نواز شریف کے بعد آصف زرداری نے بھی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت کا فیصلہ کرلیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کل ہونے والی اے پی سی میں اپنے والد آصف زرداری کی شرکت کی تصدیق کردی۔
بلاول نے بتایا کہ آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے اے پی سی میں شریک ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف بھی بلاول کی دعوت پر اے پی سی میں ویڈيو لنک کے ذریعے شرکت پر آمادگی ظاہر کرچکے ہیں۔
ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا ہےکہ نوازشریف کا اےپی سی سےخطاب سوشل میڈیاپلیٹ فارم سے دکھانےکےاقدامات کیے جارہے ہیں جس پر حکومت نے شدید رد عمل دیا ہے۔
حکومت مخالف اپوزيشن اتحاد کی آل پارٹیز کانفرنس کل پیپلز پارٹی کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہوگی۔
اس حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ کل زرداری ہاؤس اسلام آباد میں تاریخی نتیجہ خیز سیاسی اجتماع ہوگا، بلاول کی میزبانی میں اے پی سی قومی سیاست میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی، حکومت کےغیر جمہوری طرز عمل نے اپوزیشن کو متحد ہونے پر اکسایا۔