چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ اسلام آباد میں حکمرانوں کو بھی سندھ میں بارش کی تباہ کاری نظر آئے، راشن کی چند بوریاں تقسیم کرنے سے بارش سے متاثرہ افراد کے مسئلے حل نہیں ہوں گے۔
میرپورخاص میں پارٹی کارکنوں سےخطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں جہاں جہاں نقصان ہوا ہے ہم وہاں پہنچے ہیں،ابتدائی رپورٹس کے مطابق بارشوں کے باعث سندھ میں 25 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کا ساتھ دے، پاکستان کے کسان آج پریشان ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ سنا ہے صدرعارف علوی بھی آج یہاں آئے تھے، راشن کی چند بوریاں تقسیم کرنےسے بارش متاثرین کے مسئلے حل نہیں ہوں گے، پوری دنیا میں پاکستانیوں کو سرگرم کریں تاکہ سیلاب متاثرین کی مدد ہوسکے۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ پچھلےسال 116 ارب اس سال 200 ارب روپے سندھ کو قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ (این ایف سی) میں سے کم ملے، پیپلزپارٹی کےجیالے جانتے ہیں کہ حق کے لیے احتجاج کیسے ہوتا ہے۔