[pullquote]سعودی عرب ميں تيل اور ديگر اہم عسکری تنصيبات کو نشانہ بنايا، حوثی باغی[/pullquote]
يمن ميں حوثی باغيوں نے سعودی شہر جازان ميں خام تيل کی ايک اہم تنصيب پر ڈرون اور ميزائل حملہ کرنے کا دعویٰ کيا ہے۔ باغيوں کے ترجمان يحيٰی ساريا نے پير کو اپنے بيان ميں کہا کہ تيل کی تنصيب کے علاوہ جازان، ابہا اور ناجران ميں کئی ديگر عسکری تنصيبات کو ايک بڑے حملے ميں نشانہ بنايا گيا۔ فوری طور پر سعودی عرب کی جانب سے اس پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔ قبل ازيں پير کی صبح باغيوں کے خلاف برسرپيکار سعودی عسکری اتحاد نے دعویٰ کيا کہ حوثی باغيوں کی جانب سے چار ميزائل اور چھ ڈرون حملے ناکام بنا ديے گئے ہیں۔ يمنی مسلح تنازعے ميں اب تک ايک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں اور اقوام متحدہ اسے موجودہ دور کا بدترين انسانی الميہ قرار ديتا ہے۔
[pullquote]شمالی افغانستان ميں طالبان کا بڑا حملہ، درجنوں افراد زخمی[/pullquote]
افغان طالبان نے آج ہونے والے ايک بڑے بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ طالبان نے شمالی صوبے سمنگان ميں ايک خود کش کار بم دھماکا کيا اور پھر افغان فورسز اور باغيوں کے درميان فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ ہلاک شدگان اور زخميوں کی حتمی تعداد فی الحال واضح نہيں مگر صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے ميں تينتاليس افراد زخمی ہوئے۔ زخميوں کی اکثريت شہريوں پر مشتمل ہے۔ صوبائی حکام نے بتايا ہے کہ طالبان باغی صوبائی دارالحکومت ايبک ميں انٹيليجنس سروس کے دفتر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
[pullquote]چين کا جوابی قدم، امريکی اہلکاروں پر پابندی لگا دی[/pullquote]
چين نے امريکی ری پبلکن جماعت کے تين سينیئر قانون سازوں اور ايک مندوب پر پابندياں عائد کر دی ہيں۔ سينيٹر مارکو روبيو، ٹيڈ کروز اور کرس اسمتھ چينی پاليسيوں کے بڑے ناقد مانے جاتے ہيں۔ علاوہ ازيں امريکی سفير برائے مذہبی آزادی سيم براؤن بيک پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔ فی الحال چين نے اس بارے ميں زيادہ تفصيلات نہيں بتائيں کہ پابندياں کيا ہيں۔ بيجنگ حکومت نے يہ قدم امريکا کی جانب سے چينی اہلکاروں پر پابنديوں کے جواب ميں اٹھايا ہے۔ سنکيانگ ميں ايغور مسلم اقليت کے ساتھ مبينہ نا انصافيوں کے تناظر ميں واشنگٹن نے گزشتہ ويک اينڈ پر متعدد چينی اہلکاروں کے اثاثے منجمد کر ديے تھے اور انہيں ويزے ديے جانے پر بھی پابندی گا دی تھی۔
[pullquote]يورپی يونين کے وزرائے خارجہ کا اجلاس، وزراء کی عملی طور پر شرکت[/pullquote]
کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث عائد پابنديوں کے بعد پہلی مرتبہ يورپی وزرائےخارجہ آج جاری ايک اجلاس ميں عملی طور پر شرکت کر رہے ہيں۔ يورپی يونين کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوريل نے بتايا ہے کہ ان مذاکرات ميں سب سے اہم معاملہ بلاک کے ترکی کے ساتھ تعلقات ہیں، جو ان دنوں کافی کشيدہ ہيں۔ علاوہ ازيں وينیزويلا ميں سياسی عدم استحکام اور ہانگ کانگ ميں چين کے متنازعہ اقدامات بھی اجلاس کے ايجنڈے ميں شامل ہيں۔ يہ اجلاس برسلز ميں يورپی يونين کے ہيڈ کواٹرز ميں جاری ہے۔
[pullquote]پولينڈ ميں صدارتی انتخابات: صدر ڈوڈا اليکشن جيت گئے[/pullquote]
پولينڈ ميں اتوار بارہ جولائی کو منعقدہ صدارتی اليکشن کے ابتدائی غير حتمی نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہيں۔ اب تک موصولہ نتائج کے مطابق دائيں بازو کے سياسی نظريات کے حامل صدر آنجے ڈوڈا بظاہر يہ اليکشن جيت گئے ہيں۔ يوں ان کی دوسری صدارت کی مدت کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ ابتدائی غير حتمی نتائج کے مطابق ڈوڈا کو اکاون فيصد سے زائد ووٹ حاصل ہوئے جبکہ تقريباً انچاس فيصد عوام نے ان کے حريف کے حق ميں ووٹ ڈالا۔
[pullquote]امريکا ميں سترہ برس بعد سزائے موت کے کسی فيصلے پر عملدرآمد[/pullquote]
امريکی اپيلز کورٹ کے فيصلے کے تناظر میں سترہ برس بعد وفاقی سطح پر پہلی مرتبہ کسی سزائے موت کے فيصلے پر عملدرآمد کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ پير کو سينتاليس سالہ مجرم ڈينيل لی کو ايک زہریلا انجيکشن لگايا جانا ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظاميہ نے آئندہ مہينوں ميں تين اور افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر رکھے ہيں۔ انتظاميہ کا موقف ہے کہ سزائے موت پر عمل در آمد کی بحالی سنگين جرائم کے متاثرين کے مفاد ميں ہے۔ ڈينيل لی، جن پر سن 1999 ميں تين افراد کے قتل کا جرم ثابت ہو چکا ہے، کے اہل خانہ نے آخری لمحات پر سزا رکوانے کے ليے عدالت عظمی سے رجوع کرنے کا کہہ رکھا ہے۔
[pullquote]تائيوان ميں جنگی مشقيں شروع[/pullquote]
تائيوان نے ايک ہفتے پر محيط جنگی مشقيں شروع کر دی ہيں۔ وزارت دفاع کے ’جوائنٹ آپريشنز کمانڈ سينٹر‘ نے پير کی صبح سے شروع ہونے والی ان مشقوں کی منظوری دی۔ ان مشقوں کا مرکزی حصہ اسی ہفتے جمعرات کو مکمل ہونا ہے، جس ميں بری، فضائی اور بحری تينوں افواج ايک مصنوعی حملے سے نمٹنے کی کوشش کريں گی۔ ملکی صدر اس مشق کا بذات خود معائنہ کريں گے۔ تائيوان يہ جنگی مشقيں روايتی حريف ملک چين کے ساتھ کشيدگی کے تناظر ميں کر رہا ہے اور قوی امکان ہے کہ ان مشقوں کے انعقاد سے بيجنگ حکومت اور بھی نالاں ہو گی۔
[pullquote]امريکی جنگی بحری جہاز پر آتش زدگی[/pullquote]
سان ڈياگو کے بحری اڈے پر کھڑے ايک امريکی جنگی جہاز ميں کئی گھنٹوں تک آگ بھڑکتی رہی، جس سبب کم از کم اکيس افراد زخمی ہو گئے۔ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے يہ آگ ’يو ايس ايس بون ہوم رچرڈ‘ نامی بحری جہاز ميں لگی، جو سان ڈياگو کے بحری اڈے پر معمول کی مرمت کے ليے کھڑا تھا۔ زخمی ہونے والوں ميں بحريہ کے سترہ اہلکار اور چار سويلين شامل ہيں۔ ان ميں سے کسی کو بھی سنجيدہ نوعيت کے زخم نہيں آئے۔ آتش زدگی کا شکار بننے والے بحری جہاز کے پاس ہی جديد ترين ميزائلوں سے ليس دو اور بحری جہاز بھی کھڑے تھے، جنہيں فوراً دور ايک مقام پر منتقل کر ديا گيا۔
[pullquote]کورونا کی وبا: امريکا ميں مریضوں کی تعداد میں بدستور اضافہ[/pullquote]
امريکا ميں گزشتہ چوبيس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے لگ بھگ ساٹھ ہزار نئے کيسز سامنے آئے جبکہ ہفتے کو ريکارڈ ساڑھے چھياسٹھ ہزار سے زائد کيسز ريکارڈ کيے گئے تھے۔ يوں امريکا ميں کووڈ انيس کے متاثرين کی مجموعی تعداد تينتيس لاکھ سے زائد ہو گئی ہے جبکہ 135,171 افراد اب تک اپنی جان سے ہاتھ دھو بيٹھے ہيں۔ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے متاثرين کی تعداد 12.94 ملين سے زائد ہے جب کہ ہلاک شدگان کی تعداد 567,357 ہو گئی ہے۔
[pullquote]کورونا وائرس: بھارت ميں ايک دن ميں اٹھائيس ہزار نئے کيسز[/pullquote]
بھارت ميں بھی کورونا وائرس کے کيسز ميں ايک مرتبہ پھر ريکارڈ اضافہ نوٹ کيا گيا ہے۔ پير کو بتايا گيا ہے کہ ملک بھر ميں پچھلے چوبيس گھنٹوں کے دوران اٹھائيس ہزار سے زائد نئے کيسز ريکارڈ کيے گئے اور يوں مجموعی طور پر اب ملکی سطح پر متاثرين کی تعداد پونے نو لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارت ميں اب تک تيئس ہزار سے زائد افراد کووڈ انيس کی وجہ سے موت کا شکار ہو چکے ہيں۔ نئی دہلی، ممبئی، چنئی، بينگلور اور پونے ميں بالخصوص کيسز تيزی سے بڑھ رہے ہيں۔ بھارت سب سے زيادہ متاثرہ ملکوں کی فہرست ميں امريکا اور برازيل کے بعد تيسرے نمبر پر ہے۔
[pullquote]ايک کروڑ بچے شايد واپس اسکول نہ جا پائيں، ’سيو دا چلڈرن‘[/pullquote]
بچوں کے ليے سرگرم امدادی ادارے ’سيو دا چلڈرن‘ نے خبردار کيا ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث اسکول جانے سے محروم تقريباً ايک کروڑ بچے شايد کبھی واپس اسکول نہ جا پائيں۔ پير کو جاری کردہ اپنی ايک خصوصی رپورٹ ميں ادارے نے مطلع کيا ہے کہ عالمی وبا کے اقتصادی نقصانات کی وجہ سے 90 تا 117 ملين بچے غربت کی طرف دھکيلے جا سکتے ہيں۔ يونيسکو کی ايک رپورٹ کا حوالہ ديتے ہوئے ’سيو دا چلڈرن‘ نے لکھا ہے کہ رواں سال اپريل ميں دنيا بھر ميں 1.6 بلين بچے اسکول نہيں جا پا رہے تھے، جو دنيا بھر ميں طلبا کی نوے فيصد تعداد ہے۔ انسانی تاريخ ميں اس سے پہلے ايسا کبھی نہيں ہوا۔