اتوار : 20 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]قدامت پسند رئیسی کا بطور صدر انتخاب ’نئے دور کا آغاز،‘ ایرانی کنزرویٹو میڈیا[/pullquote]

ایران کے قدامت پسند میڈیا نے بہت کنزرویٹو صدارتی انتخابی امیدوار ابراہیم رئیسی کی کامیابی کو ملک کے لیے ایک ’نئے دور کے آغاز‘ سے تعبیر کیا ہے۔ قدامت پسند روزنامہ رسالت نے رئیسی کی انتخابی کامیابی پر آج اتوار کے روز اپنے صفحہ اول پر شہ سرخی لگائی کہ ایک نئے دور کا سورج طلوع ہو گیا ہے۔ ملکی عدلیہ کے سربراہ رئیسی جمعے کو ہونے والے صدارتی الیکشن میں باسٹھ فیصد ووٹ لے کر نئے صدر منتخب ہوئے تھے۔ اُدھر ایران کے حریف ملک اسرائیل کے نئے وزیر اعظم بینیٹ نے کہا ہے کہ رئیسی کا بطور صدر انتخاب دنیا کے لیے آخری موقع ہے کہ ایرانی سیاست کے حوالے سے اب اسے جاگ جانا چاہیے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں کورونا متاثرین اور ہلاک شدگان کی تعداد میں تشویش ناک اضافہ[/pullquote]

دنیا کے سب سے بڑے مسلم اکثریتی آبادی والے ملک انڈونیشیا میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز اور اس وبا کے باعث ہلاکتوں میں تشویش ناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ حکام نے آج اتوار کے روز بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں تیرہ ہزار سات سو سینتیس نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں اور کووڈ انیس کے مزید تین سو اکہتر مریض انتقال کر گئے۔ یہ اس سال جنوری کے بعد سے نئی انفیکشنز اور اموات کی سب سے زیادہ یومیہ تعداد ہے۔ انڈونیشیا میں اب تک یہ وائرس تقریباﹰ دو ملین شہریوں کو متاثر کر چکا ہے جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بھی اب چون ہزار چھ سو باسٹھ ہو گئی ہے۔

[pullquote]آرمینیا میں آج نئی ملکی پارلیمان منتخب کی جا رہی ہے[/pullquote]

آرمینیا میں آج اتوار کے روز عام شہری نئی ملکی پارلیمان کے انتخاب کے لیے رائے دہی میں حصہ لے رہے ہیں۔ ملکی وزیر اعظم نے گزشتہ برس موسم خزاں میں نگورنو کاراباخ کے خطے کی وجہ سے آذربائیجان کے ساتھ تنازعے میں فوجی شکست اور پھر ملک میں عوامی مظاہرے شروع ہو جانے کے بعد قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کر دیا تھا۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق حکمران جماعت اور ملکی اپوزیشن کی سب سے بڑی پارٹی کے مابین سخت مقابلہ متوقع ہے۔

[pullquote]برازیل میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد نصف ملین سے زائد ہو گئی[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک برازیل میں کورونا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد نصف ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ حکومتی بیانات کے مطابق کووڈ انیس کی وبا کی وجہ سے ملک میں اموات کی مجموعی تعداد اب پانچ لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے۔ دو سو دس ملین کی آبادی والے اس ملک میں گزشتہ روز بھی کورونا کے مزید دو ہزار سے زائد مریض انتقال کر گئے۔ اگر اموات میں اسی رفتار سے اضافہ ہوتا رہا، تو جلد ہی برازیل امریکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کورونا کی وبا کے سبب سب سے زیادہ ہلاکتوں والا ملک بن جائے گا۔ امریکا میں اب تک کووڈ انیس کے باعث چھ لاکھ سے زائد اموات رجسٹر کی جا چکی ہیں۔

[pullquote]بیلجیم میں مرمت کے دوران اسکول کی عمارت منہدم، پانچ کارکن ہلاک[/pullquote]

بیلجیم کے شہر اَینٹ وَیرپ میں تعمیر و مرمت کے دوران ایک اسکول کی عمارت منہدم ہو جانے کے نتیجے میں کم از کم پانچ کارکن ہلاک اور نو دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ جمعے کے روز پیش آیا، جس کے بعد امدادی کارکن رات بھر زخمیوں کو اس عمارت کے ملبے سے نکال کی کوششیں کرتے رہے۔ آج اتوار کے روز حکام نے بتایا کہ نو زخمیوں میں سے آٹھ ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان میں سے تین کی حالت نازک ہے۔

[pullquote]پولینڈ میں ہم جنس پرست افراد کا مساوی حقوق کے لیے بڑا مظاہرہ[/pullquote]

پولینڈ میں ’پرائڈ پریڈ‘ کے نام سے ہونے والے ایک بہت بڑے مظاہرے میں ہم جنس پرست افراد کے لیے معاشرے میں مساوی حقوق کا مطالبہ کیا گیا۔ دارالحکومت وارسا میں ہونے والے اس مظاہرے میں تقریباﹰ بیس ہزار افراد نے حصہ لیا، جن کی اکثریت ہم جنس پرست افراد کے مخصوص رنگا رنگ پرچم اٹھائے ہوئے تھی۔ پولینڈ اکثریتی طور پر بہت قدامت پسند کیتھولک عقیدے والا ملک ہے، جس پر وہاں ہم جنس پرست اقلیت کے ساتھ امتیازی سلوک کی وجہ سے بار بار تنقید کی جاتی ہے۔ ملک کے تقریباﹰ ایک تہائی حصے میں ہم جنس پرستوں کو ناپسندیدہ افراد سمجھا جاتا ہے۔

[pullquote]مہاجرین کا عالمی دن: پناہ کے متلاشی افراد کے انسانی حقوق کے احترام کا مطالبہ[/pullquote]

آج اتوار کے روز دنیا بھر میں مہاجرین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ جنگ زدہ ملک لیبیا سے متعلق دوسری بین الاقوامی کانفرنس سے قبل مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’پرو اسائلم‘ نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہاجرین سے متعلق جنیوا کنوینشن کے تقاضوں کو نظر انداز کرنے سے باز رہے۔ ’پرو اسائلم‘ کے ناظم الامور گُنٹر بُرکہارڈ نے جرمن اخبار نوئے اوسنابرُوکر سائٹنگ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ یورپی ریاستوں کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ اپنی سرحدوں سے مہاجرین کو ان کی سلامتی کی ضروریات کا جائزہ لیے بغیر واپس بھیج دیں۔ انہوں نے بحیرہ روم کے پانیوں میں مہاجرین کی کشتیوں کو واپس لیبیا کی سمندری حدود میں بھیج دینے اور انہیں لیبیا کے کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دینے کے عمل کو مہاجرین اور پناہ کے متلاشی افراد کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔ لیبیا میں مہاجرین کو اکثر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

[pullquote]’امن مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، حقیقی اسلامی نظام چاہتے ہیں،‘ افغان طالبان کا بیان[/pullquote]

افغان طالبان نے کہا ہے کہ وہ کابل حکومت کے ساتھ امن مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں اور ملک میں ’حقیقی اسلامی نظام‘ کے نفاذ کے خواہش مند ہیں۔ آج اتوار کے روز جاری کردہ ایک بیان میں طالبان کی طرف سے کہا گیا کہ وہ ہندو کش کی اس ریاست میں ایسا اسلامی نظام چاہتے ہیں، جس میں ’مذہبی اصولوں اور ثقافتی روایات‘ کے مطابق خواتین کے حقوق کی ضمانت بھی دی گئی ہو۔ طالبان عسکریت پسندوں کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر جاری کیا گیا ہے جب افغانستان سے غیر ملکی فوجی دستوں کا انخلا جاری ہے، عسکریت پسندوں کے خونریز حملوں میں تیزی آ چکی ہے اور قطر میں کابل حکومت اور طالبان کے نمائندوں کے مابین بات چیت میں تاحال کوئی بڑی پیش رفت بھی نہیں ہو سکی۔

[pullquote]بھارت میں نئی کورونا انفیکشنز کی یومیہ تعداد تین ماہ میں سب سے نچلی سطح پر[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کی نئی انفیکشنز کی یومیہ تعداد گزشتہ تقریباﹰ تین ماہ میں اپنی نچلی ترین سطح پر آ گئی ہے۔ ملکی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا انفیکشن کے اٹھاون ہزار چار سو انیس نئے کیسز رجسٹر کیے گئے۔ اسی دوران کووڈ انیس کے مزید ایک ہزار پانچ سو چھہتر مریض انتقال کر گئے۔ آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے سب سےبڑے ملک بھارت میں اب تک کورونا وائرس کی وبا سے انتیس اعشاریہ نو ملین شہری متاثر اور تین لاکھ چھیاسی ہزار سات سو تیرہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]فرانس میں علاقائی انتخابات کے پہلا مرحلے میں عوامی رائے دہی آج[/pullquote]

فرانس میں بلدیاتی اور علاقائی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج اتوار کے روز ملکی ووٹر رائے دہی میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان انتخابات کو دائیں بازو کی عوامیت پسند خاتون سیاست دان مارین لے پین کی جماعت اپنی مقبولیت کا امتحان سمجھ رہی ہے۔ لے پین کی پارٹی قومی اجتماعی تحریک کو اس الیکشن میں اپنی کامیابی کی امید ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق الیکشن کے پہلے مرحلے میں یہ پاپولسٹ پارٹی سب سے بڑی سیاسی طاقت بن کر ابھر سکتی ہے۔ فرانس میں نئے صدارتی الیکشن اگلے برس ہوں گے اور مارین لے پین ان انتخابات میں موجودہ صدر ماکروں کی حریف امیدوار کے طور پر حصیہ لینا چاہتی ہیں۔

[pullquote]یورپی فٹ بال چیمپئن شپ: جرمنی نے دفاعی چیمپئن پرتگال کو ہرا دیا[/pullquote]

یورپی فٹ بال چیمپئن شپ یورو 2020 کے میونخ میں ہونے والے ایک گروپ میچ میں جرمنی کی قومی ٹیم نے اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی پرتگال کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ اس کے برعکس اسی گروپ میں عالمی چیمپئن فرانس کی ٹیم قبل از وقت ہی اس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں اس وجہ سے ناکام رہی کہ فرانس اور ہنگری کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ ایک دوسرے گروپ میچ میں اسپین اور پولینڈ کا مقابلہ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے