الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تم سے حکومت نہیں چلتی تو کس نے کہا تھا کہ حکومت سنبھالو ، پہلے حکومت نااہل تھی، اب ساری پارٹی چوروں کا ٹبر ثابت ہو رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ایک بے بس الیکشن کمیشن پر آئندہ اعتبار نہیں کرسکتی، قوم نے جان لیا کہ پی ٹی آئی نے بھارت اور اسرائیل کے فنڈ سے الیکشن لڑا، یورپ، امریکا اور مشرق وسطیٰ سے ہنڈی کے ذریعے پیسہ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نہ یہ حکومت منتخب ہے نہ حکومت کرنے کی اہل، حکمرانوں کو آج اپوزیشن نے لانگ مارچ کا ایک نمونہ دکھا دیا، لانگ مارچ اگر شاہراہ دستور آیا تو حکمرانوں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔
فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ پی ڈی ایم کے قائدین پانچ فروری کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جلسہ کریں گے۔