پاکستان کو اس سال ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے کی قوی امید

پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(FATF) کو دہشتگردی، انتہاپسندی اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے قابل ذکر اقدامات میں پیشرفت پر اپنی تازہ رپورٹ پیش بھجوا دی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 نکات پر عملدرآمد مکمل کرنے اور باقی ماندہ 6 نکات پر جاری پیشرفت کو جلد مکمل کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے، پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالے جانے سے متعلق اس سال اچھی خبر آنے کی قوی امید ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو ایف اے ٹی ایف کےساتھ تازہ ترین رابطوں کے بارے میں بتایا ہےکہ پاکستان کا نام اسی سال گرے لسٹ سے نکلنے کے حوالے سے ایف اے ٹی ایف سے اچھی خبر آنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور ایف اے ٹی ایف کے درمیان تقریباً دو تین ہفتے پہلے ایک روزہ فیس ٹو فیس مذاکرات بھی ہوئے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر حماد اظہر نے کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان نے 27 میں سے 21 نکات پر مکمل عمل درآمد کیے جانے کے دستاویزی ثبوت حکام کے حوالے کر دیے ہیں جبکہ باقی ماندہ 6 نکات پر اہم پیشرفت کی یقین دہانی کروا دی ہے جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان 6 نکات کے 50 سے 70 فیصد امور پر عمل مکمل ہو چکا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر جامع اور بھرپور عمل درآمد کر رہا ہے، پاکستان نے دہشتگردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے قانون سازی کی، دہشتگردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے جس کا ایف اے ٹی ایف نے اعتراف بھی کیا ہے-

حکام کے مطابق گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر تیزی سے عمل درآمد کیا ہے، پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی تمام 27 شرائط پر مکمل یا جزوی عمل درآمد کر لیا ہے اور 27 میں سے کوئی بھی شرط نامکمل نہیں رہی-

حکام کے مطابق جنوری 2019 میں پاکستان نے صرف ایک شرط پر مکمل، ایک پر جزوی عمل درآمد اور 25 شرائط نامکمل تھیں جبکہ جون 2019 میں پاکستان نے دو شرائط پر مکمل، 12 پر جزوی عمل درآمد اور 12 شرائط نا مکمل تھیں۔

اسی طرح اکتوبر 2019 میں پاکستان نے 5 شرائط پر مکمل، 17 پر جزوی عمل درآمد اور 5 شرائط نامکمل تھیں جبکہ فروری 2020 میں پاکستان نے 14 شرائط پر مکمل، 11 پر جزوی عمل درآمد اور 2 شرائط نامکمل تھیں- اکتوبر 2020 میں پاکستان نے 21 شرائط پر مکمل اور 6 شرائط پر جزوی عمل درآمد کیا اور کوئی بھی شرط نامکمل نہیں رہی-

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے