جمعرات : 26 نومبر 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برازیل: بس اور ٹرک میں ٹکر، درجنوں افراد ہلاک[/pullquote]

برازیل کے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی علاقے میں بدھ 25 نومبر کو ایک بس اور ٹرک کے درمیان ہونے والی بھیانک ٹکر میں کم از کم 40 افراد ہلاک ہوگئے۔ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً سات بجے ایک بس ٹیکسٹائل کمپنی میں کام کرنے والے ملازمین کو ان کی فیکٹری لے کر جا رہی تھی کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آخر یہ ٹکّر کیوں اور کیسے ہوئی۔ یہ حادثہ ساؤپاؤلو سے 350 کلو میٹر کے فاصلے پر ٹیگوائی علاقے میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت بس میں تقریباً 50 ورکرز سوار تھے۔ آگ پر قابو پانے والے مقامی عملے نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا، ”37 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے اور باقی تین افراد مقامی سطح کے ایمرجنسی ہسپتال میں چل بسے۔” حکام کے مطابق شدید طور پر زخمی ہونے والے کئی افراد کی حالت نازک ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس: متاثرین کی تعداد چھ کروڑ سے متجاوز[/pullquote]

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد چھ کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے، نئے انفیکشن کی رفتار میں تیزی آگئی ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکا میں، حکام نے لوگوں سے تھینکس گیونگ کی چھٹیوں کے دوران گھر پر ہی رہنے کی اپیل کی ہے کیوں کہ کووڈ۔19 کے مریضوں کی وجہ سے ہسپتالوں کے طبی عملے پہلے سے ہی غیر معمولی دباؤ میں ہیں۔ امریکا میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں کووڈ 19 کے دس لاکھ نئے کیسز درج کیے گئے ہیں۔ یورپ میں بھی پچھلے پانچ دنوں کے دوران دس لاکھ نئے کیسز درج کیے گئے جس کے ساتھ ہی اس مہلک وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ہوچکی ہے۔ جب کہ اب تک تین لاکھ 65 ہزار سے زائد لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔ انگلینڈ میں جہاں اگلے ہفتے کے اواخر میں قومی لاک ڈاون نافذ کیے جانے کی خبریں ہیں وہیں جرمنی، اسپین اور اٹلی نے بھی چھٹیوں کے دنوں میں پابندیوں کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے، ان میں گھروں میں مہمانوں کی تعداد کو محدود رکھنا بھی شامل ہے۔

[pullquote]رشوت خوری میں ایشیا میں بھارت اول نمبر پر[/pullquote]

ایک تازہ ترین بین الاقوامی سروے کے مطابق بھارت براعظم ایشیا میں رشوت خوری کے معاملے میں 39 فیصد کے ساتھ اول نمبر پر ہے۔ عوامی خدمات تک رسائی کے لیے ذاتی تعلقات کے استعمال کرنے کے حوالے سے بھی بھارت سرفہرست ہے۔ اس کا انکشاف عالمی سول سوسائٹی تنظیم ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کردہ بین الاقوامی سروے رپورٹ سے ہوا۔ ’گلوبل کرپشن بیرومیٹر۔ایشیا‘ کے عنوان سے شائع اس سروے کی تیاری کے دوران ٹرانسپیرینسی انٹرنیشنل نے 17ممالک کے 20000 سے زائد لوگوں سے جون اور ستمبر کے درمیان سوالات پوچھے۔ بھارت کے بعد سب سے زیادہ رشوت خوری کمبوڈیا میں ہے جہاں 37فیصدلوگ رشوت دیتے ہیں۔ 30 فیصد کے ساتھ انڈونیشیا تیسرے نمبر پر ہے۔ پاکستان کو اس سروے میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق سکیورٹی مشیر فلین کو معافی دے دی[/pullquote]

سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے معاملے میں ملوث اپنے سابق قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلین کو معاف کردیا ہے۔ ٹرمپ نے ٹویٹر کے ذریعے اپنے اس فیصلے کا اعلان کیا۔ سابق جنرل نے ایف بی آئی سے امریکا میں سابق روسی سفیر کے ساتھ اپنے رابطوں کے بارے میں جھوٹ بولنے کا اعتراف کیا تھا۔ محکمہ انصاف کے دباؤ میں، 61 سالہ فلین کے خلاف یہ مقدمہ جون میں بند کردیا گیا تھا۔ امریکا کے نو منتخب صدر جو بائیڈن کے ساتھی ڈیموکریٹس نے فوری طور پر ٹرمپ کے اقدامات پر کڑی تنقید کی اور اسے اقتدار کا ناجائز استعمال قرار دیا۔

[pullquote]جرمنی میں لاک ڈاؤن مزید سخت اور اس کی مدت میں توسیع[/pullquote]

جرمنی میں موجودہ جزوی لاک ڈاؤن کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے تحت ریستوراں، تھیٹر اور تفریحی مقامات کی بندش کو مزید برقرار رکھنے کا اعلان چانسلر انگیلا میرکل نے وفاقی ریاستوں کے وزرائے اعلٰی سے مشاورت کے بعد کیا۔ اب اس بندش کے تحت کیے جانے والے اقدامات 20 دسمبر تک لاگو ہوں گے۔ اس کے علاوہ، سماجی رابطے کی پابندیاں ایک بار پھر سخت کردی گئیں۔ نجی اجتماعات دو گھرانوں سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ پانچ افراد تک محدود ہوں گے جبکہ 23 دسمبر اور یکم جنوری کے درمیان نجی اجتماعات میں زیادہ سے زیادہ دس افراد کو اکٹھا ہونے کی اجازت دی گئی ہے۔ کورونا بحران سے نکلنے کے لیے میرکل نے کہا ہے کہ، ’’اس وقت ایک اور بھرپور کوشش کی ضرورت ہے۔‘‘

[pullquote]سوڈان کے سابق وزیر اعظم صادق المہدی کی کورونا سے ہلاکت[/pullquote]

سوڈان میں جمہوری طور پر منتخب آخری وزیر اعظم 84 سالہ صادق المہدی جمعرات کو انتقال کرگئے۔ ان کے اہل خانہ اور پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کورونا وائرس کے انفیکشن سے متاثر ہونے کے بعد تین ہفتے قبل انہیں متحدہ عرب امارات میں ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ فوج نے سن 1989میں وزیر اعظم صادق المہدی کا تختہ پلٹ دیا تھا اور ان کی جگہ سابق صدر عمر البشیر کو اقتدار پر بٹھا دیا تھا۔ اقتدار سے معزول کر دیے جانے کے باوجود مہدی سوڈان کی سیاست میں کافی مؤثر شخصیت رہے۔ عمر البشیر کے دور میں مہدی کی اعتدال پسند امّہ پارٹی سب سے بڑی اپوزیشن سیاسی جماعت رہی تھی۔

[pullquote]بحیرہ روم کے ممالک کی پناہ کے متلاشی افراد کے لیے یورپی یونین کے منصوبوں پر تنقید[/pullquote]

اسپین، اٹلی، یونان اور مالٹا نے یورپی یونین کے دیگر ممالک سے مہاجرین کو اپنے ہاں پناہ دینے سے متعلق پالیسی میں مزید یکجہتی کے مظاہرے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل کو لکھے گئے ایک خط میں، ان چاروں جنوبی ریاستوں نے ایک بار پھر تمام یورپی یونین کے رکن ممالک میں تارکین وطن کی مستقل تقسیم کے لیے ایک لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا۔ یہ دراصل پناہ اور ہجرت کی پالیسی میں اصلاحات کے لیے ستمبر میں یورپی یونین کے کمیشن کی پیش کردہ تجاویز پر ردعمل کا اظہار ہے۔ تب برسلز نے پہلی بار ہنگری اور پولینڈ جیسے ممالک کو مہاجرین کو قبول کرنے پر پابند کرنے سے گریز کیا تھا۔

[pullquote]ورلڈ بینک کے سابق صدر ولفنسون انتقال کر گئے[/pullquote]

ورلڈ بینک کے سابق صدر جیمز ولفنسون کا پھپھڑوں کی بیماری کے سبب 86 سال کی عمر میں مین ہیٹن میں انتقال ہوگیا ہے۔ اس کا اعلان ان کے بیٹے ایڈم نے کیا۔ سڈنی میں پیدا ہونے والے، ولفنسون 23 سال کی عمر میں آسٹریلیائی اولمپک ٹیم میں شامل ہوئے تھے۔ 1956ء میں انہوں نے میلبورن میں منعقد ہونے والے اولمپک کھیلوں میں بھی حصہ لیا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایئر فورس افیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، ایک لاء فرم کے لیے کام کیا، اور امریکا میں ایک سرمایہ کاری فرم کی بنیاد بھی رکھی۔ 1995ء سے 2005 ء تک جیمز ولفنسون ورلڈ بینک کے صدر رہے اور انہوں نے غربت اور بدعنوانی کے خلاف انتھک جدوجہد کی۔

[pullquote]’ دلی چلو‘، کسانوں کی ملک گیر ہڑتال: پولیس سے تصادم[/pullquote]

بھارت میں کسانوں کی تقریباﹰ تمام تنظیموں نے کاشتکاری اور مزدوری سے متعلق حکومت کے نئے قوانین کے خلاف احتجاج کے لیے جمعرات 26 نومبر کو ’دلی چلو‘ کا نعرہ بلند کرتے ہوئے عام ہڑتال کی اپیل کی ہے۔ 26 نومبر بھارت میں ’یوم آئین‘ ہے اور اسی مناسبت سے 26 اور 27 نومبر کو اس احتجاجی مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ لیکن دہلی پولیس نے کورونا وائرس کا حوالہ دیتے ہوئے دہلی میں کسانوں کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی۔ شہر میں ان کے داخلے کو روکنے کے لیے سرحدی علاقوں میں بڑی تعداد میں پولیس تعینات کی گئی۔ راجستھان اور ہریانہ جیسی ریاستوں سے آنے والے کسانوں کو روکنے کے لیے سخت کارروائی بھی کی گئی۔ ہریانہ کی پولیس نے مارچ میں شامل ہونے کے لیے نکلنے والے کسانوں پر آنسو گیس کے شیل داغے اور بھیڑ کو منشتر کرنے کے لیے تیز دھار سے پانی بھی پھینکا۔

[pullquote]سعودی خاتون کارکن کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کا سامنا[/pullquote]

انتہائی قدامت پسند بادشاہت سعودی عرب میں مشہور ترین حقوق نسواں کے لیے سرگرم خاتون کارکنوں میں سے ایک لجین الھذلول کے اہل خانہ کے مطابق ریاض میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے سامنے جواب دینا پڑے گا۔ الھذلول کی بہن لینا نے ٹویٹر پر اعلان کیا کہ اس کا مقدمہ انسداد دہشت گردی میں مہارت رکھنے والی فوجداری عدالت کے سپرد کیا گیا ہے۔ الھذلول کو دیگر کارکنوں کے ساتھ مئی 2018 ء میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے اہل خانہ کے مطابق، 31 سالہ نوجوان پر الزام ہے کہ اس نے بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت کی تھی اور اس نے انسانی حقوق کے کارکنوں اور سفارت کاروں سے رابطہ کیا تھا۔

[pullquote]ایران نے برطانوی آسٹریلیائی اسلامک اسکالر کو رہا کر دیا[/pullquote]

تین ایرانی شہریوں کے بدلے، تہران نے برطانوی – آسٹریلیائی خاتون لیکچرر کیل مور گلبرٹ کو جیل سے رہا کر دیا ہے۔ مور گلبرٹ میلبرن یونیورسٹی میں مشرق وسطیٰ کے مطالعے کی لیکچرر تھیں جو 2018ء سے ایران میں زیر حراست تھیں۔ ان کی رہائی پر آسٹریلیا کی خاتون وزیر خارجہ ماریس پاین نے ’’انتہائی خوشی اور راحت‘‘ کا اظہار کیا۔ 33 سالہ مور گلبرٹ کو ایک سائنسی کانفرنس میں شرکت کے بعد ستمبر 2018ء میں تہران ہوائی اڈے سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عدلیہ نے ان پر اسرائیل کی جاسوسی اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کیا تھا۔ اسلامک اسکالر کو دس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے