پیر : 16 اگست 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کسی سے بدلہ نہیں لیا جائے گا، ملا بردار[/pullquote]

پیر کے دن کابل شہر میں طالبان نے گشت کرنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ شب صدر اشرف غنی کے ملک چھوڑ دینے کے بعد ان جنگجوؤں نے اپنی جیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام کو خوفزدہ نہيں ہونا چاہيے۔ طالبان کے شریک بانی ملا بردار غنی نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں مغربی ممالک کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ایسے کسی شخص سے بدلہ نہیں لیں گے، جس نے گزشتہ بیس برسوں کے دوران امریکی اتحادی افواج کے ساتھ تعاون کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سب کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔ تاہم افغان عوام میں اس بیان کے حوالے سے شکوک و شبہات پائے جا رہے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں جرمن فوجی تعینات کرنے کا منصوبہ[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی حکومت منصوبہ بنا رہی ہے کہ افغانستان سے جرمن اور ایسے افغان شہریوں کے انخلا کو ممکن بنانے کے لیے فوج تعینات کی جائے، جنہیں طالبان سے خطرہ ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پارلیمانی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس حوالے سے ایک مینڈیٹ کی منظوری کی کوشش کی جا رہی ہے۔ برلن حکومت کا اندازہ ہے کہ کم ازکم دو ہزار افغانوں کو ملک سے نکالنے کی ضرورت ہے، جن میں زیادہ تر ایسے لوگ ہیں، جنہوں نے افغان جنگ میں جرمن سفارتکاروں اور فوجیوں کے ساتھ تعاون کیا تھا۔

[pullquote]ترکی میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد ستر ہو گئی[/pullquote]

ترکی میں سیلابوں کی وجہ سے ہلاک شدگان کی تعداد ستر ہو گئی ہے جبکہ سینتالیس افراد ابھی تک لاپتا ہیں۔ ترک بھیرہ اسود کے کنارے آباد علاقوں میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارش کے بعد سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی تھی۔ صوبہ کاستامونو میں ساٹھ افراد ہلاک ہوئے جبکہ دیگر نو افراد سنوپ اور بارٹین میں ہلاک ہوئے۔ محکمہ موسمیات نے متاثرہ علاقوں میں مزید بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔

[pullquote]آسٹریلوی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کورونا کیسز کا نیا ریکارڈ[/pullquote]

آسٹریلیا کی گنجان آباد ترین ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کورونا وائرس کے ریکارڈ کیس نوٹ کیے گئے ہیں۔ پیر کے دن حکام نے بتایا کہ چوبیس گھنٹوں میں چار سو اٹھہتر نئے کیس ریکارڈ کیے گئے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد سات رہی۔ اس سے قبل اس ریاست میں ایک دن میں زیادہ سے زیادہ کیسوں کی تعداد چار سو چھیاسٹھ تھی۔ ان نئے کیسوں کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں دو ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے جبکہ رات نو بجے تا صبح پانچ بجے کا کرفیو بھی لگا دیا گیا ہے۔

[pullquote]ہیٹی میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد بارہ سو سے متجاوز[/pullquote]

ہیٹی میں آنے والے طاقت ور زلزلے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد تقریبا تیرہ سو ہو گئی ہے۔ اس کیریبین ریاست میں امدادی اور ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہیں جبکہ غیر ملکی امداد پہنچنا بھی شروع ہو گئی ہے۔ ہفتے کے دن سات اعشاریہ دو شدت کے ايک زلزلے کے نتیجے میں تقریباً چودہ ہزار عمارات منہدم ہو گئیں جبکہ اتنی ہی متاثر ہوئیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس قدرتی آفت کی وجہ سے تقریباً چھ ہزار افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ لاپتہ ہونے والوں کی تعداد غیر واضح ہے۔ ریسکیو آپریشن جاری ہيں اور ملبے تلے دبے لوگوں کو زندہ نکالنے کی امیدیں آہستہ آہستہ دم توڑتی جا رہی ہیں۔

[pullquote]اسرائیلی فورسز کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں چار فلسطینی مارے گئے[/pullquote]

اسرائیلی فورسز کے ساتھ خونریز جھڑپوں میں چار فلسطینی مارے گئے ہیں۔ فلسطینی میڈیا نے پیر کے دن بتایا کہ یہ واقعہ مغربی کنارے میں واقع جنین مہاجر کیمپ میں رونما ہوا۔ ویسٹ بینک میں تعینات اسرائیلی بارڈر پولیس نے بتایا کہ ایک سرچ آپریشن کے دوران اس کے اہلکاروں پر اچانک فائرنگ ہوئی جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ایک مشتبہ شخص کی تلاش کے ليے جاری آپریشن کے دوران یہ واقعہ رونما ہوا۔

[pullquote]ملائیشیا کے وزیر اعظم کابینہ سمیت مستعفی[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر اعظم محی الدین یاسین کی کابینہ نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پیر کے دن وزیر سائنس نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں لکھا کہ استعفیٰ ملکی بادشاہ کو جمع کروا دیا گیا ہے۔ حالیہ مہینوں میں اکثریت سے محروم ہونے والے یاسین کو سیاسی مشکلات کا سامنا تھا، جس کے باعث انہیں اقتدار سے الگ ہونا پڑا۔

[pullquote]طالبان کی پیش قدمی حیران کن رہی، امریکی انتظامیہ[/pullquote]

امریکی انتظامیہ نے اعتراف کر لیا ہے کہ افغان طالبان نے جس رفتار سے پیش قدمی کی ہے وہ ناقابل یقین ہے۔ اتوار کے دن طالبان کابل میں بھی داخل ہو گئے جبکہ صدر اشرف غنی خونریزی کے خوف سے تاجکستان روانہ ہو گئے۔ طالبان نے اپنی جیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تشدد نہیں چاہتے۔ اب کوشش ہے کہ افغانستان میں اقتدار کی پرامن منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ اس مقصد کے لیے ایک کونسل بنا دی گئی ہے، جو شراکت اقتدار کو ممکن بنانے کی کوشش میں ہے۔ گزشتہ رات طالبان کے اہلکار کابل میں واقع صدر دفتر میں بھی دیکھے گئے۔

[pullquote]انڈونیشیا کے ماؤنٹ میراپی میں آتش فشانی[/pullquote]

انڈونیشیا کے فعال آتش فشاں ماؤنٹ میراپی میں سرگرمی کی وجہ سے قریبی علاقوں میں راکھ کے بادل چھا گئے ہيں۔ پیر کے دن اس پہاڑ سے لاوا نکلا جو ساڑھے تین کلومیٹر دور تک پھیل گیا۔ حکام نے بتایا ہے کہ احتیاطی تدابیر کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس پہاڑ میں سن دو ہزار دس میں آتش فشانی کے نتیجے میں تین سو چالیس افراد ہلاک جبکہ ساٹھ ہزار بے گھر ہو گئے تھے۔ انڈونیشیا جغرافیائی لحاظ سے ’پیسفک رنگ آف فائر‘ پر واقع ہے، جہاں ایک سو اٹھائیس فعال آتش فشاں پہاڑ واقع ہیں۔

[pullquote]کابل سے غیر ملکی سفارتی عملے کا انخلا بدستور جاری[/pullquote]

سعودی عرب نے افغان دارالحکومت کابل میں واقع اپنے سفارت خانے سے اپنے عملے کو واپس بلوا لیا ہے۔ ریاض حکومت نے کہا ہے کہ کابل میں بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں احتیاطی طور پر سفارتی عملے کو وہاں سے نکالا گیا ہے۔ اسی طرح جرمنی اور امریکا سمیت دیگر مغربی ممالک بھی کابل سے اپنے اپنے شہریوں اور سفارتی عملے کو نکالنے کے ہنگامی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ خصوصی جرمن فوجی طیارے بھی جرمن شہریوں اور مقامی پارٹنرز کو کابل سے نکالنے کا عمل شروع کر چکے ہیں۔

[pullquote]کابل کے ہوائی اڈے پر فائرنگ، مقصد ہجوم کو قابو میں لانا تھا[/pullquote]

پیر کے دن بھی کابل کے بین الاقوامی اڈے پر افراتفری کا عالم برقرار رہا جب کہ ہجوم کو منتشر کرنے کی خاطر امریکی فوج نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ بتایا گیا ہے کہ ہوائی فائرنگ کا مقصد ہجوم کو قابو میں لانا تھا۔ طالبان کے کابل میں داخل ہونے کے بعد اتوار کے دن ہی شہریوں کی ایک بڑی تعداد ملک سے فرار ہونے کی خاطر ایئر پورٹ پر جمع ہونا شروع گئی تھی، جس کی وجہ سے ایئر پورٹ پر انتشار کی سی کیفیت دیکھی گئی۔ کابل کے ہوائی اڈے پر مسافر پروازیں معطل ہیں جبکہ صرف فوجی طیارے انخلاء کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے