں یکم فروری کے بعد سے پہلی مرتبہ روزانہ دس ہزار سے زیادہ ڈومیسٹک پروازیں بھی روانہ ہو رہی ہیں۔ سیاحت کے مقامات جیسے بیجنگ کے فوربیڈن سٹی پیلیس اور شنگھائی کے ڈزنی لینڈ ریسورٹ کو بھی سخت حفاظتی اقدامات کے ساتھ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

[pullquote]جرمن فٹ بال لیگ کا کورونا لاک ڈاؤن کے بعد دوبارہ آغاز[/pullquote]

جرمنی میں قومی فٹبال لیگ بنڈیس لیگا کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ایک مرتبہ پھر اس اختتام ہفتہ سے شروع ہو گئی۔ تماشائیوں کے بغیر خالی اسٹيڈيمز ميں کھیلے گئے پہلے میچ میں بوروسیا ڈورٹمنڈ نے شالکے کی ٹیم کو چار گول سے شکست دے دی۔ ڈورٹمنڈ کلب کے کھلاڑی ایرلنگ ہالانڈ بنڈیس لیگا کے نئے دور میں پہلا گول کیا۔ فٹ بال کلب شالکے کے کھلاڑی ایک بھی گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ دو ماہ قبل جرمنی ميں بنڈس ليگا کے تمام ميچز عالمی وبا کے تناظر ميں منسوخ کر ديے گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے