[pullquote]بھارتی زیرانتظام کشمیر میں مزید چار علیحدگی پسند ہلاک[/pullquote]
بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں مزید چار مشتبہ باغیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ پیر کے روز یہ مشتبہ علیحدگی پسند سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں ہلاک ہوئے۔ بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں گزشتہ دو روز سے سکیورٹی فورسز اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔ اس سے قبل حکومتی فورسز نے شوپیاں میں پانچ باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ رواں برس حکومتی فورسز اور علیحدگی پسند جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 85 باغی اور درجنوں سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]مشرقی شام میں فضائی حملے، 12 ایران نواز جنگجو ہلاک[/pullquote]
مشرقی شام میں متعدد فضائی حملوں میں 12 ایران نواز جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں عراقی اور افغان جنگجو بھی شامل تھے۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ فضائی حملے کس نے کیے، تاہم کہا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ان حملوں میں اسرائیلی طیارے ملوث تھے۔ آبزرویٹری کے مطابق ان حملوں میں شامی صوبے دیرالزور میں ایک ایران نواز عسکری اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔
[pullquote]ترکی میں دو صحافیوں کی جاسوسی کے الزام میں گرفتاری[/pullquote]
ترکی میں جاسوسی کے مقدمے میں جاری تفتیش کے تناظر میں دو صحافیوں سے پوچھ گچھ کی گئی۔ ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق پولیس سیاسی اور عسکری جاسوسی کے معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹیلی ون ٹی وی چینل سے وابستہ صحافی اسماعیل ڈُکل اور اُودا ٹی نیوز ویب سائٹ کے لیے کام کرنے والے صحافی میسر یلدیز سے انسدادِ دہشت گردی پولیس نے سوال جواب کیے۔ بتایا گیا ہےکہ یلدیز کے گھر پر چھاپا مار کر الیکٹرانک سامان قبضے میں لیا گیا۔ گزشتہ ماہ ترک حکام نے سات صحافیوں پر ایسے ہی الزامات عائد کیے تھے۔
[pullquote]کورونا وائرس سے ہلاکتیں چار لاکھ سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]
نئے کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتیں چار لاکھ سے بڑھ گئی ہیں۔امریکا کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق عالمی سطح پر اس وائرس سے مجموعی طور پر قریب سات ملین افراد متاثر ہوئے ہیں۔ اس فہرست میں امریکا سب سے آگے ہے، جہاں ایک اعشاریہ نو ملین افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جنوبی امریکا اب اس وائرس کا نیا گڑھ تصور کیا جا رہا ہے، جہاں برازیل سب سے آگے ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں بھی اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہو چکی ہے۔ جنوبی ایشیا میں بھارت سب سے متاثرہ ملک ہے، جہاں قریب ڈھائی لاکھ افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔
[pullquote]نیوزی لینڈ کورونا سے پاک ملک ہے، جیسنڈا آرڈرن[/pullquote]
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے ملک کو کورونا وائرس سے پاک قرار دے دیا ہے۔ پیر کے روز اس ملک میں کووِڈ انیس کا آخری مریض بھی صحت یاب ہو گیا۔ اس ملک میں مجموعی طور پر گیارہ سو چون افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جب کہ 22 افراد ہلاک ہوئے۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں نیوزی لینڈ میں سخت سرحدی کنٹرول متعارف کروائے گئے تھے جب کہ سماجی دوری اور اجتماعات پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اب سرحدی کنٹرول تو بدستور سخت رہے گا تاہم ملک میں اجتماعات اور سماجی دوری سے متعلق ضوابط ختم کر دیے گئے ہیں۔
[pullquote]مزید ایک ایرانی سائنس دان امریکی قید سے رہا[/pullquote]
ایران اور امریکا کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کی ایک ڈیل کے نتیجے میں ایرانی سائنس دان ماجد طاہری امریکی جیل سے رہا ہو کر ایران واپس پہنچ گئے ہیں۔ ایرانی نیم سرکاری نیوز ایجنسی اسنا کے مطابق طاہری کو تہران پہنچنے پر نائب وزیرخارجہ جابری انصاری نے خوش آمدید کہا۔ یہ ایرانی سائنس دان 16 ماہ تک امریکی قید میں رہے۔ جمعرات کو امریکی بحریہ کے سابق اہلکار میشائل وائٹ کو ایران نے رہا کیا تھا، جس کے بعد امریکا سے اس ایرانی سائنس دان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔ طاہری نے اپنی رہائی پر وزیرخارجہ جواد ظریف کا شکریہ ادا کیا۔
[pullquote]صدر ٹرمپ دستور سے دور نکل گئے، کولن پاؤل[/pullquote]
سابق امریکی وزیرخارجہ کولِن پاؤل نے اتوار کے روز صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک رہنما جوبائیڈن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پاؤل بھی اب ان رپبلکن رہنماؤں میں شامل ہو گئے ہیں، جو عوامی سطح پر اپنی جماعت کے مخالف رہنما کی حمایت کر رہے ہیں۔ یہ بات اہم ہے کہ کولِن پاؤل نے پہلی عراق جنگ میں جارج بش کی کمان میں بہ طور جرنیل خدمات انجام دی تھیں جب کہ جارج ڈبلیو بش کے دورِ صدارت میں وہ وزیرخارجہ کے عہدے پر فائض رہے تھے۔ ایک امریکی نشریاتی ادارے سے بات چیت میں کولن پاؤل نے کہا کہ وہ اس برس کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کو ووٹ نہیں دے سکتے۔
[pullquote]مینیاپولِس میں پولیس کا محکمہ توڑ کر دوبارہ بنایا جائے گا[/pullquote]
امریکی شہر مینیاپولِس کے کونسلرز نے اتوار کی رات اعلان کیا ہے کہ وہ شہر میں پولیس کا محکمہ ختم کر کے نئے سرے سے یہ محکمہ بنائیں گے۔ واضح رہے کہ اسی شہر میں پولیس کی حراست میں جارج فلوئیڈ کی ہلاکت ہوئی تھی اور اس کے بعد اسی شہر میں سب سے پہلے مظاہرے بھی شروع ہوئے تھے۔ 25 مئی کے روز فلوئیڈ کی ہلاکت کے بعد سے اب امریکا سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں نسل پرستی کے خلاف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ پیر کو اس پولیس اہلکار کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے، جس پر دوسرے درجے کے قتل کا الزام ہے۔
[pullquote]جرمنی سے امریکی افواج کے انخلا کا منصوبہ افسوس ناک ہے، ہائیکو ماس[/pullquote]
جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے امریکا کی جانب سے جرمنی میں تعینات امریکی فوجیوں کے انخلا کے منصوبے کو ’افسوس ناک‘ قرار دیا ہے۔ اتوار کو امریکی میڈیا پر ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جرمنی میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد میں کمی پر غور کر رہے ہیں۔ ان خبروں پر جرمنی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جرمن وزیرخارجہ ہائیکو ماس نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پیچیدہ ہوئے ہیں۔ ماس نے کہا کہ جرمنی میں امریکی فوجیوں کا قیام دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔
[pullquote]مالٹا نے پیش و پس کے بعد مہاجرین کو قبول کر لیا[/pullquote]
مالٹا نے اتوار کے روز خاصی پیش و پس کے بعد 425 نئے تارکین وطن کو ساحل پر اترنے دیا ہے۔ وزیراعظم روبرٹ ابیلا نے کہا کہ کشتی سے ایک کریو ممبر نے انہیں براہ راست کال کر کے مدد کی درخواست کی۔ یہ بات اہم ہے کہ مالٹا نے تارکین وطن کے لیے اپنی سرحدیں بند کر رکھی ہیں۔ حکومتی موقف یہ ہے کہ یہ سخت اقدامات کورونا کی وبا کے تناظر میں کیے گئے ہیں۔