لائیو: این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری

پنجاب سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں پولنگ جاری ہے۔

این اے 75 پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی الیکشن کالعدم قرار دیے جانے کے بعد آج دوبارہ الیکشن کرایا جارہا ہے جس میں پی ٹی آئی کےعلی اسجدملہی اور (ن)لیگ کی نوشین افتخارمیں کانٹےکامقابلہ متوقع ہے۔

حلقے میں پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا اور پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا۔

حلقےمیں کل ووٹرزکی تعداد4 لاکھ 94ہزارہے جن کے لیے 360 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جب کہ الیکشن میں سکیورٹی کے لیے پولیس کے 4100 سے زائد اور رینجرز کے ایک ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ پاک فوج کی 10 ٹیمیں کوئیک رسپانس فورس کےطورپرموجودرہیں گی۔

انتظامیہ نے ضمنی الیکشن کے موقع پر حلقے میں دفعہ 144 نافذ کررکھی ہے جس کے باعث لائسنس یا بغیر لائسنس یافتہ اسلحہ کی نمائش کی اجازت نہیں ہوگی۔

واضح رہےکہ عام انتخابات 2018 میں (ن) لیگ کے افتخار الحسن عرف ظاہرشاہ کامیاب ہوئےتھے اور ان کی وفات کے بعد یہ نشست خالی ہوئی۔

ووٹرز بلا خوف و خطر ووٹ ڈالیں: چیف الیکشن کمشنر پنجاب
چیف الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان کا کہنا ہےکہ این اے 75 میں شفاف انتخابی عمل پرامن طور پر جاری ہے، ووٹرزبلاخوف وخطر اپنےانتخابی حلقوں کے پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالنے آئیں، چیف الیکشن کمشنرانتخابی عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکہ ضمنی انتخاب کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور پولنگ اسٹیشنز پر رائے دہندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

نوشین افتخار کا اپنے ہی پولنگ ایجنٹ سے سوال
این اے 75 میں پولنگ کے دوران (ن) لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے پولنگ اسٹیشن نمبر 344 کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے ہی پولنگ ایجنٹ سے سوال کرلیا۔

نوشین افتخار نے پولنگ ایجنٹ سے سوال کیا کہ آپ کہاں سے ہیں؟ اس پر پولنگ ایجنٹ نے بتایا کہ میں آپ کا پولنگ ایجنٹ ہوں جس پر کارکنان نے زور دار قہقہ لگایا۔

خیال رہے کہ رواں سال 19 فروری کو این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں بدنظمی دیکھنے میں آئی تھی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ 20 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج تاخیر سے ملنے پر الیکشن کمیشن نے اس حلقے کا نتیجہ روک لیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے