پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سانحہ مچھ کے لواحقین کے دھرنے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان کو فرعونیت قرار دے دیا۔
دورہ کوئٹہ کے بعد کراچی میں نیوز کانفرنس کے دوران مریم نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے شہدا کے لواحقین کو بلیک میلر قرار دینے سے دل دہل گیا ہے، عمران خان کی انا اورتکبر مظلوموں کی آہوں سے بڑھ گئی ہے، بتایا جائے کہ وزیراعظم کے کوئٹہ نہ آنے کے پیچھے کون سی مصلحت ہے؟
انہوں نے کہا کہ اگر اس کی وجہ توہم پرستی ہے تو وہ بھی بتائی جائے، مریم نواز نے کہا کہ وہ ہزارہ برادری سےالتجا کرتی ہیں کہ اپنے پیاروں کو دفنا دیں اور اللہ کے حوالے کردیں، جس انسان سے ہزارہ برادری امید لگائے بیٹھی ہے اس کے سینے میں دل نہیں۔
خیال رہے کہ کوئٹہ میں مچھ سانحے کے متاثرہ خاندان وزیراعظم کے کوئٹہ آنے تک تدفین نہ کرنے کے مطالبے پر قائم ہیں اور منفی دس ڈگری کی سردی میں دھرنا آج چھٹے روز بھی جاری ہے۔