کراچی: سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ ماڈل ناکام ہو چکا ہے اور پورا پاکستان جانتا ہے کہ یہ حکومت کیسے آئی۔
ایل این جی ریفرنس میں کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا نیب لوگوں کی زندگیاں تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے، کیا چیئرمین نیب کو کسی نے نہیں بتایا کہ ججمنٹ آئی ہیں۔
فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ 7 بل ہماری ترامیم کے مطابق پاس ہوئے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس اختیار ہے کہ کسی بھی پاکستانی کا پیچھا کر سکے، کسی کے بھی فون کو ٹیپ کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب کے اندر پہلے ہی اینٹی منی لانڈرنگ موجود ہے، لیکن حکومت نے بدنیتی پر مبنی بل پاس کرائے جس کا فیٹف سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ کمرہ عدالت میں کیمرہ لگا کر عوام کو دکھایا جائے کہ کیا چل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ ماڈل ناکام ہو چکا ہے، سارا پاکستان جانتا ہے یہ حکومت کیسے آئی ہے۔
[pullquote]کمپیوٹر میں خرابی کے باعث گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا[/pullquote]
سابق وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی تاہم عدالتی کمپیوٹر میں خرابی کے باعث گواہ کا بیان ریکارڈ نہ ہو سکا۔
گواہ کا بیان آئندہ سماعت پر ریکارڈ کیا جائے گا، عدالت نے ریفرنس کی سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔