[pullquote]کورونا کی وبا سے نمٹنے کے ليے بھارت ميں نئے اقدامات کا اعلان[/pullquote]
بھارت ميں تيزی سے پھيلتی ہوئی کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے ليے آج بروز اتوار نئے اقدامات کا اعلان کيا گيا۔ ریل گاڑیوں کی پانچ سو بوگیوں کو طبی ساز و سامان سے ليس ہسپتالوں ميں تبديل کيا جا رہا ہے جبکہ ٹيسٹنگ تين گنا بڑھانے اور گھر گھر جا کر سروے کرنے پر بھی زور ديا گيا ہے۔ اب تک نئی دہلی، ممبئی اور احمد آباد سب سے زيادہ متاثرہ شہر ہيں اور يہ نئے اقدامات انہی شہروں ميں کيے جائيں گے۔ نئی دہلی کے نائب وزير اعلیٰ منيش سِسوڈيا نے جولائی کے وسط تک صرف دہلی ميں ہی کورونا وائرس کے کیسز پانچ لاکھ تک ہو جانے کا خدشہ ظاہر کيا ہے۔ اس سلسلے ميں ملکی وزير داخلہ امیت شاہ نے نئی دہلی کے وزير اعلیٰ اروند کيجريوال سميت ديگر علاقائی اوو وفاقی اہلکاروں سے بھی ملاقات کی۔
[pullquote]کورونا وائرس نے بنگلہ دیش کے مذہبی امور کے وزیر کی جان لے لی[/pullquote]
بنگلہ دیشی کابینہ کے رکن اور مذہبی امور کے وزیر مملکت شیخ محمد عبداللہ کا نئے کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کے باعث انتقال ہو گیا ہے۔ ان کی عمر 75 برس تھی۔ حکام نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔ شیخ محمد عبداللہ کے ذاتی معاون نے بتایا کہ ان کی طبیعت کل ہفتے کی رات کافی خراب ہوئی اور سانس لینے میں بہت مشکل ہونے لگی، تو انہیں فوری طور پر ڈھاکا کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ وہاں کچھ ہی دیر بعد ان کا انتقال ہو گیا۔ انتقال کے بعد ان کے ٹيسٹ سے پتا چلا کہ وہ کووڈ انيس ميں مبتلا تھے۔ عبداللہ کی تدفین جنوب مغربی ضلع گوپال گنج میں کی جائے گی، جو ان کا آبائی علاقہ تھا۔
[pullquote]چين ميں کورونا وائرس کے تازہ کيسز، دوسری لہر کا خوف بڑھتا ہوا[/pullquote]
چين ميں اتوار کو کورونا وائرس کے ستاون نئے کيسز سامنے آئے، جن ميں سے چھتيس کا تعلق ملکی دارالحکومت سے ہے۔ بيجنگ ميں کھانے پينے کی اشياء کی ايک مارکيٹ کو نئی انفيکشنز کا گڑھ سمجھا جا رہا ہے۔ اس مارکيٹ اور اس کے آس پاس کے رہائشی علاقوں کو لاک ڈاؤن کر ديا گيا ہے۔ اس وبائی مرض کی ممکنہ طور پر دوسری لہر کے خوف سے بيجنگ کے شہری فکر مند ہيں اور سڑکوں پر معمول سے کم رش دکھائی دے رہا ہے۔ پچھلے سال دسمبر ميں چينی شہر ووہان سے پھيلنے والے نئے کورونا وائرس کے دنیا بھر میں متاثرين کی تعداد تقريباً اٹھہتر لاکھ اور اس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد چار لاکھ تيس ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
[pullquote]امريکا ميں ايک اور افريقی نژاد شہری کی پوليس کے ہاتھوں ہلاکت اور مظاہرے[/pullquote]
امريکی رياست جارجيا کے دارالحکومت اٹلانٹا ميں ايک افريقی نژاد مقامی شہری کی پوليس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد ایک متعلقہ پوليس اہلکار کو برطرف اور اس کے ايک ساتھی کو معطل کر ديا گيا ہے۔ ہفتے کی شب شہر کی پوليس چيف ايريکا شيلڈز نے بھی استعفی دے ديا۔ ستائيس سالہ رےشارڈ بروکس جمعے کے روز مارے گئے تھے۔ پوليس اہلکاروں کی يونيفارم پر نصب کيمروں کی فوٹيج سے بظاہر ايسا دکھائی ديتا ہے کہ بروکس پوليس اہلکاروں سے کچھ لے کر فرار ہونے کی کوشش ميں تھے، جب پوليس نے ان پر گولی چلا دی۔ اٹلانٹا ميں اس ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہيں۔ اس سے پہلے مئی ميں بھی امريکی پوليس نے جارج فلوئڈ نامی ايک افريقی نژاد امريکی شہری کو ہلاک کر ديا تھا۔
[pullquote]لندن: مظاہروں ميں فساد پھيلانے والے سو سے زائد افراد گرفتار[/pullquote]
برطانوی دارالحکومت ميں ’بليک لائيوز مَيٹر‘ کے حامیوں اور انتہائی دائيں بازو کے سياسی نظريات کے حامل افراد کی ایک دوسرے کے خلاف ريليوں کے دوران فساد پھیلانے والے سو سے زائد افراد کو حراست ميں لے ليا گيا۔ لندن کی ميٹروپوليٹن پوليس نے یہ بات آج اتوار کے روز بتائی۔ وزير اعظم بورس جانسن نے اس بدامنی کی مذمت کرتے ہوئے اشارہ ديا کہ اس بدامنی ميں زیادہ تر انتہائی دائيں بازو سے تعلق رکھنے والے مظاہرين ملوث تھے۔ انہوں نے اپنی ايک ٹويٹ ميں لکھا کہ ’نسل پرستانہ بدمعاشی کے لیے سڑکوں پر کوئی جگہ نہيں ہے‘۔ برطانيہ کے کئی شہروں ميں آج بھی ريلياں نکالی جا رہی ہيں۔
[pullquote]’بليک لائيوز مَيٹر‘ مہم کی حمايت ميں دنيا بھر ميں مظاہرے[/pullquote]
ہفتے کے روز دنيا کے کئی بڑے شہروں ميں امريکا ميں شروع ہونے والی مہم ’بليک لائيوز مَيٹر‘ کی حمايت ميں احتجاجی مظاہرے کيے گئے۔ لندن ميں ايسی ہی ايک ريلی کے دوران انتہائی دائيں بازو سے تعلق رکھنے والے افراد نے فساد پھیلانے کی کوشش کی، جنہيں حراست ميں لے ليا گيا۔ فرانسيسی شہروں پيرس اور ليوں ميں بھی مظاہروں کے دوران تصادم کی اطلاعات ہيں۔ ايسے مظاہرے آسٹريليا کے کئی شہروں ميں بھی کيے گئے۔ نسل پرستانہ رويوں اور پوليس کی ظالمانہ کارروائيوں کے خلاف مزاحمتی مظاہروں کا يہ سلسلہ پچيس مئی کو افريقی نژاد امريکی شہری جارج فلوئڈ کی شہر مينیاپولس ميں پوليس اہلکاروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد شروع ہوا تھا۔
[pullquote]لبنان ميں شديد اقتصادی بحران، عوام سڑکوں پر[/pullquote]
لبنان ميں ملگ گير سطح پر حکومت مخالف مظاہرے کيے گئے۔ لبنان کو شديد اقتصادی بحران کا سامنا ہے اور پچھلے دنوں ڈالر کے مقابلے ميں ملکی کرنسی کی قدر ميں ريکارڈ کمی نوٹ کی گئی، جس پر مظاہرين حکومت سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہيں۔ لبنانی کرنسی کی قدر ميں ساٹھ فيصد تک کمی نوٹ کی گئی۔ وزير اعظم حسن دياب نے ہفتے کے روز قوم سے خطاب بھی کيا، جس ميں انہوں نے عوام سے اپيل کی کہ وہ پر امن رہيں۔ لبنان ميں احتجاجی ريليوں کا انعقاد اپوزيشن جماعتيں کرا رہی ہيں، جن کا کہنا ہے کہ موجودہ اقتصادی بحران کے خاتمے کے ليے حکومتی اقدامات ناکافی ہيں۔
[pullquote]جزيرہ نما کوريا پر حالات پھر کشيدہ، سيول ميں حکام کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]
روايتی حريف ملک شمالی کوريا کی جانب سے دھمکيوں کے تناظر ميں آج اتوار کو جنوبی کوریا میں سلامتی سے متعلق حکام نے ايک ہنگامی اجلاس ميں شرکت کی۔ اس اجلاس ميں متعلقہ وزراء نے جزيرہ نما کوريا پر سلامتی کی صورتحال کا جائزہ ليا۔ يہ پيش رفت شمالی کوريائی رہنما کی بہن کم يو جونگ کے اس حاليہ بيان کے بعد ہوئی، جس ميں انہوں نے کہا تھا کہ جنوبی کوريا سے نمٹنے اور بدلہ لينے کا وقت آ گيا ہے۔ پچھلے ہفتے کے دوران پيونگ يانگ حکومت سيول سے تمام تر رابطے منقطع کرنے کے علاوہ اہم عسکری معاہدوں سے يکطرفہ عليحدگی کی دھمکی بھی دے چکی ہے۔
[pullquote]عالمی عدالت کے خلاف امریکی پابندیاں: برطانیہ عدالت کا حامی[/pullquote]
برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک راب نے کہا کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو آزادانہ اور غیر جانبدارانہ طور پر کام کرنے دیا جانا چاہیے اور اس عدالت یا اس کے اہلکاروں کو اپنے خلاف کسی بھی طرح کی پابندیوں کے خوف کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ڈومینیک راب نے یہ بات اس لیے کہی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات گیارہ جون کو اس بین الاقوامی عدالت کے چند ایسے اہلکاروں کے خلاف سفری اور اقتصادی پابندیاں عائد کر دی تھیں، جو اس بارے میں چھان بین کر رہے ہیں کہ آیا افغانستان میں اپنے طویل قیام کے دوران امریکی فوجی دستے وہاں جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے۔ برطانیہ نے عشروں بعد کسی بین الاقوامی معاملے میں ایسا موقف اپنایا ہے، جو امریکا اور برطانیہ کے مابین خلیج کا عکاس ہے۔
[pullquote]چين ميں ٹينکر ٹرک کے حادثے میں متعدد افراد ہلاک یا زخمی[/pullquote]
چين کے جنوب مشرقی حصے ميں ايک ٹينکر ٹرک کو پيش آنے والے ایک حادثے ميں کم از کم انيس افراد ہلاک اور 172 زخمی ہو گئے ہيں۔ پٹروليم گيس لے جانے والا يہ ٹينکر ژجيانگ صوبے ميں ايک ہائی وے پر سفر میں تھا کہ اچانک اس ميں ايک دھماکا ہو گيا۔ فوری طور پر اس حادثے کی وجہ سامنے نہيں آ سکی۔ حکومت نے متعلقہ اداروں کو تفتيش جلد مکمل کرنے کی ہدايت کی ہے۔
[pullquote]پلاسٹک کا کوڑا بيس سال بعد بھی سمندر ميں جیسے بالکل نیا، تازہ تحقيق[/pullquote]
ايک تازہ مطالعے ميں سائنسدانوں نے پتا چلايا ہے کہ پلاسٹک کا کوڑا سمندر ميں بيس سال تک موجود رہنے کے بعد بھی بالکل تازہ کوڑے جيسا ہی رہتا ہے۔ اس سائنسی مطالعے ميں کوڑے کے ايک بيگ کا معائنہ کيا گيا، جس ميں سن 1988 کے ڈيوس کپ کے وقتوں کا ايک کولا کولا کين موجود تھا۔ خوارک کے ايک ڈبے کا بھی معائنہ کيا گيا، جو سن 1990 کی دہائی کا تھا۔ دونوں اشياء بيس سال پانی ميں رہنے کے باوجود ایسی تھیں، جیسے بالکل نئی۔ بائيو کيمسٹ اسٹيفان کراؤزے کے مطابق بیگ اور ڈبہ، دونوں ميں ٹوٹ پھوٹ کے کوئی آثار نظر نہ آئے۔ يہ اسٹڈی شمالی جرمن شر کيل کے ’ہيلم ہولٹس سينٹر فار اوشيانک ريسرچ‘ نے مکمل کی۔
[pullquote]کرکٹ کے بڑے ٹورنامنٹس کے ليے اميد کی کرن[/pullquote]
سابق بھارتی کرکٹر سنيل گواسکر نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس سال انڈين پريميئر ليگ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا انعقاد پڑوسی ملک سری لنکا ميں ستمبر ميں ہو سکتا ہے۔ ايک مقامی ٹيلی وژن چينل سے بات چيت کرتے ہوئے گواسکر نے مزيد کہا کہ آسٹريليا کی جانب سے اسٹيڈيمز ميں دس ہزار تک تماشائيوں کی اجازت دیے جانے کے بعد يہ اميد پيدا ہو گئی ہے کہ وہاں اکتوبر ميں ہونے والا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ بھی شايد منعقد ہو سکے۔ انٹرنيشنل کرکٹ کونسل اس ٹورنامنٹ کو منسوخ کرنے يا اس کے انعقاد کی اجازت دينے کے بارے ميں اپنا حتمی فيصلہ جولائی میں کرے گی۔ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث دنيا بھر ميں کھيلوں کے بین الاقوامی مقابلے بھی متاثر ہوئے ہيں۔