[pullquote]بھارت نے اپنی مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا[/pullquote]
بھارت نے اپنی تینوں مسلح افواج کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ دوسری جانب بھارت کےبیس فوجیوں کی ہلاکت کے بعد چین کے ساتھ میجر جنرل سطح کی ہونے والی بات چیت کا فی الحال کوئی مثبت نتیجہ نہیں نکلا ہے۔ بھارتی اور چینی فوجی عہدیداروں کے درمیان گزشتہ دو روز میں آج یہ دوسری ملاقات ہوئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فی الحال دونوں ممالک اپنے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ بھارتی فوجیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔
[pullquote]امریکا نے اسد حکومت کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر دیں[/pullquote]
امریکا نے اسد حکومت کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ نئی پابندیوں کے ساتھ امریکا شامی صدر اسد پر دباؤ میں مزید اضافہ کرنا چاہتا ہے۔ امریکا کی طرف سے انتالیس شامی شخصیات کے خلاف نئی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جن میں صدر بشار الاسد، ان کی اہلیہ اسما اور ان کے بھائی ماہر شامل ہیں۔ ان شخصیات پر سفری پابندیوں کے ساتھ ساتھ مالی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ امریکی وزیر خارخہ مائیک پومپیو کے مطابق اسد حکومت کے خلاف ایک نئی مہم شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد سیاسی اور اقتصادی دباؤ میں اضافہ کرنا ہے تاکہ دمشق حکومت اپنے عوام کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں کمی لائے۔
[pullquote]امریکی پابندیوں نے شامی عوام کے مصائب بڑھا دیے ہیں، ایران[/pullquote]
ایران نے صدر بشار الاسد کے خلاف عائد کی گئی نئی پابندیوں کو ’ظالمانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح شامی عوام کے مصائب میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں ’انسانی اقدار اور بین الاقوامی قوانین کے منافی‘ ہیں۔ ایران کے مطابق وہ اس طرح کے یکطرفہ اقدامات کی پاسداری نہیں کرے گا اور دمشق حکومت کے ساتھ معاشی روابط برقرار رکھے جائیں گے۔ روس اور ایران سن دو ہزار گیارہ سے صدر اسد کے خلاف ہونے والی بغاوت کچلنے میں دمشق حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔
[pullquote]کرد عسکریت پسندوں کا حملہ، چار ترک فوجی ہلاک[/pullquote]
کردستان ورکرز پارٹی کے عسکریت پسندوں کے ایک حملے کے نتیجے میں کم از کم چار ترک فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ عراق شام سرحد کے قریب کیا گیا۔ گزشتہ روز ترک فوج کی اسپیشل فورسز نے شمالی عراق میں کرد باغیوں کے خلاف فضائی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ پی کے کے کا مرکزی دفتر شمالی عراق کے قندیل نامی پہاڑوں میں ہے۔ ترکی، یورپی یونین اور امریکا اس تنظیم کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں۔ سن انیس سو چوراسی میں شروع ہونے والے اس تنازعے میں اب تک چالیس ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]چین اور بھارت کشیدگی ختم کرنے کی کوشش کریں، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]
جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے بھارت اور چین پر زور دیا ہے کہ وہ سرحدی کشیدگی کو ختم کرنے کی کوشش کریں۔ ماس کے بقول بھارت اور چین کے مابین اس تنازعے میں جرمنی براہ راست ملوث نہیں ہو گا لیکن وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرے گا کہ کوئی عسکری جھڑپ شروع نہ ہو۔ قبل ازیں دیگر عالمی طاقتوں نے بھی دونوں ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔ لداخ کی متنازعہ گلوان وادی میں ایک خونریز جھڑپ میں بیس بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک میں تناؤ بڑھ گیا ہے۔
[pullquote]افغانستان، مدرسے میں دھماکا، کم از کم سات طالب علم ہلاک[/pullquote]
افغانستان کے شمال میں واقع ایک مدرسے میں مارٹر بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات طالب علم ہلاک ہو گئے ہیں۔ پولیس ترجمان خلیل عصری کے مطابق یہ تفتیش کی جارہی ہے کہ ایک مارٹر بم وہاں کیسے پہنچا۔ یہ واقعہ صوبہ تخار کے علاقے اشکامش میں پیش آیا۔
[pullquote]امریکا نے چین کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دیں[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کے خلاف نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ یہ پابندیاں ایغور مسلم اقلیت کے خلاف بیجنگ حکومت کے مبینہ امتیازی سلوک کی وجہ سے عائد کی گئی ہیں۔ امریکی کانگریس میں ان پابندیوں سے متعلق ایک مسودہ مئی میں پیش کیا گیا تھا۔ یہ پابندیاں براہ راست ان چینی اہلکاروں پر عائد کی گئی ہیں، جو ایغور مسلمانوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں میں ملوث بتائے جاتے ہیں۔ امریکا اور چین کے مابین کورونا وائرس اور تجارتی جنگ کی وجہ سے تعلقات پہلے سے ہی تناؤ کا شکار ہیں جبکہ ان پابندیوں سے ان میں مزید شدت پیدا ہو سکتی ہے۔
[pullquote]جرمنی، ایک اور مذبحہ خانے میں کورونا وائرس پھیل گیا[/pullquote]
جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے ایک اور مذبحہ خانے کے چھ سو پچاس ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ حکام کے مطابق اس تصدیق کے بعد اسے فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح متاثرہ علاقے کے اسکول بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ قبل ازیں مئی میں بھی اسی صوبے کے ایک مذبحہ خانے میں کورونا وائرس کے سینکڑوں کیس سامنے آئے تھے۔ وفاقی حکومت گوشت کی صنعت سے متعلق نئے اور سخت قوانین بنانے کا سوچ رہی ہے تاکہ ایسی جگہوں پر کام کے حالات میں بہتری لائی جا سکے۔
[pullquote]جنوبی سوڈان میں بالاآخر مشترکہ حکومت کے قیام پر اتفاق[/pullquote]
جنوبی سوڈان کے صدر سیلوا کیر اور ان کے حریف ریک مچار نے بالاآخر مشترکہ حکومت کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔ ملک کے بعض حصوں پر سیلواکیر اور بعض پر ریک مچار حکومت کریں گے۔ دس صوبوں کی تقسیم اور ان پر اقتدار کے حوالے سے حتمی فیصلے فی الحال ابھی کرنا باقی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق سیلوا کیر چھ اور ریک مچار تین صوبوں پر حکومت کریں گے۔ ایک صوبہ ملکی اپوزیشن کے حوالے کیا جائے گا، جس نے سن دو ہزار اٹھارہ کے امن معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اقتدار پر قبضے کے لیے سیلوا کیر اور ان کے حریف ریک مچار کی مسلح لڑائی میں اب تک ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]سیاہ فام امریکی شہری پر فائرنگ، پولیس اہلکار کے خلاف فرد جرم عائد[/pullquote]
امریکی شہر اٹلانٹا میں سفید فام پولیس اہلکار کے خلاف اقدام قتل کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ گزشتہ جمعے کے روز سیاہ فام ریسارڈ بروکس سفید فام پولیس اہلکار کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔ وکیل استغاثہ کے مطابق بروکس چالیس منٹ پر مبنی بحث کے دوران پولیس کے لیے خطرہ نہیں تھا لیکن اس کے باوجود پولیس اہلکار نے ضرورت سے زائد طاقت کا استعمال کیا۔ عدالتی فیصلے کے تحت پولیس اہلکار کو عمر قید یا پھر سزائے موت سنائی جا سکتی ہے۔ امریکا میں گزشتہ کئی ہفتوں سے سیاہ فام شہریوں کے ساتھ پولیس کے امتیازی سلوک کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔