بدھ : 23 جون 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]حافظ سعید کے گھر کے قریب بم دھماکا، تین افراد ہلاک، 15 زخمی[/pullquote]

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک جبکہ دیگر پندرہ زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ صوبائی پولیس چیف انعام غنی کے مطابق یہ ابھی واضح نہیں کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا یا پھر ریموٹ کنٹرول بم دھماکا تھا۔ زخمیوں میں وہ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جو لشکر طیبہ گروپ کے بانی حافظ سعید کے گھر کے قریب تعینات تھے۔ حکام نے دہشت گردی کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس حملے کا نشانہ سکیورٹی اہلکار تھے۔

[pullquote]ایرانی جوہری توانائی کے ادارے پر حملے کی کوشش ناکام، پریس ٹی وی[/pullquote]

ایرانی پریس ٹی وی سے منسلک پی ٹی وی نامی ٹویٹر اکاؤنٹ کے مطابق ملکی جوہری توانائی کے ادارے کی عمارت پر حملے کی ایک کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ تاہم ایرانی حکام نے ابھی تک اس خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ماضی میں ایرانی جوہری پروگرام سے منسلک تنصیبات اور ایٹمی سائنسدانوں پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔ ایران ایسی کارروائیوں کا الزام اسرائیل پر عائد کرتا آیا ہے۔ اسرائیل نے ایسی رپورٹوں کی نہ تو کبھی تصدیق اور نہ ہی تردید کی ہے۔

[pullquote]میانمار کے ساتھ فوجی تعلقات مضبوط بنائے جائیں گے، روس[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ میانمار کے ساتھ فوجی تعلقات اور تعاون میں اضافہ کیا جائے گا۔ روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ وہ باہمی احترام پر مبنی دو طرفہ تعلقات میں مضبوطی کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب میانمار کے فوجی جنتا لیڈر مِن آونگ لائنگ ایک سکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے روسی دارالحکومت میں موجود ہیں۔ مغربی ممالک انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے میانمار کی فوجی قیادت پر دباؤ بڑھا رہے ہیں جبکہ روس مغربی ممالک کے مقابلے میں میانمار کے ساتھ تعاون میں اضافہ کر رہا ہے۔

[pullquote]غیرملکی سرمایہ کاروں کو دس سالہ رہائشی ویزے فراہم کریں گے، عمان[/pullquote]

خلیجی ملک عمان غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پانچ سے دس سالہ رہائشی ویزے فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ عمانی وزارت تجارت کے مطابق یہ منصوبہ ملکی اقتصادی ترقیاتی پروگرام کا ایک حصہ ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاری پروگرام کو وسعت دینے کا یہ پروگرام رواں برس ستمبر میں نافذ العمل ہو جائے گا۔ عمان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو انکم ٹیکس میں رعایت دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا افغانستان میں طالبان کی مزید پیش قدمی کے خلاف انتباہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے افغانستان میں طالبان کی مزید پیش قدمی سے خبردار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے افغانستان کا سلامتی کونسل میں کہنا تھا کہ مئی کے آغاز میں نیٹو دستوں کے انخلا کے بعد سے طالبان 370 اضلاع میں سے پچاس سے زائد پر قبضہ کر چکے ہیں۔ یہ وہ اضلاع ہیں، جو صوبائی دارالحکومتوں کے اردگرد واقع ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ نیٹو افواج کے مکمل انخلا کے فوراﹰ بعد ہی طالبان صوبائی دارالحکومتوں پر قبضہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ سلامتی کونسل سے اپیل کی گئی ہے کہ فریقین کو مذاکرات کرنے پر مجبور کیا جائے۔

[pullquote]لیبیا کی صورتحال کے بارے میں دوسری بین الاقوامی کانفرنس[/pullquote]

لیبیا کے تنازعے میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ آج برلن میں اس شمالی افریقی ملک کے استحکام پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کانفرنس کی میزبانی اقوام متحدہ کے تعاون سے جرمن حکومت کر رہی ہے۔ کانفرنس میں امریکا، روس، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات اور لیبیا کی عبوری حکومت شامل ہیں۔ سن دو ہزار بیس میں ہونے والی پہلی کانفرنس کا مقصد لیبیا میں بیرونی ممالک کی مداخلت کو ختم کرنا تھا تاہم ایسا ابھی تک ممکن نہیں ہوسکا۔ البتہ امن کوششوں کی وجہ سے لیبیا میں جنگ بندی اور ایک عبوری حکومت قائم ہو چکی ہے۔

[pullquote]یونان پر مہاجرین کے حوالے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام[/pullquote]

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یونانی حکام پر مہاجرین کی جبری واپسی اور ان کے ساتھ باقاعدہ ناروا سلوک کا الزام عائد کیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق یونان کے سرحدی عہدے داروں نے پناہ کے متلاشی افراد کو زبردستی اور غیر قانونی طور پر ترکی واپس بھیجنے کے لیے گرفتار کیا۔ ایمنسٹی کے مطابق یونان کے سرحدی علاقوں میں اس طرح کی پرتشدد کارروائیاں معمول کا حصہ بن چکی ہیں۔ ایمنسٹی نے یورپی یونین کی سرحدی ایجنسی فرونٹیکس سے مطالبہ کیا کہ وہ یونان میں اپنا کام معطل کر دے۔

[pullquote]امریکا میں ایرانی حکومت سے منسلک درجنوں نیوز ویب سائٹس پر پابندی[/pullquote]

امریکی محکمہ انصاف نے ایرانی حکومت سے منسلک درجنوں ایسے خبر رساں اداروں کی ویب سائٹوں کو بند کر دیا ہے، جن پر غلط معلومات پھیلانے کا الزام ہے۔ جن ویب سائٹس کو بند کیا گیا ہے، ان میں ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی اور ایرانی عربی نیوز سروس العالم کی ویب سائٹ بھی شامل ہیں۔ اس کارروائی کے تحت یمن میں حوثی باغیوں سے وابستہ ویب سائٹ المصیرہ بھی بند کر دی گئی ہے۔ تاہم اس کارروائی کے کچھ دیر بعد ہی ان میں سے کئی ویب سائیٹس نے ڈومین ایڈرس کی تبدیلی کے ساتھ دوبارہ کام کرنا شروع کر دیا۔ ایران نے اس امریکی اقدام کو آزادی اظہار کو دبانے کی ایک کوشش قرار دیا ہے۔

[pullquote]اسپین، کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنماؤں کے لیے عام معافی کا اعلان[/pullquote]

ہسپانوی خطے کاتالونیا کے علیحدگی پسند رہنماؤں کو معافی دینے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان رہنماؤں نے سن دو ہزار سترہ کے بعد اسپین سے آزادی حاصل کرنے کے لیے درجنوں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا تھا۔ اس متنازعہ فیصلے سے پہلے ہسپانوی وزیراعظم کا کابینہ کے اجلاس میں کہنا تھا کہ ہم آہنگی اور بقائے باہمی کی بحالی کے لیے یہ اقدام ضروری ہے۔ سن دو ہزار سترہ میں غیرقانونی ریفرنڈم کروانے اور اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں کاتالونیا کے نو علیحدگی پسند رہنماؤں کو سن دو ہزار انیس میں جرمانے کے ساتھ ساتھ نو سے تیرہ برس قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔

[pullquote]ایران: خلا میں سیٹلائٹ بھیجنے کی کوشش ناکام، رپورٹ[/pullquote]

نیوز ایجنسی اے پی کی رپورٹوں کے مطابق ایران کی وہ کوشش ناکام ہو گئی ہے، جس کا مقصد ایک سیٹلائٹ کو راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجنا تھا۔ ایران مغربی ممالک اور اسرائیل کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے اپنے خلائی پروگرام کو وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ ناکام کوشش صوبہ سمنان میں رواں ماہ کے آغاز پر کی گئی تھی۔ دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا میں ایسی ناکامی کی کوئی رپورٹ شائع نہیں کی گئی۔ رپورٹوں کے مطابق ایران مستقبل قریب میں مزید ایسی ہی ایک کوشش کرنے کی تیاریوں میں ہے۔ ایران میں پاسداران انقلاب بھی اپنا ایک خفیہ اسپیس پروگرام جاری رکھے ہوئے ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے