ایوی ایشن کی تاریخ میں ناقابل تسخیر کارنامہ سر انجام دینے والا پاکستانی ہیرو

ایم۔ایم۔ عالم کا پورا نام محمد محمود عالم ہے۔ پاک بھارت جنگ 1965ء کے نامور پاکستانی جنگی ہوا باز جنھوں نے 7 ستمبر 1965ء کو پانچ بھارتی طیارے ایک منٹ سے کم وقت میں مار گرائے۔ یہ گنیز بک ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ایک منٹ میں سب سے زیادہ طیارے مار گرانے کا ریکارڈ ہے۔

ستمبر 1965ء کی جنگ میں پاکستان کی ناقابل فراموش فتح نےجہاں دشمن سمیت عالمی دنیا کو بھی اپنی بہادری و جرأت کا پیغام دیا، وہیں ایم ایم عالم نے ایک منٹ کے اندر سب سے زیادہ لڑاکا طیارے مار گرانے کا جنگی ہوابازی کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اس ریکارڈ کے بعد انھیں’’ لٹل ڈریگن‘‘کا لقب بھی دیا گیا اور ان کا نام تاریخ میںامر ہوگیا۔

محمد محمود عالم نے 6جولائی 1935ء کو کلکتہ کے ایک تعلیم یافتہ مذہبی گھرانے میں آنکھیں کھولیں۔ انھوں نے ثانوی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول ڈھاکہ سےحاصل کی، قیام پاکستان کے بعد آپ کے والدین پاکستان منتقل ہوگئے۔ فرسٹ ایئر کے دوران پائلٹ بننے کا شوق اٹھا اور 1952ء میں روایتی تعلیم کو خیر باد کہتے ہوئے پاک فضائیہ میں شمولیت اختیار کر لی اور 2اکتوبر 1953ء کو پاکستان ائیر فورس میں بطور لڑاکا ہواباز کمیشن حاصل کیا۔

1965ء کی جنگ کے مذکورہ بے مثال جرات اور بہادری سے بھرپور کارنامے پر ایم ایم محمد محمود عالم کو ستارہ جرات سے نوازا گیا۔ایک ایسا عظیم ہیرو جس نے ایک منٹ میں دشمن کے 5 ہنٹر طیاروں کو نیست و نابود کیا، آج تک ایوی ایشن کی تاریخ میں ناقابل تسخیر کارنامہ ہے۔

میانوالی کا ایئر فورس بیس بھی اقبال کے اسی عظیم شاہین کے نام پر رکھا گیا ہے، صرف یہ ہی نہیں لاہور کی مشہور روڈ بھی ایم ایم عالم کے نام سے منسوب ہے۔
طویل عرصے تک علیل رہنے کے بعد 18 مارچ 2013ء کو پھیپھڑے کے مرض سے کراچی میں ان انتقال ہوا۔

7ستمبر کے اس تاریخ ساز معرکے سے متعلق اپنی وفات سے قبل دیے گئے ایک انٹرویو میں ایم ایم محمد محمود عالم کا کہنا تھا کہ’’ پانچ جہاز مار گرانا میں سمجھتا ہوں ایک معجزہ تھا۔ اللہ نے مجھے موقع دیا ور نہ ہوتا یہ ہے کہ جہاز پر واز کر کے چلے جاتے ہیں، دس دفعہ مڈبھیڑ ہو تو اس میں ایک دویا زیادہ سے زیادہ تین جہاز گرالیے جاتے لیکن اکٹھے پانچ جہاز، میں سمجھتا ہوں اللہ نے میرا جذبہ دیکھتے ہوئے مجھے یہ اعزاز بخشا‘‘۔

ان کے اس کارنامے کو پاکستان کی فضائی جنگوں کی تاریخ میں بھی ایک معجزہ تصور کیا جاتا ہے۔ ایم ایم عالم کا کارنامہ پاک فضائیہ کا ایک سنہرا باب ہے۔ ان کی ہمت، جرأت اور بہادری کے پیشِ نظر انھیں ستارہ جرأ ت سے نوازا گیا۔اس شاہین کی مثالیں رہتی دنیا تک دی جاتی رہیں گی اور ان کا تاریخ ساز کارنامہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے